پہلگام دہشت گردانہ حملہ

Spread the love

پہلگام دہشت گردانہ حملہ: ایک بہیمانہ و بزدلانہ حرکت، انسانیت پر کاری ضرب علامہ سید نوراللہ شاہ بخاری نے انسانیت سوز واقعے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا

سہلاؤ شریف، باڑمیر (پریس ریلیز)

وادئی کشمیر کے پُرامن خطے پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملہ، جس میں متعدد بےگناہ انسانوں کو نشانہ بنایا گیا، ایک سفاکانہ اور بزدلانہ اقدام ہے جس نے ہر باشعور، انسانیت نواز دل کو رنجیدہ کر دیا ہے۔

اس دلخراش سانحے پر مغربی راجستھان کی عظیم وممتازاور علاقہ تھار کی دینی، علمی، روحانی اور تربیتی وعصری مرکزی دینی درس گاہ “دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف” کے شیخ الحدیث و ناظمِ اعلیٰ نورالعلماء، پیرِ طریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی نے شدید مذمت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں حضرت علامہ شاہ بخاری نے فرمایا:> “اسلام ایک ایسا مذہب ہے جو امن، اخوت اور احترامِ انسانیت کا علمبردار ہے۔ قرآنِ کریم کی یہ آیت ہمارے لیے رہنما ہے:’مَن قَتَلَ نَفْسًۭا بِغَيْرِ نَفْسٍ أَوْ فَسَادٍۢ فِى ٱلْأَرْضِ فَكَأَنَّمَا قَتَلَ ٱلنَّاسَ جَمِيعًۭا’ (المائدہ: 32)یعنی جو شخص کسی بےگناہ کو قتل کرے، گویا وہ پوری انسانیت کو قتل کرتا ہے۔

اس لحاظ سے دہشت گردی کا یہ مذموم عمل اسلامی تعلیمات ہی نہیں، انسانی اقدار اور قومی وحدت کے بھی خلاف ہے۔

انہوں نے مزید کہا:> “یہ اندوہناک واقعہ صرف چند افراد کی جان لینے تک محدود نہیں، بلکہ اس نے ملک کے اجتماعی ضمیر کو جھنجھوڑ دیا ہے۔ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

ایسے عناصر جو اس گھناؤنے فعل کے پس پردہ ہیں، وہ صرف انسانوں کے ہی نہیں بلکہ انسانیت کے بھی دشمن ہیں۔”اس موقع پر محبانِ جہانیاں کمیٹی، جو دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ کے ابنائے قدیم وجدید کی ایک سرگرم، فعال اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار تنظیم ہے،

حکومت ہند سے پُرزور مطالبہ کرتی ہے کہ:1. اس حملے کے پس پردہ مجرموں کو جلد از جلد بے نقاب کر کے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے؛2. مقتولین کے لواحقین کو مکمل انصاف اور معقول مالی امداد فراہم کی جائے؛3. ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، ملی اتحاد اور پرامن فضاء کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

یہ وقت جذبات سے مغلوب ہونے کا نہیں، بلکہ تدبر، اتحاد اور انسانیت کے تحفظ کے عزم کو مزید مستحکم کرنے کا ہے۔

ایسے واقعات ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ امن و انصاف کا قیام، صرف حکومت کی ہی نہیں، بلکہ ہر باشعور شہری کی ذمہ داری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *