طلبہ علم وعمل کے زیور سے خود کو مزین کریں
طلبہ علم وعمل کے زیور سے خود کو مزین کریں: مولانا حافظ اللہ بخش اشرفی کا بصیرت افروز خطاب
سہلاؤ شریف، باڑمیر
(پریس ریلیز) 29 جمادی الآخرہ 1446ھ/یکم جنوری 2025 بروز بدھ (خمیس کی رات) سنی تبلیغی جماعت باسنی کے جنرل سکریٹری اور نگینہ مسجد کے خطیب و امام، حضرت علامہ مولانا حافظ و قاری اللہ بخش صاحب اشرفی مدظلہ العالی صدر المدرسین مدرسہ غوثیہ کلا جماعت خانہ باسنی ناگور شریف نے دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف میں تشریف لا کر طلبہ سے ناصحانہ خطاب کیا۔بعد نمازِ عشاء دارالعلوم کی عظیم الشان “غریب نواز مسجد” میں منعقدہ ناصحانہ مجلس کی ابتدا تلاوتِ کلام ربانی سے ہوئی، جس کے بعد ایک خوش الحان وخوش گلو طالب علم نے نعتِ رسول ﷺ پیش کی۔
پھر دارالعلوم کے ناظم تعلیمات ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے حضرت مولانا حافظ وقاری اللہ بخش صاحب اشرفی کا مختصر تعارف کراتے ہوئے آپ کو اپنے ناصحانہ کلمات سے نوازنے کے لیے مدعو کیا
چناں چہ آپ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے دینی تعلیم کے حصول کو اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت قرار دیا۔ انہوں نے حدیث شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: “اللہ تعالیٰ جس کے ساتھ بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے، اسے دین کی سمجھ عطا فرماتا ہے
۔”حضرت مولانا حافظ اللہ بخش صاحب اشرفی نے وقت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ اپنے اوقات کو منظم کریں اور تحصیلِ علم کے لیے پابندی اور محنت کو اپنی عادت بنائیں۔
درسی کتب کے حل اور مطالعہ کے ساتھ غیر درسی اسلامی، فقہی، تاریخی کتب، اخبارات، رسائل اور بالخصوص “بہارِ شریعت” جیسے فقہی انسائیکلوپیڈیا کا مطالعہ بھی معمول میں شامل کریں۔
انہوں نے علم کے ساتھ عمل کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے فرمایا کہ علم بغیر عمل کے بے فائدہ ہے، اور جو علم پر عمل نہ کرے، اس کا علم بے کار ہے۔ انہوں نے اسلاف کی مثالیں پیش کیں کہ کیسے وہ اپنے علم پر عمل کے ذریعے مثالی شخصیت بنے۔

آخر میں، مولانا اشرفی نے دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف کے مہتمم وشیخ الحدیث نورالعلماء حضرت علامہ سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی اور ادارے کے اساتذہ کی دینی خدمات کو سراہا۔ دعا اور صلوٰۃ وسلام پر مجلس کا اختتام ہوا۔
ان شاءاللہ آپ کا یہ ناصحانہ خطاب طلبہ کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔اس مجلس میں دارالعلوم کے تقریباً سبھی اساتذہ وطلبہ موجودرہے جن میں دارالعلوم کے صدرالمدرسین حضرت مولانا دلاور حسین صاحب قادری،مولاناجمال الدین صاحب قادری انواری،مولانا خیرمحمد صاحب قادری ، مولانا عبدالرؤف جامعی،مولانا عبدالسبحان مصباحی، مولانا علم الدین قادری انواری، مولانا فخرالدین انواری، مولانا قاری محمد جاوید سکندری،حافظ وقاری برکت علی قادری، ماسٹر محمد یونس خان وغیرہ قابل ذکر ہیں
رپورٹ:حبیب اللہ قادری انواری
آفس انچارج:دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف،گرڈیا،تحصیل:رامسر،ضلع:باڑمیر(راجستھان)