مدارس کے اساتذہ مالی بحران کا شکار
مدارس کے اساتذہ مالی بحران کا شکار ، انور حسین نے وزیر اعلیٰ سے فوری امداد کا مطالبہ کیا
مظفرپور: (پریس ریلیز)
آل انڈیا مسلم بیداری کارواں مظفرپور کے ضلع صدر انور حسین نے ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو مکتوب ارسال کرکے اپیل کی ہے کہ ریاست کے ان مدارس کو جو 2020 تک بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ، پٹنہ سے الحاق یافتہ ہو چکے ہیں
فوری طور پر سرکاری گرانٹ فراہم کی جائے اور انہیں امدادی مدارس کے زمرے میں شامل کیا جائے۔اپنے تحریری بیان میں انور حسین نے کہا کہ یہ مدارس برسوں سے ریاست میں تعلیم و تربیت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ان اداروں کے اساتذہ انتہائی قلیل مشاہرے پر دن رات طلبہ و طالبات کو زیورِ علم سے آراستہ کرنے میں مصروف ہیں۔ تاہم، موجودہ مہنگائی اور معاشی دباؤ کے پیش نظر ان اساتذہ کا معمولی مشاہرہ ناکافی ہے، جس کی وجہ سے وہ شدید مالی دشواریوں سے دوچار ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری قدم نہ اٹھایا تو بہت سے اساتذہ تدریس چھوڑ کر دیگر پیشے اختیار کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں، جس سے ان مدارس میں زیرِ تعلیم ہزاروں طلبہ کے مستقبل پر منفی اثر پڑے گا۔
کارواں کے صدر نے حکومت بہار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان مدارس کو جلد از جلد گرانٹ فراہم کرے، تاکہ اساتذہ کی مالی مشکلات میں کمی آئے اور تعلیمی نظام متاثر نہ ہو۔
یہ اپیل ریاست کے گورنر، وزیر تعلیم، وزیر برائے اقلیتی فلاح و بہبود، مدرسہ بورڈ کے چیئرمین و ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین غلام رسول بلیاوی اور دیگر متعلقہ عہدیداران کو بھی ارسال کی گئی ہے۔
انور حسین نے اُمید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعلیٰ بہار اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کریں گے اور بروقت مناسب فیصلہ لے کر ہزاروں اساتذہ و طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنائیں گے۔