اردو بیداری ہفتہ مہم کی حمایت ڈپٹی اسپیکر بہار قانون ساز کونسل نے کی اردو بہت ہی میٹھی اور پیاری زبان ہے
اردو بیداری ہفتہ مہم کی حمایت ڈپٹی اسپیکر بہار قانون ساز کونسل نے کی اردو بہت ہی میٹھی اور پیاری زبان ہے : رام چندر پورے
اردو کے ساتھ محمد رفیع ہندی کو بھی فروغ دے رہے ہیں اس لئے سماج کا ہر طبقہ ہندی اور اردو میں نیم پلیٹ ضرور لگائیں : پروفیسر جیسوال
مظفر پور، (وجاہت، بشارت رفیع)
اردو بیداری ہفتہ کے تحت قومی اساتذہ تنظیم نے آج مختلف محلوں کا دورہ کر عوام کے درمیان اخبار تقسیم کیا اور لوگوں سے گھروں پر نیم پلیٹ لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نیم پلیٹ میں ہندی کے ساتھ ریاست کی دوسری زبان اردو بھی لکھا ہوا ہونا چاہیے۔
آج اس درمیان سابق ممبر بہار ریاستی یونیورسٹی (کسٹیچونٹ کالج) سروس کمیشن, پٹنہ پروفیسر (ڈاکٹر) وجئے کمار جیسوال کہ گھر پر ان سے اردو بیداری ہفتہ مہم میں حمایت کے لیے قومی اساتذہ تنظیم کی ٹیم ریاستی کنوینر و آزاد صحافی محمد رفیع کی قیادت میں جب پہنچی تو اس درمیان وہاں موجود بہار قانون ساز کونسل کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر رام چندر پورے اپنی اہلیہ رنجنا پوروے کے ساتھ موجود تھے۔
جناب پورے نے قومی اساتذہ تنظیم و اردو ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام اردو بیداری ہفتہ کی ستائش کی اور کہا کہ اردو بہت ہی میٹھی اور پیاری زبان ہے، جناب نے اردو کے فروغ کی حمایت کی اور اس موقع پر مظفرپور سے اپنے رشتے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ضلع کا مجھ پر بڑا احسان ہے، میں کئی طریقے سے مظفر پور سے وابستہ ہوں۔
میں نے یہاں رام منوہر لوہیا کالج میں ایک استاد کی حیثیت سے اپنی خدمات دی ہیں اور مظفر پور کی سرزمین سے ہی ہم نے اپنی سیاسی زندگی کی شروعات کی تھی۔
ڈاکٹر پوروے نے مزید کہا کہ میں آپ کی محبت کا خواہاں ہوں اس لئے میری بڑی خواہش ہوتی ہے کہ میں مظفر پور کے اپنے مخلص دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر وقت گزاروں، ان کے ساتھ چائے پیؤں اور ان سے دل کی بات کروں۔
ڈاکٹر جیسوال نے اس موقع پر کہا کہ اردو کے ساتھ ہی محمد رفیع ہندی کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔ جب وہ اردو کی بات کرتے ہیں تو ساتھ ہی یہ ضرور کہتے ہیں ہندی فرسٹ اینڈ اردو سیکنڈ۔ میں نے ان تمام پروگراموں میں دیکھا ہے کہ بینر ہو یا مومینٹو اس پر پہلے ہندی کا استعمال ہوتا ہے پھر اردو کا۔
ابھی جو اردو بیداری ہفتہ مہم کے ذریعہ قومی اساتذہ تنظیم بہار دوکان و مکان پر نیم پلیٹ لگا رہی ہے اس میں بھی پہلے ہندی ہے پھر اردو۔ اس لئے ڈاکٹر جیسوال نے مسلم ہی نہیں بلکہ سماج کے سبھی طبقہ کے لوگوں سے اس طرح کا نیم پلیٹ لگانے اور اردو ہندی زبان کو فروغ دینے کی اپیل کی۔
اس موقع پر قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر جناب محمد رفیع نے لوگوں سے ایک بار پھر سے یہی اپیل کی کہ آپ اردو کا اخبار، رسالہ ضرور سے ضرور خریدیں اور اردو کو اپنے گھر کی بول چال میں شامل کریں اور اپنے گھروں پر اردو میں لکھا ہوا نیم پلیٹ ضرور لگائیں۔
جناب رفیع نے آج کے اس مہم میں شامل تمام عہدے داروں و اراکین قومی اساتذہ تنظیم کے ساتھ ہی پروفیسر ڈاکٹر وجئے کمار جیسوال، خصوصاً ڈاکٹر رام چندر پورے اور ان کی اہلیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اردو بیداری ہفتہ مہم میں شرکت کر اس تحریک کو قوت بخشا اور عام عوام کو بیدار کرنے کی بات کہی۔
اس طرح سے انہوں نے اردو ایکشن کمیٹی بہار اور قومی اساتذہ تنظیم بہار کے اردو بیداری ہفتہ تحریک کو مضبوط کیا ہے۔ اس موقع پر قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی مجلس عاملہ کے رکن نسیم اختر، یو کو بینک کے مینیجر ابھیشیک پاٹھک وغیرہ موجود تھے۔