جامعہ احسن البرکات میں علامہ محمد احمد مصباحی صاحب قبلہ کی تشریف آوری

Spread the love

جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف میں علامہ محمد احمد مصباحی صاحب قبلہ کی تشریف آوری

استاذی الکریم خیر الاذکیا علامہ محمد احمد مصباحی دامت برکاتہم القدسیہ کا نام نامی دنیائے علم و فضل میں انتہائی ادب و احترام کے ساتھ لیا جاتا ہے، آپ کی ذات بابرکات پر نمونۂ سلف، حجۃ الخلف جیسے القاب زیب دیتے ہیں، ارباب علم و دانش کے مابین آپ کے قول کو امتیازی شان حاصل ہوتی ہے ۔

اللہ پاک کا شکر ہے جامعہ اشرفیہ سے فراغت کے بعد آج پھر اسی مرد حق آگاہ کی بارگاہ میں زانوۓ ادب طے کرنے کا موقع میسر آیا یعنی 20 اگست 2024 منگل کو صبح 11 بجے حضرت جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف تشریف لائے، ساتھ ہی محبوب العلماء امان اہل سنت حضور امان میاں صاحب قبلہ کی بھی آمد ہوئی

سربراہ اعلی جامعہ احسن البرکات ابا حضور رفیق ملت سید شاہ نجیب حیدر نوری برکاتی دام ظلہ العالی کی سرپرستی میں ایک محفل منعقد ہوئی، جامعہ کے تمام طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی سعادت حاصل کی،

اس حسین موقع پر طلبا کو نصیحت کرتے ہوئے حضرت مصباحی صاحب قبلہ نے ارشاد فرمایا:

آپ حضرات کو تین کام کرنے ہیں:

(١) آپ کے ہاتھوں میں جو نصاب ہے اس پر عبور اور مہارت حاصل کریں۔

(٢)جو علم آپ سیکھیں اس پر عمل بھی کریں۔

(٣)اور اپنے علم کو دوسروں تک پہنچانے کی کوشش بھی کریں۔

طلبہ سے خطاب فرمانے کے بعد حضرت نے اساتذۂ جامعہ کو ملاقات کا خصوصی شرف بخشا، عرض و معروض کا یہ سلسلہ کافی دیر تک چلا اور تعلیم کے حوالے سے ضروری امور کی طرف رہنمائی فرمائی، اسی دوران تبسم ریز ہونٹوں سے ارشاد فرمایا: “اساتذہ کی کامیابی یہ ہے کہ جو کچھ وہ پڑھائیں وہ اسے طلبا کے ذہن میں اتار دیں اور دل پر نقش کر دیں “

اسی ضمن میں محبوب العلماء حضور امان میاں دامت برکاتہم القدسیہ نے بھی بڑے قیمتی کلمات ارشاد فرمائے اور ساتھ ہی ساتھ اس بات پر اظہار افسوس بھی کیا کہ مدرسے سے فارغ ہو کر جو طلبا یونیورسٹی کی طرف متوجہ ہوتے ہیں وہ چند ہی دنوں میں فکری بے راہ روی اور آوارگی کے شکار ہو کر مدارس اسلامیہ کے ہی نظام تعلیم پر انگشت نمائی کرنے لگتے ہیں آخر ایسا کیوں ہے ؟

اس بیماری کا علاج تجویز فرماتے ہوئے مدارس اسلامیہ کے ارباب حل و عقد اور اساتذہ سے حضور امان اہل سنت کا کہنا یہ ہے :

کہ ہم اپنے طلبا کو مضبوط تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی خصوصی تربیت پر بھی دھیان دیں، اسلام کی عظمت ان کے دلوں میں بٹھائیں اور اولیاء اللہ سے ان کے رشتے کو مضبوط کریں تاکہ وہ اس فکری بے راہ روی سے محفوظ رہیں اور دنیا کے ہر میدان میں اسلامی تشخص کو برقرار رکھیں۔۔ اللہ ہی ہدایت دینے والا ہے ۔

چوں کہ جامعہ احسن البرکات سے حضرت مصباحی صاحب قبلہ کو حد درجہ لگاؤ ہے لہذا اس نشست کے برخاست ہونے کے بعد صدر المدرسین استاذ محترم شیخ محمد عرفان ازہری صاحب قبلہ مد ظلہ العالی کی معیت میں جامعہ کی بالائی منزل کا معائنہ کرتے ہوئے آفس میں تشریف لے گئے اور کچھ دیر بیٹھ کر موجودہ نظام تعلیم اور رائج نصاب کا تفصیلی جائزہ لیا ۔بعد ازیں دوپہر تقریبا ١:١٠ منٹ پر جامعہ سے روانہ ہوگئے ۔

اللہ تعالی حضرت کو عمر دراز عطا فرمائے اور ہم تشنگان علم و معرفت کو ان کے جام صبوحی سے وافر حصہ عطا فرمائے آمین!

نعمان احسنی مصباحی

جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف ۔

جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف میں علامہ محمد احمد مصباحی صاحب قبلہ کی تشریف آوری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *