محمد رفیع کی قوت ارادی مضبوط اور کام بے حد منظم
محمد رفیع کی قوت ارادی مضبوط اور کام بے حد منظم :
پروفیسر شکیل قاسمی
محمد رفیع کو اعزاز ملنا ان کے ساتھ ہی تمام اردو داں اور اساتذہ کے لیے باعث افتخار ہے : ڈاکٹر وسیم رضا
محمد رفیع کو مولوی عبدالحق ایوارڈ سے نوازنا ایس ایم اشرف فرید کا جرأت مندانہ قدم : پروفیسر شبیر احمد
پٹنہ، 9/ ستمبر، اردو ایکشن کمیٹی کی طرف سے محمد رفیع کی ہمہ جہت خدمات کے اعتراف میں مولوی عبدالحق ایوارڈ سے نوازے جانے پر فاران فاؤنڈیشن انڈیا کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مولانا شکیل احمد قاسمی، پٹنہ نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ :
اردو کے حقوق کی جدوجہد ہو یا اردو اساتذہ کے مسائل، اردو یونٹ کے تحفظ کا معاملہ ہو یا اردو اسکولوں کی تعطیل کامسئلہ، محمد رفیع نے ان کاموں کے لیے منظم تحریک چلائی، کوشش کی اور کام یابی حاصل کی۔
گزشتہ دنوں اردو، فارسی، عربی اساتذہ کے لیے اہلیتی امتحان کے انعقاد پر ارباب حکومت کو انہوں نے موثر انداز میں متوجہ کیا، ان کی تحریک کی بازگشت ایوان حکومت میں بھی سنی گئی اور مثبت کاروائی ہوئی۔ اردو اساتذہ کو جس طرح انہوں نے منظم کیا اس کے خوشگوار اثرات پورے بہار پر مرتب ہوئے، ان کی قوت ارادی بہت مضبوط اور ان کا کام بہت منظم ہوتا ہے۔
اردو کے ایسے بے لوث خادم کو اردو ایکشن کمیٹی کی طرف سے مولوی عبدالحق ایوارڈ سے سرفراز کیا جانا لائق تحسین ہے۔اردو ایکشن کمیٹی کے صدر اور کثیر الاشاعت اردو روزنامہ قومی تنظیم پٹنہ کے مدیر اعلیٰ جناب ایس ایم اشرف فرید نے موصوف کو ایوارڈ سے نواز کر قابل تقلید کام کیا ہے
وہیں رامیشور سنگھ کالج مظفر پور کے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر وسیم رضا نے اپنے مبارک بادی پیغام میں کہا کہ بہار کی نامور ہستیوں کے دستِ مبارک سے قومی اساتذہ تنظیم کے صوبائی کنوینر جناب محمد رفیع کو مولوی عبدالحق ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ صرف ان کے لئے باعثِ انبساط محض نہیں ، بلکہ تمام اردو داں حلقے کے لئے اور بالخصوص تمام اردو اساتذہ کے لیے باعث افتخار ہے۔
اس موقع پر معروف قومی وسیاسی راہنما اور بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے ممبر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد نے بھی موصوف کو مبارک باد پیش کیا ہے اور ان کی خوبیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ جناب ایس ایم اشرف فرید صاحب کا اور اردو ایکشن کمیٹی کے تمام ذمہ داروں کا جرات مندانہ اور قابل تقلید قدم ہے کہ انہوں نے اردو کے بے لوث خادم جناب محمد رفیع کو یہ عظیم الشان ایوارڈ دیا ہے
موصوف کو یہ ایوارڈ ملنا تمام اردو اساتذہ اور قومی اساتذہ تنظیم کے تمام ذمہ داران و کارکنان اور خاص طور سے اردو کے تحفظ و بقا کے لیے جدوجہد کرنے والے تمام قائدین کے لیے قابل فخر لمحہ ہے
اس کے لیے ہم انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں اللہ رب العزت ان سے قوم وملت کی فلاح کا بڑا کام لے گا۔
Pingback: تنگ ہوتی زمین بند ہوتے راستے ⋆ محمد رفیع