ریاست کے کالجوں میں ہوگی بڑے پیمانے پر بحالی

Spread the love

ریاست کے کالجوں میں ہوگی بڑے پیمانے پر بحالی پرنسپلوں کی تقرری  5سال کے لیے ہوگی : وجئے کمارچودھری

پٹنہ(قومی تنظیم،پٹنہ) تقریباً 22 سال بعد بہار کے تمام الحاق شدہ کالجوں میں تیسرے درجے کے ملازمین کی تقرری کی جائیگی۔ ان ملازمین کا تقرر انڈر سروسز سلیکشن بورڈ سے کیا جائے گا۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ایسے ملازمین کی آسامیاں تقریباً سات ہزار ہیں۔

الحاق شدہ کالجوں میں ملازمین کی تقرری کے لیے وائس چانسلرز اور رجسٹرار کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روسٹر کلیئر کریں اور خالی عہدوں کی تفصیل بلا تاخیر دستیاب کرائیں۔ نیز، الحاق شدہ کالجوں میں پرنسپلوں کی تقرری بہار اسٹیٹ یونیورسٹی سروس کمیشن کی سفارش پر پانچ سال کے لیے ہوگی۔

اگر پانچ سال کی سروس تسلی بخش رہی تو انہیں مزید پانچ سال سروس میں توسیع دی جائے گی۔

وزیر تعلیم وجے کمار چودھری نے تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں اور رجسٹراروں سے کہا ہے کہ وہ الحاق شدہ کالجوں میں تیسرے درجے کے ملازمین کی تقرری کیلئے روسٹر کو صاف کریں اور اسامیوں کو بلا تاخیر بھیج دیں۔

مانا جا رہا ہے کہ بہار اسٹیٹ یونیورسٹی سروس کمیشن سے اسسٹنٹ پروفیسروں کی تقرری کا عمل مکمل ہونے کے بعد الحاق شدہ کالجوں کے لیے پرنسپل کا تقرر کیا جائے گا۔

بہار اسٹیٹ یونیورسٹی سروس کمیشن کے ذریعے ریاستی یونیورسٹیوں میں مختلف مضامین کے 46 سو اسسٹنٹ پروفیسروں کی بھرتی کا عمل جاری ہے۔

یہ تقرریاں پٹنہ یونیورسٹی، پاٹلی پترا یونیورسٹی، مگدھ یونیورسٹی، ویر کنور سنگھ یونیورسٹی، جئے پرکاش یونیورسٹی، بی آر اے بہار یونیورسٹی، للت نارائن متھیلا یونیورسٹی، بی این منڈل یونیورسٹی، پورنیہ یونیورسٹی، مونگیر یونیورسٹی، کامیشور سنگھ دربھنگہ سنسکرت یونیورسٹی اور مولانا مظہر الحق عربی ، فارسی یونیورسٹی میں ہو نگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *