جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف کے دو فارغین کی اعلی تعلیم کے حصول کے لیے جامعۃ الازہر مصر روانگی

Spread the love

جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف کے دو فارغین کی اعلی تعلیم کے حصول کے لیے جامعۃ الازہر مصر روانگی

آج میں بہت خوش ہوں ، اولاً تو مجھے یہی سمجھ نہیں آ رہا تھا ، کہ اتنے عظیم اور خوشی کے موقع پر الفاظ کا کہاں سے تعین کروں ، کہاں سے ایسے منتخب الفاظ لاؤں جو آج کی محفل کی صحیح طور پر عکاسی کر سکیں ، ہاں میرے پاس الفاظ نہیں ہیں

لیکن میں انہیں ٹوٹے پھوٹے الفاظ کو جوڑ کر اپنے پیارے ابا حضور حضور رفیق ملت دامت برکاتہم العالیہ کی ہم طلبہ پر شفقتوں اور عنایتوں کا ذکر کرنا چاہوں گا ، اور اپنے ان دو سینئر ساتھیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں کے ساتھ مبارک باد پیش کرنا چاہوں گا 

کہ جنہوں نے مادر علمی جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف میں رہ کر اور قابل اساتذہ کی نگرانی میں اپنی تعلیم کو مکمل کر کے ، اپنے آپ کو اس لائق بنایا کہ ، خود شفیق العلما و الطلبا حضور رفیق ملت دامت برکاتہم العالیہ نے الأزهر (مصر) بھیجنے کا اعلان فرمایا۔ الحمدللہ رب العالمین!

 18 / مئی 2023ء بروز جمعرات مغرب کی نماز سے فارغ ہوئے ہی تھے کہ ، استاد محترم قاری کوثر صاحب نے اعلان کیا کہ تمام طلبہ ، سنن و نوافل سے فارغ ہو کر مسجد برکاتی ہی میں رکیں ، حکم کی تعمیل کرتے ہوئے تمام طلبہ باادب بیٹھ گئے ، اسی دوران ابا حضور مسکراتے ہوئے تشریف لائے اور ہم سب نے اٹھ کر مرشد کریم کا استقبال کیا ، ہم میں سے کسی کو بھی ابھی تک یہ نہیں معلوم تھا کہ یہ مبارک محفل کس سلسلہ میں منعقد کی گئی ہے

جس سے اس بات کا بھی اندازہ ہوتا ہے کہ خانقاہ برکاتیہ اپنا کوئی بھی کام دکھاوے اور نام و نمود کے لیے نہیں کرتی ، بلکہ صرف و صرف رب کی رضا و خوشنودی کے لیے ہی کرتی ہے ، ہمیں بے چینی سے انتظار تھا کہ کب ابا حضور سنہرے موتی عطا فرمائیں اور ہم اس کو چن کر محفوظ کر لیں 

کہ اسی وقت ابا حضور نے استاذی الکریم ، صدر المدرسین حضرت علامہ مولانا محمد عرفان الأزهري حفظہ اللہ کو حکم دیا کہ آپ بھی طلبہ کو چند پھول عطا فرمائیں ، استاد محترم تشریف لائے اور محفل کے انعقاد کا سبب بتاتے ہوئے ، ارشاد فرمایا؛- آج ہمیں اس مبارک و مسعود محفل کے انعقاد کا سبب بتاتے ہوئے بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے 

کہ جامعہ احسن البرکات (مارہرہ شریف) کے دو فارغین مولانا محمد ہاشم احسنی و مولانا محمد ارقم نوری احسنی ، الحمدللہ یہ دونوں حضرات تعلیم حاصل کرنے کے لیے جامعہ ازہر (مصر) تشریف لے جا رہے ہیں ، اور یہ نتیجہ ہے استاذۂ کرام کی محنتوں اور دعاؤں کا اور بالخصوص حضور رفیق ملت دامت برکاتہم العالیہ کی توجہات کا کہ آپ ہمیشہ طلبہ کے سامنے ایک اعلان کیا کرتے ہیں اور ان کو ابھارا کرتے ہیں 

کہ آپ دنیا کے جس کونے میں چاہیں تعلیم حاصل کریں ، خانقاہ برکاتیہ آپ کا ہر طرح سے ساتھ دینے لیے تیار ہے ، اور الحمدللہ ہمارے یہ دونوں فارغین 25 / مئی کو جامعہ ازھر مصر تشریف لے جا رہے ہیں۔

اور ساتھ ہی استاد محترم نے ارشاد فرمایا؛- کہ مسلک اعلیٰ حضرت کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں ، اور جس طرح اساتذہ کا ادب آپ یہاں رہ کر کیا کرتے تھے اسی طرح ، مصر جانے کے بعد بھی آپ پر ضروری ہے ، کیونکہ جب طالب علم اپنے اساتذہ کا ادب نہیں کرتا تو اسی وقت سے اس کا زوال شروع ہو جاتا ہے۔

اس کے بعد مشفق و مہربان ابا حضور تشریف لائے اور فرمایا؛- الحمدللہ ، اللہ کا شکر ہمارے جامعہ کے دو بچے محمد ہاشم احسنی اور محمد ارقم نوری احسنی مصر تشریف لے جا رہے ہیں ، بیٹا ایک بات یاد رکھنا ، جو مسلک (مسلک اعلیٰ حضرت) خانقاہ سے لے کر جا رہے ہو ، وہی مسلک وہاں سے واپس لے کر آنا ، کیونکہ ہمارا آپ سے تعلق اسی وقت تک ہے ، جب تک آپ مسلک اعلیٰ حضرت پر چل رہے ہو ، وہاں آپ کو سب کچھ نیا ملیگا ،

لیکن جو سلیقہ اور تہذیب جامعہ نے تمہیں دی ہے اس کو کبھی نہ بھولنا ، اور سنو علم کی بڑی قدر ہوا کرتی ہے ، قلم میں وہ طاقت ہوا کرتی ہے ، جو کہ تلوار میں بھی نہیں ہوتی ، اس کی مثال اگر دیکھنا ہو تو قلم کے بادشاہ یسین اختر مصباحی (رحمہ اللہ) کو دیکھ لو ، جن کا ابھی انتقال ہوا ہے ، -اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے- ایک بڑی ہی پیاری بات مرشد کریم نے ارشاد فرمائی ، فرمایا؛-

دنیا میں میں نے ایسے بہت سے غریب دیکھے جن کے پاس پیسے کے سوا کچھ نہیں تھا ، مطلب یہ کہ امیری اور غریبی پیسے سے نہیں بلکہ علم سے ہوتی ہے ، اگر آپ کے پاس علم ہے تو آپ امیر ہیں اور اگر علم نہیں ہے ، تو آپ سے بڑا کوئی غریب نہیں۔

اس کے بعد ابا حضور و قبلہ پرنسپل صاحب کے مبارک ہاتھوں سے اور نعرۂ تکبیر کی گونج میں دونوں فارغین کی گل پوشی کی گئی اور ساتھ ہی ساتھ جامعہ ٹاپر (topper) غلام سمنانی کی بھی گل پوشی کی گئی اور حسب وعدہ 25 ہزار کا بھی انعام دیا گیا ، اس کے بعد ابا حضور نے یہ بھی ارشاد فرمایا کہ جو اس سال شش ماہی میں جامعہ ٹاپ (top) کرے گا اس کو 11 ہزار کا انعام دیا جائے گا ، اور یہاں اس مبارک محفل کا اختتام ہوا۔ اللّٰہ تعالیٰ جامعہ احسن البرکات کو دن دونی ترقی عطا فرمائے اور سرکاران مارہرہ مطہرہ کا سایہ ہمارے سروں پر تا دیر قائم فرمائے۔ آمین یارب العالمین

محمد حسن رضا

جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف

One thought on “جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف کے دو فارغین کی اعلی تعلیم کے حصول کے لیے جامعۃ الازہر مصر روانگی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *