ولی وہ ہوتا ہے جسے دیکھنے سے اللہ یاد آئے

Spread the love

ولی وہ ہوتا ہے جسے دیکھنے سے اللہ یاد آئے

صوفی محمد شہاب الدین عرف چھوٹے میاں کے پروگرام سے علامہ عبد الحفیظ کا خطاب

گورکھ پور (ایس،این،بی)

گورکھ پور کمشنری کی معروف شخصیت حضرت الحاج صوفی محمد شہاب الدین عرف چھوٹے میاں رحمتہ اللہ علیہ کا 20واں عرس و  حضرت علامہ الحاج منور حسین مصباحی علیہ الرحمہ کا دوسرا سالانہ فاتحہ 24 نومبر 2022 بروز جمعرات شام 5 بجے سے آراضی چلبلوا بھٹہٹ ضلع گورکھ پور میں واقع خانقاہ برکاتیہ عزیزیہ اشرفیہ میں منعقد کیا گیا۔ 

پروگرام کی سرپرستی عزیز ملت علامہ الحاج عبدالحفیظ عزیزی صاحب سربراہ اعلی جامعہ اشرفیہ عربی یونیورسٹی مبارک پور صدارت نعیم ملت مولانا محمد نعیم الدین عزیز ی مصباحی جامعہ اشرفیہ مبارک پور ضلع اعظم گڑھ،قیادت مولانا عبدالمصطفی خان مصباحی پرنسپل مفتاح القرآن بیجولی وصحافی مولانا رضوان اللہ خان قادری ، اور نظامت مولانا عبدالسلام قادری فہیم بستوی نے کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور قاری اشہر عزیز ی مبارک پور ی وساحل گورکھپور ی کی نعتیہ شاعری سے کیا گیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عزیز ملت علامہ عبد الحفیظ صاحب سربراہ اعلی جامعہ اشرفیہ مبارک پور نے کہا کہ 

بے شک ا للہ کے ولیوں پر نہ کچھ خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔  لفظِ ولی  وِلَاء سے بناہے جس کا معنی قرب ا ور نصرت ہے۔ وَلِیُّ اللہ وہ ہے جو فرائض کی ادائیگی سے اللہ عَزَّوَجَلَّ کا قرب حاصل کرے اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں مشغول رہے اور اس کا دل اللہ تعالیٰ کے نورِ جلال کی معرفت میں مستغرق ہو

جب دیکھے قدرتِ الٰہی کے دلائل کو دیکھے اور جب سنے اللہ عَزَّوَجَلَّ کی آیتیں ہی سنے اور جب بولے تو اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی ثناہی کے ساتھ بولے اور جب حرکت کرے، اطاعتِ الٰہی میں حرکت کرے اور جب کوشش کرے تو اسی کام میں کوشش کرے جو قربِ الٰہی کاذریعہ ہو، اللہ عَزَّوَجَلَّ کے ذکر سے نہ تھکے اور چشمِ دل سے خدا کے سوا غیر کو نہ دیکھے۔

یہ صفت اَولیاء کی ہے، بندہ جب اس حال پر پہنچتا ہے تو اللہ عَزَّوَجَلَّ اس کا ولی و ناصر اور معین و مددگار ہوتا ہے۔ بعض عارفین نے فرمایا کہ ولایت قربِ الٰہی اور ہمیشہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے ساتھ مشغول رہنے کا نام ہے،جب بندہ اس مقام پر پہنچتا ہے تو اس کو کسی چیز کا خوف نہیں رہتااور نہ کسی شے کے فوت ہونے کا غم ہوتا ہے۔ عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا نے فرمایا کہ ولی وہ ہے جس کو دیکھنے سے اللہ تعالیٰ یاد آئے، یہی طبری کی حدیث میں بھی ہے۔

عزیز ملت نے  فرمایا کہ ولی وہ ہیں جو خالص اللہ کے لئے محبت کریں۔  ولی وہ ہیں جو طاعت یعنی فرمانبرداری سے قربِ الٰہی کی طلب کرتے ہیں، نبیرہ حافظ ملت مولانا محمد نعیم الدین عزیز ی مصباحی استاذ جامعہ اشرفیہ مبارک پور نے دوران خطاب کہا کہ جھوٹ بولنا گناہِ کبیرہ ہےاور یہ ایسا گناہِ کبیرہ ہے کہ قرآن کریم میں، جھوٹ بولنے والوں پر اللہ کی لعنت کی گئی ہے۔ 

حدیث شریف میں جھوٹ کی مذمت

جیسا کہ مندرجہ بالا قرآنی آیات میں جھوٹ اور بلا تحقیق کسی بات کے پھیلانے کی قباحت و شناعت بیان کی گئی ہے، اسی طرح احادیثِ مبارکہ میں بھی اس بدترین گناہ کی قباحت وشناعت کھلے عام بیان کی گئی ہے۔ یاد رہے  جھوٹ اور ایمان جمع نہیں ہوسکتے، لہٰذا اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے جھوٹ کو ایمان کا منافی عمل قرار دیا ہے۔

موصوف نے کہا کہ اولیاے کرام بڑے نیک باعمل متقی پرہیزگار ہوتے ہیں، چرسی موالی بے نمازی، بے عمل، منافق ڈرامے باز مکار جھوٹے گستاخ ،جعلی پیر ، شعبدہ باز اور ان جیسے دیگر لوگوں سے بچنے کی ضرورت ہے،مفتی شیر محمد قادری پرنسپل سراج العلوم برگدہی نے کہا کہ بے شک شک اللہ محبوب رکھتا ہے ان کو جو بڑے نیک فرماں  بردار ہوتے ہیں، متقی پرہیزگار ہوتے ہیں، پوشیدہ ہوتے ہیں کہ جب کہیں نا پائے جائیں تو ڈھونڈے نہیں جاتے اور اگر کہیں موجود ہوں تو بلائے نہیں جاتے اور وہ معروف و مشھور نہیں ہوتے

لیکن ان کے دل ہدایت کی کنجیاں ہوتے ہیں ،پروگرام میں مولانا محمد شہاب الدین کامل مصباحی کارگزار پرنسپل جامعہ رضویہ نورالعلوم سول لائن مہراج گنج، مولانا حافظ شہباز رضا بریلوی ،حافظ وقاری محمد غلام جیلانی،مولانا محمد شہاب الدین قادری،مولانا راشد القادری علیمی،حافظ وقاری عبد الروف،وغیرہ موجود تھے،صلوۃ وسلام اور عزیز ملت کی دعا پر جلسے کا اختتام ہوا،اس موقع پر دور دراز و قرب و جوار کے کثیر تعداد میں علماء ائمہ وعوام موجود تھے،اخیر میں الحاج سیف الدجی و ثناء اللہ پہلوان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا،

One thought on “ولی وہ ہوتا ہے جسے دیکھنے سے اللہ یاد آئے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *