جلوس محمدی ﷺ بڑی شان سے اختتام پذیر ہوا

Spread the love

جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم بڑی شان سے اختتام پذیر ہوا

آج مؤرخہ 12ربیع النور 1444ھ مطابق 9 اکتوبر 2022ء بروز اتوار کو سر زمین(منڈیا گنوں،سہالی کھدر،ضلع مرادآباد،یوپی) میں کل کائنات کی سب سے عظیم ترین ہستی حضور پر نور خاتم النبیین ﷺکے جشن ولادت باسعادت کے مبارک اور حسین موقع پر جشن جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم  نے پوری عقیدت و محبت اور شان و شوکت سے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یوں تو ہر سال جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم ہم اہل سنت و جماعت بڑی شان و شوکت کے ساتھ نکالتے ہیں لیکن اس سال بارش ہونے کے باوجود عاشقان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جلوس نکال کر اور کثیر تعداد شریک ہوکر یہ ثابت کردیا کہ جو عاشق نبی صلی اللہ علیہ وسلم ہوتے ہیں وہ ہر حال میں اپنے نبی کی محبت میں دھوم دھام سے جلوس نکالتے ہیں۔

اور جلوس کا بڑا حسین منظر تھا کہ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا اور رم جھم رم جھم بارش اور عاشقان رسول بارش میں بھیگتے بھیگتے،دھیمی دھیمی چال چل رہے تھے۔ اور اس دھوم دھام سے جلوس نکالنے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جیسا کہ اعلی حضرت امام احمد رضا محدث بریلوی قدس سرہ فرماتے ہیں:

حشر تک ڈالیں گے ہم پیدائشِ مولیٰ کی دھوم

مِثل فارس نجد کے قلعےگراتے جائیں گے۔

خاک ہوجائیں عَدُو جل کر مگر ہم تو رؔضا

دم میں جب تک دم ہے ذکر اُن کا سناتےجائیں گے۔

اس مبارک حسین موقع پر حضرت مولانا محمد نفیس القادری امجدی خطیب و امام اعلی حضرت جامع مسجد منڈیا گنوں سہالی کھدر مرادآباد نے بعد جلوس اپنے خطاب میں مسلمانان اہل سنت کو دلی مبارکباد اور تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا  کہ محسن انسانیت، خاتم النبین، رحمة للعالمین کی ولادت و بعثت درحقیقت من جانب اللہ رحمت ہے اور  پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ رب العزت جل جلالہ نے ساری کائنات کے لیے رحمت بنا کر بھیجا۔

آج ہمیں سیرت مصطفی پڑھنے اور اس پرعمل کرنے کی ضرورت ہے اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے امن و شانتی کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔

اور جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کے اختتام پر مدرسہ دار العلوم نور الاسلام(منڈیا گنوں سہالی کھدر) میں قل شریف اور حضرت مولانا محمد نفیس القادری امجدی مدیر اعلی سہ ماہی عرفان رضا مرادآباد کی دعا پر اختتام پذیر ہوا۔

اللہ رب العزت جل جلالہ نبی کریم  میلادالنبی ﷺ کے فیوض وبرکات سے ہم سب کو مالا مال فرمائے آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *