اردو کی تعلیم کو یقینی بنانے کی مانگ قومی اساتذہ تنظیم نے کے کے پاٹھک سے کی
اردو کی تعلیم کو یقینی بنانے کی مانگ قومی اساتذہ تنظیم نے کے کے پاٹھک سے کی
بہار میں تعلیمی نظام بہتر ہوا ہے لیکن اردو تعلیم پر محکمۂ تعلیم کی نگاہ نہیں ہے : محمد رفیع
پٹنہ، 18/ اگست، اردو زبان کی تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر محمد رفیع نے محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری جناب کے کے پاٹھک کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے۔
جناب محمد رفیع نے بتایا کہ اس سلسلے میں قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی صدر جناب تاج العارفین کی صدارت میں ایک اہم نشست منعقد ہوئی جس میں اردو تعلیم کے راستے میں حائل رکاوٹوں کی وجوہات پر غور و فکر کیا گیا۔ اسکولوں میں ابھی پڑھنے پڑھانے کا ماحول تو پیدا ہوا ہے لیکن اردو زبان کی تعلیم میں کمی آئی ہے۔ اس کی اہم وجوہات ہیں
روٹین میں اردو کا مضمون شامل نہ کرنا (ریاست کی طرف سے جاری کردہ روٹین میں بھی اردو شامل نہیں ہے)۔ اردو کے علاوہ تمام زبانوں اور مضامین کے لیے اساتذہ کو تربیت دی جاتی ہے۔
جس کی وجہ سے اساتذہ تدریس کے نئے نئے طریقوں اور تکنیکوں سے واقف ہوتے ہیں۔ اردو اساتذہ کو یہ موقع نہیں ملتا ہے۔ افسران کے ذریعہ اسکول معائنہ میں اردو کی تعلیم کو یقینی بنانے پر کوئی زور نہیں دیا جاتا ہے۔
اردو زبان کے موضوع پر مقرر اساتذہ کو اسکولوں میں اردو کے بجائے دوسرے مضامین پڑھوائے جا رہے ہیں یا پھر دوسرا کام لیا جا رہا ہے۔ محکمہ تعلیم تمام مضامین کے لیے نصابی کتابیں فراہم کرتی ہے، لیکن اسکول کے سربراہ، کمپلیکس سینٹر انچارج، بلاک اور ضلعی دفتر کے عملے کی سستی کی وجہ سے اردو کی نصابی کتابیں طلبہ تک نہیں پہنچ پاتی ہیں۔
اردو کتابوں اور اردو اساتذہ کی عدم دستیابی کا بہانہ بنا کر اردو بولنے والے لڑکوں اور لڑکیوں کی اردو زبان کی جانچ نہ تو ششماہی امتحان میں کی جاتی ہے اور نہ ہی سالانہ امتحان میں۔ قومی زبان (ہندی) کا سوالیہ پرچہ بھی دستیاب نہیں ہو پاتا ہے
اسکول کے سربراہ اس کا مطالبہ نہیں کرتے اور نہ ہی لاتے ہیں اور تقسیم کرنے والے بھی ہندی اسکولوں کو اردو زبان کے تمام مضامین کے سوالیہ پرچے دئیے جاتے ہیں جن میں صرف اردو زبان ہی اردو میں دینا ہے، نتیجتاً اردو اسکولوں کو تمام مضامین کا سوالیہ پرچہ اردو زبان میں نہیں مل پاتا ہے۔
اس لیے جناب کے کے پاٹھک سے قومی اساتذہ تنظیم کے ریاستی کنوینر محمد رفیع نے عاجزانہ درخواست کی ہے کہ مذکورہ مسئلہ کو حل کریں اور اردو زبان کی تعلیم کو یقینی بنائیں، اس کے لئے قومی اساتذہ تنظیم ہمیشہ جناب کا مشکور رہے گی۔
جناب تاج العارفین کی صدارت میں منعقد اس نشست میں محمد رفیع کے علاوہ ریاستی مجلس عاملہ کے رکن رضی احمد، محمد امان اللہ، محمد جاوید عالم، وقار عالم و کڈھنی بلاک صدر اشفاق سلیمانی موجود تھے۔
اس کو بھی پڑھیں : محکمہ تعلیم بہار کی اردو دشمنی