دو روزہ انوار قرآن سیمینار تیاریاں آخری مراحل میں
روزہ انوار قرآن سیمینار 6 و 7 جنوری کو ممبئی میں، تیاریاں آخری مراحل میں
گورکھپور/ممبئی (نمائندہ)
خانقاہ قادریہ ایوبیہ پپرا کنک ضلع کشی نگر اترپردیش کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے تاریخ ساز انوار قرآن سیمینار و کانفرنس کی تیاریاں عروج پر ہیں
علماے کرام کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ، سال نامہ یادگار ایوبی کا خصوصی شمارہ ” انوارِ قرآن نمبر” پانچ جلدوں پر مشتمل چھپ کر مطالعہ کی میز پر آنے کا منتظر ہے
خانقاہ ایوبیہ کے سجادہ نشین مولانا قاری شاہ محمد سبطین رضا قادری ایوبی نے نامہ نگار کو بتایا کہ انوار قرآن سیمینار مورخہ 6 اور 7 جنوری بروز پیر اور منگل کو عروس البلاد ممبئی عظمیٰ کی سرزمین درگا سیوا سنگ لوٹس کالونی شیواجی نگر گوونڈی پر دو مرحلوں میں منعقد ہوگا
پہلے مرحلے میں مقالہ نگار حضرات اپنے اپنے متعینہ عناوین پر مقالے پیش فرمائیں گے اور دوسرے مرحلے میں عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد ہوگا، جس میں متعینہ عناوین پر علمائے کرام اور مشائخین ذوی الاحترام کے سنجیدہ بیانات ہوں گے۔
پروگرام کی صدارت صدر العلما علامہ محمد احمد مصباحی ناظم تعلیمات جامعہ اشرفیہ مبارک پور ، سرپرستی محقق مسائل جدیدہ علامہ مفتی محمد نظام الدین رضوی برکاتی مصباحی صدر شعبہ افتا جامعہ اشرفیہ مبارک پور اور قیادت ادیب شہیر علامہ فروغ احمد اعظمی مصباحی شیخ الحدیث مدینۃ العربیہ دوست پور سلطان پور فرمائیں گے۔
مولانا نفیس احمد مصباحی ، مولانا اختر حسین فیضی ، مولانا اختر کمال قادری ، خطیب شہیر مولانا مسعود احمد برکاتی مصباحی ، مولانا خالد ایوب مصباحی شیرانی راجستھان ، مولانا کمال احمد علیمی،مفتی محمد صادق مصباحی ، انجینئر محمد حسنین رضا ایوبی ،مولانا محمد کونین رضا ایوبی ،نورالہدی مصباحی گورکھپور ،مفتی محمد صادق مصباحی ،مفتی محمد شمس الدین مصباحی التفات گنج،اسیر حضور مفتی اعظم ہند الحاج محمد سعید نوری، مفتی محمد رضاء المصطفیٰ برکاتی مصباحی پڈرونہ کے ساتھ ساتھ جماعت اہل سنت کے اکابر علما و مشایخ کی آمد یقینی ہے۔
صاحب سجادہ شاہ محمد سبطین رضا قادری ایوبی نے کہا کہ انوار قرآن سیمینار مذاکرات 2025 کی تیاریاں عروج پر ہیں۔
منتظمین و رضا کاران علما و مشایخ کی خدمت کے لیے کمربستہ ہیں، وقت قریب سے قریب تر ہوتا جارہاہے،انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں،دل اضطراب کی کیفیت سے دوچار ہے۔
ایوبی گلشن میں بہار آنے کو ہے،کلام اللہ کی بھینی بھینی ، میٹھی میٹھی خوشبوؤں ،یعنی تلاوت ، ترجمہ و تفسیر سے ممبئی عظمیٰ کی سرزمین معطر و مشکبار ہونے والی ہے، رب کریم ! میرا اور میرے ساتھ میں رہنے والے ، کاموں میں حصہ لینے والے ، مالی تعاون کرنے والے ، محنت کرنے والے ، شریک ہونے والوں کو اپنی رحمت کاملہ سے نواز اور سب کی زندگی کو نیک اور خوب صورت بنا ، سب کی نیک مرادوں کو قبول فرماے
رب العالمین اپنے کلام کی برکت سے ہمیں ایمان کے ساتھ دنیا میں رہنے اور ایمان کے ساتھ دنیا سے جانے کی توفیق عطا فرما اور مندوبین و مقالہ نگاران اور حاضرین کو بھی اپنی نعمت سے نوازے،ارباب خانقاہ ایوبیہ نے لوگوں سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