سب کو سینے سے لگاؤ دن ہے عید الفطر کا

Spread the love

از:محمد شمیم احمدنوری مصباحی سب کو سینے سے لگاؤ دن ہے عیدالفطر کا

سب کو سینے سے لگاؤ دن ہے عیدالفطر کا

’’ عید الفطر‘‘ کا لفظ دو لفظوں “عید” اور “الفطر” سے مرکب ہے۔ اس کی تشریح اس طرح ہے کہ عید کا مادہ سہ حرفی ہے اور وہ ہے “عود” عاد یعود عوداً وعیاداً کا معنی ہے لوٹنا، پلٹنا، واپس ہونا ، پھر آنا-

چوں کہ یہ دن ہر سال آتا ہے اور اس کے لوٹ آنے ‘سے اس کی فرحت و مسرت اور برکت و سعادت کی گھڑیاں بھی اس کے ساتھ لوٹ آتی ہیں اس لیے اس روز سعید کو “عید” کہتے ہیں۔

فطر کے معنیٰ کسی کام کو از سرنو یا پہلی بار کرنے کے ہیں:رات بھر کی نیند اور سکون و آرام کے بعد انسان صبح کو اٹھ کرجس مختصر خوراک سے اپنے دن کا آغاز کرتا ہے اسے “فطور” کہتے ہیں۔

اسی طرح ماہ صیام میں سحری سے غروب آفتاب تک بن کھائے پیے رہنے کے بعد روزہ پورا کرکے روزہ دار کی بھوک مٹانے اور پیاس بجھانے کو افطار کہا جاتا ہے- مہینے بھر کے روزوں کا فریضہ مسلمان سر انجام دینے کی خوشی میں یکم شوال المکرم کو حسب حیثیت عمدہ و لذیذ کھانے اور میٹھے پکوان پکاتے ہیں

اور اسلامی برادری کے ان افراد کو بھی صدقۂ فطر ادا کرکے اچھے کھانے پکانے کے قابل بناتے اور اپنی خوشیوں میں شریک کرتے ہیں جو اپنی ناداری و افلاس کے باعث اچھے کھانے پکانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ تیس روزوں کے بعد حسب معمول کھانے پینے کا از سرنو آغاز کرنے اور صدقۂ فطر کی ادائیگی کی بنا پر اس عید کو عید الفطر کہتے ہیں۔

عید کا تصور اتنا ہی قدیم ہے جتنی انسانی تاریخ ۔ تاریخ کا کوئی دور ایسا نہیں جو عید کے تصور سے آشنا نہ ہو،قدیم تاریخی کتب کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ تمدن دنیا کے آغاز کے ساتھ ہی عید کا بھی آغاز ہو گیا تھا۔

ایک روایت ہے کہ جس روز حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی، اس روز دنیا میں پہلی بار عید منائی گئی تھی۔ دوسری بار عید اس وقت منائی گئی تھی جس روز ہابیل اور قابیل کی جنگ کا خاتمہ ہوا تھا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قوم نے اس روز عید منائی تھی جس روز حضرت ابراہیم علیہ السلام پر نمرود کی آگ گلزار ہوئی تھی۔ حضرت یونس علیہ السلام کی امت اس روز عید مناتی تھی جس روز حضرت یونس کو مچھلی کی قید سے رہائی ملی تھی۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی قوم اس روز عید مناتی تھی، جس روز حضرت موسیٰ نے بنی اسرائیل کو فرعون کے مظالم سے نجات دلائی تھی۔ حضرت عیسیٰ کی امت آج تک اس یوم سعیدکوعید مناتی ہے۔ جس روز حضرت عیسیٰ کی ولادت ہوئی۔

