نئے سال کا آغاز ماضی کا جائزہ اور مستقبل کی تیاری
نئے سال کا آغاز ماضی کا جائزہ اور مستقبل کی تیاری
از: محمد شمیم احمد نوری مصباحی
خادم:دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف،گرڈیا،باڑمیر(راجستھان)
دن، مہینے، اور سال بدلتے رہتے ہیں، لیکن انسان کی زندگی میں تبدیلی کے لمحات وہی ہوتے ہیں جب وہ خود اپنے اندر تبدیلی لانے کا عزم کرے۔
سالِ نو ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے ماضی کا جائزہ لیں اور آنے والے وقت کے لیے ایک واضح اور بامقصد حکمت عملی وضع کریں۔ 2024ء کے گزر جانے اور 2025ء کے استقبال کا لمحہ ہمیں خود احتسابی، خود شناسی، اور مستقبل کے لیے نئے عزم و حوصلے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
نیا سال صرف کیلنڈر کا بدلنا نہیں بلکہ ایک یاد دہانی ہے کہ وقت کے پہیے کی گردش مسلسل جاری ہے اور ہماری زندگی کا ایک اور سال کم ہو گیا ہے۔اس موقع پر حدود شریعت میں رہتے ہوئے خوشی منانے میں کوئی مضائقہ نہیں، لیکن یہ لمحہ صرف شور شرابے یا آتش بازی کے لیے نہیں، بلکہ غور و فکر اور اپنے آپ سے سوال کرنے کا ہے۔
ہم نے گزرے برس میں کیا کھویا، کیا پایا؟
ہم نے اپنے رب سے کتنی قربت حاصل کی؟
حقوق العباد اور حقوق اللہ کے تعلق سے ہمارے اعمال کیسے رہے؟
کیا ہم نے اپنے ارد گرد کے لوگوں کے لیے بھلائی کا کوئی کام کیا؟
نئے سال کے عزائم، بہتر کل کی تعمیر:آئیے اس نئے سال کو ایک عہد کے طور پر اپنائیں:
۔1. ذاتی ترقی: اپنی جسمانی، ذہنی، اور روحانی صحت کو بہتر بنانے کے لیے وقت نکالیں۔
تعلیم و تربیت کے میدان میں آگے بڑھنے کی منصوبہ بندی کریں
۔2. سماجی تعلقات: ماں باپ، بہن بھائیوں، اور عزیز و اقارب کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط کریں۔ صلہ رحمی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں
۔3. حقوق العباد: غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کریں۔ صدقہ و خیرات کو اپنی عادت بنائیں اور دوسروں کی خوشیوں کا سبب بنیں
۔4. حقوق اللہ: عبادات میں کوتاہی کو ترک کریں۔ اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی کو اس کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔ناکامیوں سے سیکھنا:اگر گزرے برس میں کوئی ناکامی یا کوتاہی ہوئی ہے تو مایوسی کی ضرورت نہیں۔
یہ ناکامیاں ہمیں نئے سال میں اپنی خامیوں کو دور کرنے اور بہتر انسان بننے کی تحریک دیتی ہیں۔ اپنے ماضی سے سبق لے کر مستقبل کی حکمت عملی بنائیں اور آنے والے دنوں میں نئی کامیابیاں حاصل کریں۔
آخر میں بارگاہ رب ذوالجلال میں دعا ہے کہ یہ سال پوری دنیا کے لیے امن، سلامتی، اور خوش حالی کا پیغام لائے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کی توفیق دے اور ہمارا تعلق اپنے رب سے مزید مضبوط کرے۔
آئیے عہد کریں کہ نئے سال میں ہمارا ہر دن بامقصد ہوگا، ہماری کوششیں دوسروں کے لیے مفید ہوں گی، اور ہم وقت کو ضائع کیے بغیر اپنی اور دوسروں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائیں گے۔نئے سال کا ہر لمحہ ایک نئی صبح ہو، جو ہمیں روشنی، کامیابی، اور سکون کی راہیں دکھائے۔
ان لنکوں پر کلک کرکے خرید داری کریں اور پیسے بچائیں

