روزہ دوزخ سے چھٹکارہ حاصل کرنے کا اہم ترین ذریعہ ہے
روزہ دوزخ سے چھٹکارہ حاصل کرنے کا اہم ترین ذریعہ ہے
ماہ رمضانُ المبارک برکتوں والا مہینہ ہے اور اس ماہ کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مقدس کا نزول اسی پاک مہینے میں ہوا ۔
رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرہ عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے۔ جب رمضان المبارک کا چاند نظر آتا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے تھے کہ یہ چاند خیر و برکت کا ہے‘ یہ چاند خیر و برکت کا ہے، میں اس ذات پر ایمان رکھتا ہوں جس نے تجھے پیدا فرمایا۔
حضرت جبرائیل علیہ سلام نے دعا کی کہ ہلاک ہوجائے وہ شخص جس کو رمضان کا مہینہ ملے اور وہ اپنی بخشش نہ کرواسکے، جس پر حضرت محمد ﷺ نے ارشاد فرمایا آمین!
حضرت جبرائیل علیہ سلام کی یہ دعا اوراس پر حضرت محمد ﷺ کا آمین کہنا اس دعا سے ہمیں رمضان کی اہمیت کو سمجھ لینا چاہیے۔
حدیث مبارک میں ہے کہ رمضان شہر ﷲ“ رمضان ﷲ تعالیٰ کا مہینہ ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ اس مبارک مہینے سے رب ذوالجلال کا خصوصی تعلق ہے جس کی وجہ سے یہ مبارک مہینہ دوسرے مہینوں سے ممتاز اور جدا ہے۔
اور بے شک اس مہینے میں ہم جو روزے رکھتے ہیں وہ ہمارے لیے نجات کا باعث ہے کیوں کہ اللہ تعالی فرقان مقدس نے ارشاد فر ماتا ہے : اے ایمان والوں بے شک تم پر روزے فرض قرار دئیے گئے ہیں جیسا کہ تم سے پہلے والوں پر فرض تھا تاکہ تم پرہیزگار اور متقی بن جاؤ۔
اور اسی طرح ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت ہے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں کہ “الصِّيَامُ جُنَّةٌ فَلَا يَرْفُثْ وَلَا يَجْهَلْ وَإِنِ امْرُؤٌ قَاتَلَهُ أَوْ شَاتَمَهُ فَلْيَقُلْ : إِنِّي صَائِمٌ مَرَّتَيْنِ وَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ لَخُلُوفُ فَمِ الصَّائِمِ أَطْيَبُ عِنْدَ اللَّهِ تَعَالَى مِنْ رِيحِ الْمِسْكِ يَتْرُكُ طَعَامَهُ وَشَرَابَهُ وَشَهْوَتَهُ مِنْ أَجْلِي الصِّيَامُ لِي وَأَنَا أَجْزِي بِهِ وَالْحَسَنَةُ بِعَشْرِ أَمْثَالِهَا” ۔
روزہ دوزخ سے بچنے کے لیے ایک ڈھال ہے اس لیے روزہ دار نہ فحش باتیں کرے اور نہ جہالت کی باتیں اور اگر کوئی شخص اس سے لڑے یا اسے گالی دے تو اس کا جواب صرف یہ ہونا چاہیے کہ میں روزہ دار ہوں (یہ الفاظ) دو مرتبہ (کہہ دے) اس ذات کی قسم! جس کے ہاتھ میں میری جان ہے روزہ دار کے منہ کی بو اللہ کے نزدیک کستوری کی خوشبو سے بھی زیادہ پسندیدہ اور پاکیزہ ہے
(اللہ تعالیٰ فرماتا ہے) بندہ اپنا کھانا پینا اور اپنی شہوت میرے لیے چھوڑ دیتا ہے روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا اور (دوسری) نیکیوں کا ثواب بھی اصل نیکی کے دس گنا ہوتا ہے۔(صحیح بخار ی)
اور اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: روزہ ڈھال اور آگ سے بچاؤ کا مضبوط ترین قلعہ ہے۔
اللّه تعالیٰ ماہ مقدس رمضان المبارک کی وجہ سے اپنے بندوں کو جہنم کی ہولناکی سے آزاد کرتا ہے جیسا کہ سیدنا ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ہر روز افطاری کے وقت اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے۔ اللّه تعالیٰ کو روزے سے اس قدر محبت ہے کہ جب بندہ اللّه کی خوشنودی کے لئے ایک دن کا روزہ رکھتا ہے تو اللّه تعالیٰ دوزخ كو اس سے ستر سال كی مسافت تك دور كر دیتا ہے
جیسا کہ سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ: میں نے نبی کریم ﷺسے سنا آپ فرماتے تھے کہ جس نے اللہ تعالیٰ کے راستے میں (جہاد کرتے ہوئے) ایک دن بھی روزہ رکھا اللہ تعالیٰ اسے جہنم سے ستر سال کی مسافت کی دوری تک دور کر دے گا۔ صحیح بخاری
ایک روایت میں ہے کہ جہنم سے سو سال کی مسافت کی دوری تک دور کر دیتا ہے جیسا کہ سیدنا عقبہ بن عامررضی اللہ عنہ سے مروی ہے كہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا: جس شخص نے اللہ كے راستے میں ایك دن كا روزہ ركھا اللہ تعالیٰ اس سے جہنم كو سو سال كی مسافت تك دور كر دے گا۔
اور اسی طرح ایک روایت میں ہے کہ جب اللّه تعالیٰ کی رضا کے لئے بندہ ایک دن روزہ رکھتا ہے تو اللّه تعالیٰ اس شخص اورجہنم كے درمیان آسمان اور زمین كے برابر خندق بنا دیتا ہے جیسا کہ سیدنا ابو امامہ رضی اللّه عنہ سے مروی ہے كہ نبی کریمﷺ نے فرمایا: جس شخص نے اللہ كے راستے میں ایك دن كا روزہ ركھا اللہ تعالیٰ اس شخص اورجہنم كے درمیان
آسمان و زمین كے برابر خندق بنا دے۔ اور جس نے بھی پوری زندگی روزے رکھے تو اس شخص کے لئے اللّه تعالیٰ جہنم کو تنگ کر دیتا ہے جیسا کہ سیدنا ابو موسی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے كہ نبی کریمﷺ نے فرمایا : جس نے ساری عمر روزے ركھے اس پر جہنم اس طرح تنگ كر دی جائے گی اور آپ نے نوے كی گرہ لگائی۔
روزے دار کی فضیلت کے بارے میں بے شماراحادیث اور قرآن مقدس میں کثیر تعداد میں روزے کی اہمیت و افادیت بیان کی گئی ہے اس میں شک کرنے کی کوئی بات ہے نہیں ہے کہ روزہ مومنوں کی ڈھال ہے جو بندہ اگر رمضان المبارک کے پورے روزے رکھتا ہے تو اس کے لیے جہنم سے آزادی کا پروانہ لکھ دیا جاتا ہے اور بے شک روزہ جہنم سے چھٹکارا پانے کا ایک اہم ترین ذریعہ ہے
از قلم : محمد فداء المصطفٰے
دارالہدی اسلامک یونیورسٹی ملاپورم کیرلا
Pingback: نیکیوں اور رحمتوں کا موسم بہار ⋆ اردو دنیا ⋆ از : محمد فداء المصطفٰے
Pingback: رمضان کا الوداعی پیغام ⋆ اردو دنیا کامران غنی صبا