دنیا کی تقریباً سبھی قوموں میں تہوار منانے کا رواج ہے اور ہرمذہب کے لوگ اپنی روایت کے مطابق تہوار مناتے ہیں، اسلامی تہوار دوسرے مذاہب کے تہواروں سے بالکل مختلف اور جداگانہ نوعیت کے ہیں،اور ہمارے نبی کریمﷺ جب مدینہ میں ہجرت کر کے تشریف لائے تو وہاں کے لوگ چھوٹے چھوٹے تہواروں کے علاوہ نو روز کا جشن اور کچھ بڑے بڑے بتوں کی پوجا کا تہوار بھی مناتے تھے حضور ﷺ نے ان باتوں کو سخت نا پسند فرمایا اور اللہ تبارک وتعالیٰ سے اپنی امت کے لئے دعا فرمائی اور دوعیدیں مسلمانوں کے لیے مقرر کر وا لیں، جب پہلی بار مسلمانوں پر روزے فرض ہوئے تو تاریخ اسلام کے اس پہلے رمضان المبارک میں حضور ﷺ نے مدینہ کے انصار کو مخاطب کر کے فرمایا کہ ہر قوم کے لئے عید ہوتی ہے تم بھی عیدیں مناتے تھے، اللہ تعالیٰ نے تمہاری عیدوں کو ان دو عیدوں سے بدل دیا ہے۔ اب تم ہر سال شان سے عیدالفطر اور عیدالا ضحیٰ منایا کرو۔

چناں چہ مسلمانوں نے اپنے پیارے رسول ﷺ کے اس ارشاد کی تعمیل میں یکم شوال دو ہجری کو پہلی بار عید منائی، عید الفطر حقیقت میں مسلمانوں کی خوشی اور مسرت کا وہ محبوب دن ہے، جو سال بھر میں صرف ایک مرتبہ انہیں نصیب ہوتا ہے۔ایک ماہ مسلسل اللہ کی عبادت کا فریضہ ادا کر کے مسلمان اپنے دل میں مسرت اور خوشی محسوس کرتے ہیں۔ ان کے قلب میں ایمان کی روشنی پیدا ہوتی ہے۔ اور ان کے دل اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ روزے رکھ کر انہوں نے اللہ تبارک وتعالیٰ کی خوشنودی حاصل کر لی ہے۔ جس کا نتیجہ ہے کہ ہر سال مسلمان چھوٹا بڑا امیر غریب مرد عورت غرض ہر شخص رمضان المبارک کے اختتام پر بڑے تزک واحتشام سے عید الفطر مناتے ہیں۔

عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر جو آپس میں کسی وجہ سے ناراض ہیں ان کو ایک دوسرے سے صلح کر لینی چاہیے اور بروز عید ایک دوسرے سے بغل گیر ہونا چاہیے۔ عید کے دن دل میں کوئی رنجش نہ رکھیں کیونکہ عید آتی ہے اور خوشیاں دے کر چلی جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے “اور جب انسان اللہ کے فضل اور اس کی رحمت سے سرفراز ہو تو اسے چاہیے کہ وہ خوب خوشیاں منائے” عید کے دن مسلمانوں کی مسر ت اور خوشی کی وجہ صرف یہ ہے کہ انہوں نے اپنے خدا کے احکامات کی ایک ماہ تک سختی سے تعمیل کی اور اس تعمیل کے بعد خوش و مسرور رہتے ہیں،

حضرت ابوہریرہ روایت کرتے ہیں، کہ عیدالفطر کے دن حضور میدان میں نماز ادا فرماتے نماز کی ادائیگی کے بعد لوگوں سے ملاقات کرتے گلے ملتے پھر واپس گھر آجاتے۔ لہٰذا آپ بھی خوب خوشیاں منائیں نئے کپڑے نئے جوتے خریدیں اور بڑوں سے عیدی بھی لیں اور چھوٹوں کو عیدی بھی دیں لیکن اس کے ساتھ ہی ہماری ذمہ داری یہ بھی ہے کہ اس خوشی کے موقع پر اپنے غریب مسلمان بھائیوں کو بھی نہ بھولیں، حسب توفیق انہیں بھی اپنی عید کی خوشیوں میں ضرور شریک کریں۔عید اصل میں دوسروں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا ہی نام ہے یا دوسروں کی خوشیوں میں شریک ہونے کا نام ہے۔

یہ عید تیرے واسطے خوشیوں کا نگر ہو

کیا خوب ہو ہر روز تیری عید اگر ہو

اسلام کا کوئی حکم بھی حکمت سے خالی نہیں اور پھر عموماً رمضان المبارک کے مبارک مہینے میں زکٰو ۃ نکالی جاتی ہے یعنی امیر لوگ غریبوں کو دینے کے لئے ضرورت مندوں کی مددکرنے کے لیے اپنی جمع پونجی (آمدنی)میں سے اسلامی قوانین کے مطابق کچھ رقم نکالتے ہیں اور غریبوں میں اس طرح تقسیم کرتے ہیں کہ بہت سے غریب گھرانوں اور حاجت مندوں میں کھانے پینے کی چیزیں اور پہننے کے لئے کپڑے خرید لئے جاتے ہیں اور یوں سب عید کی خوشیوں میں شامل ہو جاتے ہیں۔ اسی ماہ صدقۂ فطر دیا جاتا ہے-

اگر ہمارے پڑوس میں خاندان میں غربت وافلاس کی وجہ سے کوئی عید کی خوشیوں میں شامل نہیں ہو سکتا تو اس کی مدد کرنے سے ہی عید کی دلی خوشیاں ملیں گی ، جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ مہنگائی نے عوام میں سے اکثریت کی زندگی مشکل کر دی ہے ہم کو چاہیے خاص طور پر ان مسلمانوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں جن کو ایک وقت کی روٹی بھی نصیب نہیں ہوتی تا کہ وہ غریب مسلمان بھی مسرتوں اور خوشیوں کا تھوڑا سا حصہ حاصل کر سکیں اور ویسے بھی ایک غریب مسلمان کی خوشی کے موقع پر بے لوث مدد اور خدمت کرنے سے جو روحانی خوشی حاصل ہوتی ہے وہ لازوال ہوتی ہے۔ اور ایسی مدد کرنے پر خدا اور رسول ﷺ بھی خوش ہوتے ہیں اور اگر ہو سکے تو اوائل رمضان میں ہی ان کی مدد کر دیں تاکہ وہ اپنے بچوں کے لیے کپڑے خرید سکیں ،یہ ہمارا ان پر کوئی احسان نہیں ہے بلکہ اللہ کی طرف سے ہم پر فرض ہے ۔ اللہ نے اگر ہم کو مال ودولت سے نوازا ہے تو ہماری ذمہ داری بھی بنتی ہےکہ ہم اللّٰہ کے عطاکردہ مال سے اپنے ان بھائیوں کی بھی ضرورتوں کی تکمیل کرنے کی کوشش کریں جو اس کے مستحق ہیں

 

اصل عید کیا ہے؟

رمضان کی ایک مہینے کا روزہ رکھنے کے بعد دو رکعت شکرانہ کے طور پر نماز عید ادا کی جاتی ہے یہ اس بات کی خوشی کا نام ہے کہ ہم نے اللہ کے فریضہ کو ادا کرلیا [ذٰلک فضل اللہ] اللہ تعالی نے جو انعام اس پر عطا کرنے کا وعدہ فرمایا ہے ہم اس پر خوش ہیں، اللہ کے حکم کی پاسداری پر خوش ہیں، رمضان کا احترام بجا لانے پر خوش ہیں، اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ رمضان میں ہر طرح کے گناہوں سے بچایا، رمضان کے شب و روز کو ذکر و تلاوت، دعا و استغفار، صدقہ و خیرات غرباء پر کرنے اور گناہوں سے اجتناب کی توفیق عطا ہوئی

رمضان درس تقویٰ ہے،حق تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ رمضان اور اس کے اعمال کی برکت سے ظاہر و باطن کا تقویٰ حاصل ہو اور گیارہ مہینے رمضان کے سبق کے ذریعہ اہتمام تقویٰ پر قوت اور توفیق ملتی رہے، اور پھر بار بار ماہ مبارک ملتا رہے تاکہ تقویٰ میں نکھار پیدا ہوتا رہے- ہماری عید تو اللہ کی مرضیات پر قربان ہونے میں ہے، ہماری عید رمضان کے پورے ہونے پر فطرہ کی ادائیگی،غرباء کو عید کے دن خوش رکھنے میں ہے، ہماری خوشی اس میں ہے کہ امیر غریب سب عید اچھے کپڑے میں ادا کریں، ہماری عیداس میں ہے کہ یتیم، بیوہ، غریب،مسکین سب خوشی میں شریک رہیں

سب کے گھر خوشی کے کھانے پکیں اور سب کے گھر خوشی کے گیت گائے جائیں، ہماری خوشی اس میں ہے کہ شب عید میں “عتق من النار” کا فیصلہ سب لوگ سن لیں، ہماری خوشی اس میں ہے کہ ہم میں سے ہر ایک عید گاہ “الله اکبر الله اکبر لا اله الا الله والله اکبر الله اکبر ولله الحمد” کا ترانہ عید میں اپنے من میں اور آہستہ گنگناتا جائے اور عیدالاضحیٰ میں بآواز بلند گاتا جائے اور ایک راستہ سے جائے اور دوسرے راستہ سے واپس آئے اس میں خوشی میں مچلنا بھی ہے اور دونوں راستوں کو گواہ بنانا بھی ہے- اسی لیے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:”ھٰذا عیدنا”

ہماری عید آپے سے باہر ہونے کا نام نہیں ہے- ہماری عید ظلم و ستم کی غماز نہیں ہے، ہماری عید کسی پر کیچڑ اچھالنے کا نام نہیں ہے، ہماری عید تو باربار خوشی کے لانے اور لوگوں کو بار بار خوش کرنے کا نام ہے-آپس میں اگر کچھ دوری بھی رہی ہو تو قرب سے بدل جائے، دشمنی دوستی سے بدل جائے،بےوفائی وفاداری سے بدل جائے-

عید کے دن اللہ تعالیٰ کی طرف سے بڑا خوش کن اعلان ہوتا ہے بیہقی شریف کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب لوگوں کی عید یعنی افطار[عیدالفطر] کا دن ہوتا ہے تو اللہ تعالی فرشتوں کے سامنے اظہار فخر کرتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے کہ اے میرے فرشتو! اس مزدور کا کیا بدلہ ہے جس نے اپنا کام پورا کر دیا؟ فرشتے عرض کرتے ہیں اے ہمارے رب! اس کا بدلہ یہ ہے کہ اس کی مزدوری پوری پوری دے دی جائے، تو اللہ تعالی فرماتا ہے:

اے میرے فرشتو! میرے بندوں اور میری بندیوں نے میرا فریضہ جو ان کے ذمہ تھا پورا کردیا پھر فریاد کرتے ہوئے دعا کرتے ہوئے نکل پڑے ہیں، میری عزت وجلال اور میرے کرم اور میری علو شان اور میرے مقام کی بلندی کی قسم میں ان کی فریاد اور دعا ضرور سنوں گا اور ان کی دعا ضرور قبول کروں گا، اس کے بعد اللہ تعالی اپنے فرشتوں کو خطاب کرتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے “ارجعوا قد غفرتُ لکم وبدّلتُ سیّئاتکم حسنات” لوٹ جاؤ میں نے تم سب کی مغفرت کر دی اور تمہارے گناہوں کو نیکیوں میں تبدیل کر دیا چنانچہ بندے عید کی نماز پڑھ کر واپس ہوتے ہیں تو ان کی مغفرت ہو چکی ہوتی ہے

ایک گنہگار بندے کی سب سے بڑی ضرورت اور حاجت اس کی معافی اور مغفرت ہے جس کا اعلان عید کے روز جاتا ہے، اب سنبھلنے کی ضرورت ہے کیوں کہ کسی نعمت کو حاصل کرنے کے بعد اس کی حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے

آج ہمارے معاشرے میں کیا چل رہا ہے؟عید کی نماز سے فراغت کے بعد جہاں تقویٰ اور اعمال صالحہ میں روزافزوں ترقی ہونی چاہییے تھی،مسلمان بالخصوص ہمارا نوجوان طبقہ پلٹ کر گناہوں میں ملوث ہونے لگتاہے،شراب،جوا،بدچلنی،بدفعلی،زنا،بدنگاہی،بدزبانی،فسق وفجور،نماز سے لاپرواہی،تلاوت سے غفلت، اضاعتِ حقوق اور مختلف قسم کے معاصی کادروازہ پلٹ کر کھول دیتا ہے اور رمضان وروزہ کا سکھایا ہوا سبق بھول جاتا ہے-

عید الفطر خوشی کا دن:

عیدالفطر دراصل بہت سی خوشیوں کا مجموعہ ہے۔ ایک رمضان المبارک کے روزوں کی خوشی، دوسری قیام شب ہائے رمضان کی خوشی، تیسری نزول قرآن، چوتھی لیلۃ القدر اور پانچویں اللہ تعالیٰ کی طرف سے روزہ داروں کے لئے رحمت و بخشش اور عذاب جہنم سے آزادی کی خوشی۔ پھر ان تمام خوشیوں کا اظہار صدقہ و خیرات جسے صدقۂ فطر کہا جاتا ہے، کے ذریعے کرنے کا حکم ہے تاکہ عبادت کے ساتھ انفاق و خیرات کا عمل بھی شریک ہو جائے۔ یہی وہ وجوہات ہیں جن کی بناء پر اسے مومنوں کے لئے ’’خوشی کا دن‘‘ قرار دیا گیا- اور عیدکے دن روزہ رکھنا جائز نہیں ہے کیونکہ حضور نبی اکرم ﷺ نے عید کے دن روزہ رکھنے سے منع فرمایا ہے۔ جیساکہ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں:نَهَی رَسُوْلُ اللهِ ﷺ عَنْ صِيَامِ يَوْمَيُنِ: يَوْمِ الْفِطْرِ وَ يَوْمِ الْاَضْحَی. ’’حضور نبی اکرم ﷺ نے دو دنوں فطر اور اضحی کے دن روزہ رکھنے سے منع فرمایا۔‘‘(ابو داؤد، السنن، کتاب الصيام، باب فی صوم العيدين، 2: 314، رقم: 2417)

چاندرات کی فضیلت:

چاندرات بڑی اہمیت وفضیلت کی حامل رات ہے،اسے “لیلة الجائزہ” بھی کہاجاتا ہے،مسلمانوں نے رمضان کا پورا مہینہ روزہ رکھ کر حکم خداوندی کو سرانجام دیا-ان کا یہ پاکیزہ عمل مکمل ہوگیا تو آج کی رات ان کے انعام کی رات ہے

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ “جب عیدالفطر کی رات ہوتی ہے تو اس کانام “لیلة الجائزہ” [یعنی انعام حاصل کرنے والی رات] رکھاجاتاہے-(شعب الایمان للبیہقی ج/5 ص/278 رقم الحدیث:3421)

اس لیے اس رات کو فضولیات میں ضائع نہیں کرناچاہییے بلکہ اس کی برکات، رحمتوں اور من جانب اللہ مغفرت کو حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہییے-اس رات کی اہمیت وفضیلت پر چندروایات

ملاحظہ کریں!

★حضرت ابوامامہ باہلی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جس شخص نے عیدین کی راتوں میں اجر وثواب کی امید رکھتے ہوئے قیام کیا[یعنی عبادات کوسرانجام دیا]تو اس کادل اس دن مردہ نہیں ہوگا جس دن سب کے دل مردہ ہوجائیں گے-(سنن ابن ماجہ رقم الحدیث:1772)

★حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما فرماتے ہیں کہ پانچ راتیں ایسی ہیں جن میں کی جانے والی دعاکو رد نہیں کیا جاتا- 1…جمعہ کی رات،2…رجب کی پہلی رات،3…شعبان کی پندرہویں رات،4…عیدالفطر،5… اور عیدالاضحیٰ کی دو راتیں

ان روایات اور دیگر کئی روایات کے پیش نظر محدّثین نے اس رات کی عبادت کو خاص طور پر ذکر کیا ہے-

لہٰذا اس رات کی اہمیت کے پیش نظر اس رات زیادہ سے زیادہ عبادت،ذکرواذکار اور درود شریف کاورد کرناچاہییے اور اگر زیادہ عبادت وریاضت نہ کرسکیں تو کم ازکم فسق وفجور اور لایعنی کاموں میں تو نہ پڑیں،عشاء کی نماز باجماعت مسجد میں اداکرکے آرام کریں اور صبح جلدی اٹھ کر نمازتہجد اداکریں اور پھر نماز فجر باجماعت اداکریں-اللّٰہ کی رحمت سے امید ہے کہ وہ آپ کو پوری رات عبادت کاثواب عطافرمائےگا،اس طریقے سے گناہوں سے حفاظت بھی رہےگی اور ثواب بھی ملےگا [ان شاء اللہ تعالیٰ]

اس رات یہ کام کریں:

چاند رات ،عید الفطر کی تیاری اور اسے منانے کے حوالے سے ہمیں اسلامی تعلیمات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔چاند رات دراصل عبادت اور فضیلت کی رات ہے۔اس رات رمضان رخصت ہوجاتا ہے اور اللہ تعالی ’مزدور‘ کو اس کی ’ مزدوری‘ دیتا ہے،ہمیں اپنا محاسبہ کرنا چاہیے کہ ہم نے ایک مہینہ میں کیا کھویااورکیا پایا؟

رمضان المبارک کی برکتوں اور رحمتوں سے خود کواور اپنے اہل و عیال کو جہنم سے محفوظ رکھنے کی کوشش کی یا نہیں؟اللہ تعالیٰ سے اپنی مغفرت کرا ئی یا نہیں؟اس لیے ہمیں اس رات اپنے اعمال کا جائزہ لینا چاہیے اور مغفرت اور دعاؤں کا خصوصی اہتمام کرنا چاہیے یا کم از کم ایسے اعمال انجام نہیں دینے چاہیے جو اللہ تعالی کے غضب کو دعوت دیتے ہوں ۔

مگر عموماً معاملہ اس کے بر عکس ہوتا ہے

عید کی رات کو مندرجہ ذیل چندامور انجام دینے کی کوشش کرنی چاہیے!

(1)نوافل پڑھنا…

(2)قرآن مقدس کی تلاوت کرنا…

(3)صدقہ وخیرات کرنا…

(4)دعاؤں کااہتمام کرنا…

(5)ذکرواذکار اور درود شریف کا ورد…

(6)توبہ واستغفار اور اپنے گناہوں سے بصدق دل معافی مانگنا…

(7)امت مسلمہ کی بھلائی وعافیت کی دعا کرنا…

(8)رشتہ داروں سے نیک سلوک کرنا…

(9)اگر کسی کی حق تلفی ہوگئی ہو تو اس سے معافی مانگنا…

(10)اگر کسی نے ظلم وزیادتی کی ہو تو اسے معاف کرنا…

(11)آپسی نااتفاقی کو دور کرکے اتفاق واتحاد اور صلح وآشتی کے فضا کوقائم کرنے کی کوشش کرنا-

چاند رات کی جس قدر اہمیت ہے لوگ اس کا خیال نہیں رکھتے ،اس رات کو عموماً عبادات کے بجائے فضولیات ولغویات میں ضائع کردیتے ہیں،جب کہ ایک مسلمان کی یہ شان ہونی چاہییے کہ وہ نیکیوں کوجمع کرنے میں ہی حتی الامکان مصروف عمل رہے،کچھ بعید نہیں کہ اس رات کی ہماری تھوڑی سی عبادت ہی اللہ تعالیٰ کے یہاں ہماری قبولیت کاسبب بن جائے،اس لیے شوق اور ثواب کی نیت سے زیادہ سے زیادہ عبادات سرانجام دینی چاہییے

بعض لوگ اس رات میں آتش بازی اور فائرنگ کرتے ہیں،اس سے یکسر اجتناب کرناچاہییے کہ اس میں جانی نقصان کا خطرہ ہونے کے ساتھ مالی نقصان اور اسراف ہے اور اللہ تعالیٰ نے اسراف[فضول خرچی]کرنے والوں کو شیطان کابھائی قرار دیا ہے،اس لیے شیطانی کاموں سے بچتے ہوئے نیک امور کی انجام دہی میں مصروف رہنے کی کوشش کریں

بعض لوگ اس رات کو گلیوں اور بازاوں میں گھوم کر ضائع کردیتے ہیں-اس سے بھی اجتناب ضروری ہے،ہاں!اگر واقعی میں کسی چیز کی ضرورت ہو اور بازار جاناپڑے تو جانے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن مطلوبہ چیز لے کر فوراًاپنے گھر واپس آناچاہییے،بازاروں میں بلاضرورت گھومنے کے بجائے یہ رات اپنے گھروں یا پھر مساجدوغیرہ میں عبادت وریاضت میں گذارنی چاہییے-

عید کی کچھ سنتیں اور مستحبات:

(1)نمازعید سے پہلے صدقۂ فطر ادا کرنا

(2)غسل کرنا(3)طہارت ونظافت کا خصوصی اہتمام کرنا

(4)حسبِ استطاعت نئے یا صاف ستھرے کپڑے پہنا

(5) خوشبو لگانا

(6)عدگاہ جانے سے پہلےکھجور یا

کوئی میٹھی چیز کھانا،حضرت انس سے مروی ہے کہ نبی کریمﷺ عیدالفطر کی نماز کے لیے نکلنے سے پہلے چند کھجوریں تناول فرماتے تھے ۔عموماًان کی تعداد طاق ہوتی تھی(بخاری:9530)

(7)عید گاہ پیدل جانا اور ایک راستے سے جانا اور دوسرے راستے سے واپس آنا۔ اس سے ہر قدم پر ثواب ملتا ہے اور غیروں کو مسلمانوں کی اجتماعیت کا بھی احساس ہوتا ہے-حضرت ابورافع روایت

کرتے ہیں کہ نبی کریمﷺ عید کی نماز کے لیے پیدل تشریف لے جاتے تھے اور جس راستے سے جاتے تھے ،اس کے علاوہ دوسرے راستے سے واپس آتے تھے(ابنِ ماجہ:1300)

(8) راستے میں تکبیریں (اللہ اکبر اللہ اکبر،لاالہ الا اللہ،واللہ اکبر اللہ اکبر و للہ الحمد)پڑھتے ہوئے جانا ،ہم سب کو اس کا اہتمام کرنا چاہیے،نوجوان طبقہ عموماً آپس میں ہوہااور دنیا بھر کی بکواس کرتا ہوا جاتا ہے۔

اس سے اجتناب کرنا چاہیے، تا کہ اللہ تعالیٰ کی حمد ہو اور دوسرے محسوس کریں کہ آج کوئی خاص دن ہے ۔اس سے غیروں پر رعب بھی پڑتا ہے۔یہ نہیں کہ مرے مرے انداز میں منہ لٹکائے چلے جا رہے ہیں۔

(9) خطبہ سننا:نمازِ عید الفطر کے بعد امام خطبہ دیتا ہے ،اس کو سن کر جانا چاہیے،اکثر لوگ نماز ختم ہوتے ہی بھاگنے لگتے ہیں۔خطبہ میں عید الفطر سے متعلق مذہبی ذمہ داریوں کی تلقین کی جاتی ہے،اللہ تعالیٰ سے اپنی کوتاہیوں اور غلطیوں کی معافی مانگی جاتی ہے ،عالمِ اسلام اور بنی نوع انسانیت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعائیں کی جاتی ہیں،جن کو قبولیت کا شرف حاصل ہوتا ہے۔

شوال کے چھ روزے رکھنا:

اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کے لیے رمضان کے بعد والے مہینہ یعنی شوال میں چھ نفلی روزے رکھے،تاکہ رمضان کے جاتے ہی عبادات و اذکار کا سلسلہ ختم نہ ہو جائے اور ان کا ثواب ایک سال کے روزے کے برابر رکھا کہ انسان اس کی طرف مائل ہو۔احادیث مبارکہ میں اس کی بہت فضیلت بیان ہوئی ہیں اور شوال کے ان چھ روزوں کی بڑی فضیلت اور ترغیب آئی ہےحضرت عمر بن ثابت خزرجی سے روایت ہے کہ حضرت ابوایوب رضی اللہ عنہ نے مجھ سے بیان کیا کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا: جس نے ماہِ رمضان کے روزے رکھے، پھراس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھے تو یہ پورے زمانے کے روزے رکھنے کی طرح ہے( صحیح مسلم رقم الحدیث:1164)

اور حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا:جس نے رمضان کے روزے رکھے اور شوال کے چھ روزے رکھے تو گویا اس نے پورے سال کے روزے رکھے-(مسنداحمد:14302)

پہلی حدیث میں شوال کے چھ روزے رکھنے کو”پورے زمانے کے روزے”اور دوسری حدیث میں “پورے سال کے روزے”رکھنے کی مانند قرار دیاگیا ہے-اس کی وجہ یہ ہے کہ مسلمان جب رمضان المبارک کے پورے مہینے کے روزے رکھتا ہے تو بقاعدہ “الحسنة بعشر امثالھا” [ایک نیکی کا کم ازکم اجر دس گنا ہے] اس ایک مہینے کے روزے دس مہینوں کے برابر بن جاتے ہیں-اس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھے جائیں تو یہ دو مہینے کے روزوں کے برابربن جاتے ہیں

گویا رمضان اور اس کے بعد چھ روزے شوال میں رکھنے والا پورے سال کے روزوں کا مستحق بن جاتا ہے،اس سے مذکورہ حدیث کا مطلب واضح طور پر سمجھ میں آتا ہےکہ “گویا اس نے پورےسال کے روزے رکھے” نیز اگر مسلمانوں کی زندگی کا یہی معمول بن جائے کہ وہ رمضان کے ساتھ ساتھ شوال کے روزوں کو بھی مستقل رکھتا رہے تو یہ ایسے ہی ہے جیسے اس نے پوری زندگی روزوں کے ساتھ گذاری ہو

اس توجیہ سے حدیث مذکور کا مضمون “یہ پورے زمانے کے روزے رکھنے کی طرح ہے” بالکل واضح ہو جاتا ہے-لہٰذاکوشش کرنی چاہییے کہ اس فضیلت کو حاصل کرلیا جائے

نوٹ:اگر کسی کے ذمہ رمضان کےروزے ہوں تو احتیاطاً پہلے ان روزوں کی قضا کی جائے،بعد میں شوال کے بقیہ دنوں میں ان چھ روزوں کو رکھاجائے-اور شوال کے یہ چھ روزے عید کے فوراً بعد رکھنا ضروری نہیں بلکہ عید کے بعد جب بھی چاہے رکھ سکتے ہیں،بس اس بات کااہتمام کر لیاجائے کہ ان چھ روزوں کی تعداد شوال ہی میں مکمل ہونی چاہییے

بہتر یہ ہے کہ یہ روزے متفرق رکھے جائیں اور اگر عید کے بعد لگاتار چھ دن میں ایک ساتھ متواتر رکھ لیے جائیں جب بھی کوئی حرج نہیں

اللّٰہ تعالیٰ ہم سبھی لوگوں کو عید الفطر کی حقیقی خوشیاں نصیب کرے-آمین!

از:محمد شمیم احمدنوری مصباحی

ناظم تعلیمات:دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف،باڑمیر[راجستھان]

3 thoughts on “سب کو سینے سے لگاؤ دن ہے عید الفطر کا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *