جلوس محمدی وقت کی ضرورت
ہندوستان کے موجودہ حالات کے پیشِ نظر میرا مشورہ ہے کہ میلادالنبیﷺ کے مبارک ایام میں مسلمانوں کو اب ملک بھر میں جلوسِ محمدی کا انعقاد کرنا چاہیے، میلادالنبی کے ایّام یقینی طورپر مسرت آمیز ہوتےہیں اور بابرکت بھی، ان دنوں میں ایک عجیب روحانی سرور بھی ہوتاہے، اور دیکھنے میں آرہاہے کہ موجودہ حکمران بھی میلاد النبی کے دنوں کا ظاہری ہی سہی احترام کررہےہیں، میرے خیال سے ان جذبات کو utilize کیا جانا چاہیے
آج کے ہندوستان میں اسلام اور ہمارے نبیۖ کی نسبت سے ہمیں ملکی سطح پر جتنے بھی مواقع مل جائیں غنیمت ہیں ان کےذریعے ہم پیغامِ نبوت کو عام کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے وجود کو بھی ثابت کرسکتےہیں، ضروری نہیں کہ سب لوگ ۱۲ تاریخ کو ہی ایسی تقاریب کا انعقاد کریں بلکہ ربیع الاول کے پورے مہینے اس کا ماحول بنائے رکھنا چاہیے، اور جس بھی نام سے چاہیں منائیں
البتہ امّتی اتحاد کے مظہر کے لیے جلوسِ محمدی کے عنوان تلے ملک بھر کے مسلمان جمع ہوں تو کیا ہی نظارہ ہوگا _
دیکھنے میں آرہاہے کہ موجودہ ہندوتوا دور میں بھی متعصب پولیس سسٹم میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے مجالس و جلوس کے انعقاد کے لیے مسلمانوں کو جابجا تعاون بھی کرتاہے، ہم لوگ جن حالات سے گزر رہے ہیں ان میں ہمیں ایسے مواقع کو استعمال کرنا اگر نہیں آیا تو یقینًا ہم سے زیادہ بےوقوف کوئی ہو نہیں سکتا
اس ملک میں حکم رانوں اور سسٹم کے تعاون کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے وجود کو ثابت کرنے اور محمدﷺ کے نام لیواؤں کی شوکت و قوت کے مظاہرے کے جتنے بھی مواقع اب مل جائیں انہیں ملّی زندگی کے لیے استعمال کرنا چاہیے اور رفتہ رفتہ ملک بھر میں ایسی ترتیب کرنی چاہیے کہ سال بھر میں ایسے بہت سے دن مسلمانوں کے خاص مذہبی جذبات کے دن سمجھے جانے لگیں جن کا احترام ظالم طاقتوں کو بھی کرنا پڑے، اور ان دنوں کو مسلمان مسلکی و گروہی بیڑیوں سے بالائے طاق ہوکر ملّت کے لیے مفید بنائیں
اور جن حالات سے ہمارا سابقہ ہے ان حالات میں اسلامی تعلیمات بھی اس طرح شوکت و قوت کے مظاہرے کی ترغیب دیتی ہے، مجھے امید ہےکہ اللہ کے چہیتے پیغمبر محمدﷺ کی نسبت سے ہم اس ملک میں دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتےہیں، ہمارے نبی صلی اللہ علیہ والہ و سلم جہاں رحمدلی اور مرحمت کے لیے معروف تھے وہیں بےخوفی اور بہادری ہمارے نبیۖ کی پہچان تھی، آج کے حالات میں دعا کیجیے کہ اللہ رب العزت ہمیں بہادر نبیۖ کا بہادر امتی بنائے_
نسیم خان کا کیا ہی معنٰی خیز شعر ہے:
اس پر سلام رویا جو امت کے واسطے
اس پر درود جو ہمیں توبہ سکھا گیا
آئیے میلادالنبی کے بابرکت دنوں میں بزدلی سے توبہ کریں، صلی اللہ علیہ وسلم _❤
✍: سمیع اللہ خان
Pingback: جلوس محمدی ﷺ بڑی شان سے اختتام پذیر ہوا ⋆ اردو دنیا
Pingback: اشرفیہ لائیبریری کے زیر اہتمام تین روزہ جشن عید میلاد النبی و جلوس محمدی اختتام پذیر
Pingback: شعبۂ خواتین کی برخاستگی ⋆ اردو دنیا سمیع اللہ خان
Pingback: خود بھی سیاست میں حصہ لیں اور دوسروں کو بھی مشورہ دیں ⋆ جاوید اختر بھارتی
Pingback: فکر لال بتی کی نہیں بس لال کارڈ کی ہے ⋆ اردو دنیا تحریر:جاوید اختر بھارتی
Pingback: جماعت اسلامی اور آر ایس ایس مذاکرات سنگھ کے سلسلے میں ہمارا موقف قطعی ہے ⋆