عید منانے کا اسلامی طریقہ

Spread the love

عید منانے کا اسلامی طریقہ !

شمع ہدایت: محمد محفوظ قادری

عن قریب رمضان المبارک کا مہینہ رخصت ہونے والا ہے،جس طرح اہل ایمان اس کی آمد کی خوشیاں منا رہے تھے آج وہی اہل ایمان اس کے رخصت ہونے پر غمزدہ اور مایو س نظر آرہے ہیں۔کیوں کہ یہ مہینہ اللہ کی طرف سے اللہ کے بہت سے انعاما ت لے کر مسلمانوں کے لیے حاضر ہوا ۔

اس ماہ مقدس میں اللہ نے اپنی رحمتوں کے دروازے اپنے بندوں کے لیے کھول دیئے،اللہ نے اپنی مغفرت کو اپنے بندوں کے واسطے عام فرمادیا، اورجہنم کے دروازے ایمان والوں کے لیے اللہ نے بند کر دیئے۔

اللہ نے اپنے مومن بندوں کے رزق میں خوب اضافہ فرمایااپنی بے شمار نعمتوں کے ذریعہ ۔بہرحال اللہ کا فیصلہ کہ ہر چیز کو آنے کے بعد جانا ہے اور باقی رہنے والی ذات صرف اللہ رب العزت کی ہے۔

لیکن اللہ اس ماہ مقدس کے رخصت ہونے پر اپنے بندوں کو ایک اور عظیم نعمت سے سر فرازفرماتا ہے اور وہ نعمت اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمیں خوشی کی صورت میں حاصل ہوتی ہے ۔جس کو ہم عید الفطر کہتے ہیں۔

اب چاروں طرف عیدالفطر کی آمد کا شور ہے۔اللہ کے نیک بندے حسب استطاعت ماہ رمضان کی رحمتیں وبرکتیں اپنے دامنوں میں سمیٹ چکے ہیں۔

عید انہی نیک بندوں کے لیے انعام کا دن ہے کہ جو بندے نمازوں کی پابندی کے ساتھ روزے ،نماز تراویح،اعتکاف،تلاوت قرآن اور دوسری صدقات و خیرات جیسی عبادات کرتے ہوئے نظرآئے۔

عید الفطر اللہ کی طرف سے ان نیک بندوں کیلئے اجرو ثواب کا دن ہے ۔

جیسا کہ حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں جب عید الفطر کی رات آتی ہے تو اس رات کو لیلتہ الجائزہ کہتے ہیں۔جب عید الفطر کا دن نکلتاہے تو اللہ تعالیٰ اپنے فرشتوں کو تمام شہروں میں پھیلا دیتا ہے۔

وہ زمین کی طرف اترتے ہیں اور گلیوں کے کناروں پر کھڑے ہو کر ایسی زور دار آواز سے پکارتے ہیں جس کو جنوں اور انسانوں کے علاوہ تمام مخلوق سنتی ہے

فرشتے کہتے ہیں کہ اے امت محمدیہ علیہ السلام! اپنے رحیم و کریم رب کی طرف نکلووہ زیادہ ثواب عطافرماتاہے اور بڑے گناہوں کو بخش دیتاہے۔

جب وہ (روزے دار)عید گاہ کی طرف جاتے ہیں تو اللہ تعالیٰ فرشتوں سے فرماتا ہے کہ اے میرے فرشتو!فرشتے عرض کرتے ہیں اے رب !ہم حاضر ہیں

اللہ رب العزت فرماتا ہے کہ جب کوئی مزدور اپنی مزدوری پوری کرلے تو اس کی کیا مزدوری ہونی چاہئے۔۔؟فرشتے عرض کرتے ہیں کہ اے ہمارے پروردگار!اُس کو پورا اجر عطا فرما۔اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اے میرے فرشتومیں تمہیں گواہ بناتا ہوں ،میں نے اپنے روزے دار بندوں کے روزوں اور قیام کاثواب اپنی رضا اور اپنی بخشش کی صورت میں عطا کیا۔

پھر اللہ رب العزت فرماتا ہے کہ اے میرے بندو!مجھ سے مانگوں مجھے اپنی عزت و جلال کی قسم !آج جو کچھ تم مجھ سے اپنی آخرت کے لیے اس جماعت میں مانگوگے تمہیں عطا کروں گا۔

اور دنیا کے لیے (جائز طریقے سے)جو کچھ مانگو گے وہ بھی عطا کروں گا۔مجھے اپنی عزت و جلال کی قسم !میں تمہاری لغزشوں پر پردہ ڈال دوں گا جب تک کہ تم میرے احکام کی حفاظت کروگے۔

میں تمہیں ان لوگوں کے درمیان ذلیل و رسوا نہیں کروں گاجن پر حد واجب ہوگئی۔بخشش حاصل کرتے ہوئے اپنے گھروں کو واپس لوٹو تم نے مجھے راضی کیا اور میں تم سے راضی ہوا۔

حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا اس بات پر فرشتے خوش ہوتے ہیں اور اس بات کی خوشخبری دیتے ہیں جو اللہ نے اس امت کو (بھلائی )عطافرمائی۔

عید منانے کا اسلامی طریقہ:

ہرمذہب کے ماننے والے لوگوں کے کچھ تیوہار ہوا کرتے ہیں لیکن ان تیوہاروں کے منانے کا طریقہ الگ الگ ہوا کرتا ہے

لیکن قربان جائیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی پر کہ جو طریقہ حسن تیوہار منانے کا آپ نے مسلمانوں کو بتایا وہ طریقہ کسی اور مذہب میں نہیں ملتا حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب تمہیں کوئی خوشی ملے تو سب سے پہلے اپنے رب کا شکر ادا کرتے ہوئے اللہ کو یاد کرو۔یوں تو ہماری زندگی میں ہمیں بہت سی خوشیاں ملتی ہیں

لیکن کچھ خوشیاں کبھی اور خاص موقعوں پر حاصل ہوتی ہے اور وہ خاص موقع ہماری زندگی میں سال میں دوبار آیا کرتے ہیں ایک عید الفطر اور دوسرے عید الاضحی۔

ان دنوں میں ہر بندئہ مومن خوش ہوا کرتا ہے اور اگربندہ اپنی خوشی میں اپنے خالق ومالک اللہ کو شامل کرلے تو اس کی یہ خوشی دوگنی ہوجایا کرتی ہے عید کے دن ہر بندئہ مومن اپنی حیثیت کے مطابق اچھا لباس بناتا ہے عمدہ اور بہترین کھانوں کا انتظام کرتا ہے

لیکن مذہب اسلام نے یہ خوشی اکیلے منانے کا حکم نہیں دیا ۔مذہب اسلام ہی صرف ایک ایسا سچامذہب ہے جس نے اپنے ماننے والو ں کو خوشی اور غم منانے کے تمام طور طریقے سکھائے ہیں۔

غم اور خوشی میں امیری اور غریبی کے فرق کو مٹا یا،اورحکم دیا ایک امت مسلمہ ہوکر اپنی خوشیوں کا اظہار کیا کرو۔اور حکم دیا کہ خوشیوں کے موقع پر(عیدین)اپنے آس پڑوس اور رشتہ داروں پر نظر کر لیا کرو کہیں کوئی ایسا تونہیں جو اپنی غربت اور بے بسی کے سبب عید کی خوشیوں میں شامل نہیں ہوسکے۔

ہم میں سے جو لوگ صاحب حیثیت ہیں اللہ نے ان کو مال و دولت سے نوازہ ہے ان کے متعلق حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ان پراپنے روزوں کا صدقہ فطر ادا کرنا واجب ہے کیوں کہ جب وہ اپنے مال سے صدقہ فطر ادا کریں گے تو اللہ کے وہ بندے کہ جن کے پاس مال و دلت نہیں ہے،جن کے پاس عید کے دن اچھے کپڑے پہنے کو نہیں ہیں اور اچھے کھانے ان کو غربت کی وجہ سے میسر نہیں ہوتے ۔

اللہ کے ان بندوں کو عید کے دن اپنی غریبی و بے بسی کا احساس نہ ہواس بات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اللہ رب العزت نے ہر امیر پرصدقہ فطر ادا کرنا واجب قرار دیا

اور صدقہ فطر کا مقصد صرف یہی ہے کہ عید کے دن غریب اور بے سہارا لوگوں کو اس بات کا احساس نہ ہو کہ آج عید کے دن ہمارے پاس پہنے کو اچھے کپڑے اور کھانے کے واسطے بہترین کھانے ہمیں دستیاب نہیں ہیں۔

اس لیے ہر صاب نصاب پر صدقہ فطر ادا کرنا لازمی ہے تاکہ وہ لوگ صدقہ فطر ادا کریں اور جن کو صدقہ فطر دیا جا رہا ہے وہ اس کے ذریعہ اپنی ضرورتوں کو پورا کر کے امیر اور غریب سب ایک ساتھ کھڑے ہوکر اپنے مالک حقیقی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہوں۔

اسی لیے علماے کرام فرماتے ہیں کہ صدقہ فطر عید کی نماز سے پہلے ہی ادا کردینا چاہئے تاکہ جس کو صدقہ فطر دیا جا رہا ہے وہ بھی تمہارے ساتھ عید گاہ میں دورکعت نماز عید الفطر خوشی کے ساتھ ادا کرسکے ۔

یہاں سے ہمیں اس بات کی بھی نصیحت ملتی ہے کہ اللہ کے نزدیک امیری اور غریبی کو ئی معنی نہیں رکھتی ہے۔ بلکہ جس طرح ایک امیر انسان اللہ کو یاد کرنے کاحق رکھتا ہے اسی طریقے سے وہ حق ایک غریب انسان کو بھی حاصل ہے اور امیر لوگ غریبوں کو گری ہوئی نظر سے نہ دیکھیں اس لیے ان پر صدقہ فطر ادا کرنا واجب قراردیا۔

اگر صدقہ فطر ادا نہیں کیا تو ان کے روزے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا آسمان اور زمین کے درمیان لٹکے رہیں گے ۔مذہب اسلام نے اپنے ماننے والوں کو حکم دیا کہ جب عیدالفطر کے دن عید گاہ کے لیے اپنے گھروں سے نکلوتوکوئی میٹھی چیز کھاکر نکلوچاہے کھجور ہی کیوں نہ ہو اور اللہ کی حمد وثناء اور اس کی بڑھائی بیان کرتے ہوئے نکلو اور عید گاہ میں داخل ہوکر بھی دو رکعت نماز کے ذریعہ اپنے رب کی حمد وثنااور اس کاذکرکرو۔

پھر دوکعت نماز کے بعد ایک دوسرے سے گلے لگ کر امیری اور غریبی کے فرق کا مٹاتے ہوئے اپنی خوشیوں کا اظہار کرو۔پھر جب عید گاہ سے اپنے گھروں کوواپسی کرو تب بھی تمہاری زبانوں پر اللہ کا ذکر ہونا چاہیے ۔

مذہب اسلام ہمیں درس دیتا ہے کہ اچھا خوب صورت لباس پہنے ، عمدہ کھانے ، عورتوں سے مصافحہ کرنے،سنیما ہالوں میں جانا ، بائک ریس کرنا، اور دوسری تمام خرفات کے ساتھ لذت و شہوت سے نفع اندوزی کا نام عید نہیں ہے۔

بلکہ مو من کامل کی عید یہ ہے کہ اس کی عبادت قبول ہونے کی علامات ظاہر ہوں،گناہ اور خطائیں مٹ جائیں ،برائیاں نیکیوں سے بدل جائیں ،بلندئی درجات کے اشارات اللہ کی طرف سے حاصل ہوں، قوت و یقین کے ذریعہ دل کوسکون عطا ہوجائے۔

اور مومن کی عیدصرف اللہ کی رضا حاصل کرنے کیلئے ہوتی ہے۔جب بندئہ مومن عید کی نماز کے لیے جاتا ہے تو اس کے سر پر رشد و ہدایت کا تاج اور آنکھوں سے تدبروعبرت کی علامات ظاہر ہو تی ہیں۔

اس کے کان حق سنتے ہیں اور اس کی زبان سے توحید الٰہی کی صدائیں گونجتی ہیں۔اس کا معبود تمام مخلوق کا رب ہے پھر وہ اس کے سامنے گڑ گڑاتا اور سوال کرتا ہے۔

تو اللہ کی طرف سے قبولیت اور عطا کی صورت میں جواب ملتا ہے۔کہ اے میرے بندہ! تونے مجھے راضی کیا میں تجھ سے راضی ہو گیااور میں نے تجھے اپنی بخشش و مغفرت سے نواز دیا۔

کہا گیا ہے کہ عید کے دن ایک شخص حضرت علی رضی اللہ عنہ کی خدمت میں حاضرہوادیکھا کہ آپ خشک روٹی تناول فرمارہے تھے اُس شخص نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے کہا کہ آج عید کا دن ہے اور آپ خشک روٹی تناول فرما رہے ہیں۔۔؟

آپ نے فرمایا آج عید اس کی ہے کہ جس کے روزے قبول ہوئے،محنت مشکور ہوئی ،اور گناہ بخش دیئے گئے ۔آج کا دن بھی ہمارے لیے عید کا دن ہے اور کل کا دن بھی ہمارے لیے عید کا دن ہوگااور ہر وہ دن جس دن ہم اللہ کی نافرمانی نہ کریں وہ دن ہمارے لئے عید کا دن ہے۔

معلوم ہوا ظاہری خوشی کے حاصل ہونے کا نام عید نہیں ہے بلکہ اصل عید وہ ہے کہ جو ہم نے اللہ کی بارگاہ میں نیک اعمال کی پیش کئے ہیں وہ قبولیت کا مقام حاصل کرلیں یہی ہمارے لئے اصل عید ہو گی۔

حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے عید کے دن اپنے بیٹے کو پرانے کپڑے پہنے ہوئے دیکھا تو بیٹے کی اس حالت کو دیکھ کر رونے لگے ،بیٹے نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو روتے ہوئے دیکھا تو عرض کی کہ اے والد محترم! آپ کس لیے روتے ہیں۔۔؟

حضرت عمر نے ارشاد فرمایا کہ آج عید کا دن ہے جب تمہارے ساتھ کے لڑکے تمہیں پرانے کپڑوں میں دیکھیں گے تو تمہارا دل غمزدہ ہوکر ٹوٹ جائے گا،یہ الفاظ سن تے ہی بیٹے نے جواب دیا کہ اے ابا جان! دل اس کا ٹوٹے گا کہ جو اپنے رب کی رضا حاصل کرنے سے محروم رہا ہو

آج کے دن غمزدہ وہ ہوگا کہ جس نے اپنے ماں باپ کی نافرمانی کی ہو ۔مجھے اپنے رب کی ذات پر بھروسہ ہے کہ آپ کی رضامندی کے طفیل میرارب بھی آج مجھ سے راضی ہوجائے گا بیٹے کی زبان سے یہ الفاظ سن کر حضرت عمر کی آنکھوں میں آنسوں آگئے اور آپ کی زبان سے بیٹے کے لیے یہ دعائیہ الفاظ نکلے کہ’’ فقر اور صبر دوکپڑے ہیں اور ان کے درمیان ایک دل ہے جس کو اُس کا مالک عید اور جمعوں میں دیکھتا ہے‘‘۔(مکاشفتہ القلوب)

معلوم ہوا کہ عید نام نئے کپڑوں اور اچھے کھانوں کا نہیں ہے(اگر چہ مال ودولت کے ہوئے ہو نئے کپڑے پہننے ،اوربہتریں کھانے ،کھانے میں شکر گزاری کے طور پر کوئی حرج نہیں ہے) لیکن اصل عید یہ ہے کہ ہمارے اعمال صالحہ بار گاہ الٰہی میں قبول ہوں ،ہم سے ہمارا رب راضی ہوجائے اور ہمارے والدین بھی ہم سے خوش ہوں

حقو ق اللہ اور حقوق العباد کی ادائے گی ہماری زندگی مقصد ہو تو ہماری زندگی کا ہر دن عید ہے اور اگر ہم نے ظاہری پوشاک پر نظر رکھی اچھے کھانوں کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا حقوق اللہ اور حقو ق العباد سے ہم غافل رہے تو نئے لباس کو زیب تن کرنے کے بعد خوشیوں کا اظہار کرنا یہ مذہب اسلام کے خلاف ہے اللہ اور اس کے رسول کی ناراضگی کا سبب بن سکتا ہے۔

عید کے دن کچھ مستحب کام:

مسواک کرنا، غسل کرنا،اپنی حیثیت کے مطابق اچھا لباس پہنا، خوشبو لگانا(عطر)،عید کی نماز کے لیے عیدگاہ جانا اگر کوئی عذر نہ ہو تو ،راستے میں بلند آواز سے تکبیرات پڑھنا،ایک راستے سے جانا اور دوسرے راستے سے آنا اگر ممکن ہوتو ،نماز عید سے پہلے کوئی میٹھی چیز کھانا اگر چہ کھجور ہی کیوں نہ ہو۔

عید کے دن :

ہمیں اپنے مرحومین کو بھی یاد رکھنا چاہیے حضور صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ جو شخص عید کے دن تین سو مرتبہ سبحان اللہ وبحمد ہ پڑھتاہے اور اس کا ثواب اپنے مرحومین کو پہنچاتا ہے تو ہرمسلمان کی قبر میں ایک ہزار انوار داخل ہوتے ہیں اور جب یہ انسان دنیا سے رخصت ہوگا تو اللہ اس کی قبر میں بھی ایک ہزار انوار دخل فرمائے گا۔(مکاشفتہ القلوب)

اللہ رب العزت ہماری ماہ رمضان کی تمام طرح کی نیک عبادات کو محبوب کے وسیلے سےقبول فرماکر آخرت میں نجات کا سامان بنائے ،اور دین اسلام کے مطابق عید الفطر کی خوشی کا اظہار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

محمد محفوظ قادری

رام پور،یو۔پی9759824259

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *