مدارس و خانقاہیں دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار

Spread the love

مدارس و خانقاہیں دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار، پہلگام حملے کے خلاف سخت احتجاج، ملک میں امن و آشتی کی دعائیں دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ و خانقاہِ بخاریہ سہلاؤ شریف کا احتجاجی جلوس، دہشت گردوں کے نیست و نابود اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں

سہلاؤ شریف، باڑمیر (پریس ریلیز)

وادئی کشمیر کے پر فضا سیاحتی مقام پہلگام میں پیش آئے بہیمانہ دہشت گردانہ حملے نے ملک بھر کے امن پسند شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس سفّاکانہ سانحے کے خلاف جہاں ایک جانب پورے ملک میں احتجاج کی صدائیں بلند ہوئیں

وہیں دوسری طرف مدارسِ اسلامیہ اور خانقاہوں کے سجادہ نشینان و علمائے کرام نے بھی اس ناپاک حرکت کے خلاف سخت ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے قوم و ملت کو بیداری کا پیغام دیا۔

اسی تسلسل میں مغربی راجستھان کے عظیم وممتازاور علاقۂ تھار کی مرکزی دینی درسگاہ”دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ” اور اس کی بہت سی تعلیمی شاخون اور خانقاہِ عالیہ بخاریہ، سہلاؤ شریف کے زیرِ اہتمام پُرامن مگر پرجوش احتجاجی جلوس کا انعقاد کیا گیا

جس میں علمائے کرام، دانش ورانِ ملت، دارالعلوم و شاخہائے دارالعلوم کے اساتذہ و طلبہ، اور بڑی تعداد میں عوام الناس شریک ہوئے۔ جلوس کے دوران دہشت گردی کے خلاف زوردار نعرے لگائے گئے اور پہلگام حملے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

علماے کرام نے اس موقع پر اپنے پُرجوش اور معنی خیز بیانات میں واضح کیا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ جو انسانیت کے خلاف ہتھیار اٹھائے، جو بے گناہوں کے خون سے ہاتھ رنگے، وہ کسی بھی مذہب، خاص کر اسلام، سے کوئی تعلق نہیں رکھتا۔

اسلام کا پیغام سراپا امن و رحمت ہے، جو کسی بھی ظلم، جبر اور قتلِ ناحق کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔مقررین نے کہا کہ ایسے حملوں کا اصل مقصد ملک کی گنگا جمنی تہذیب، آپسی بھائی چارہ، اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو زک پہنچانا ہوتا ہے

مگر یہ عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ پہلگام کے حالیہ واقعہ میں اہلِ کشمیر نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر کئی قیمتی جانوں کو بچاکر اس سازش کو ناکام بنا دیا، جو ان کی انسان دوستی اور بہادری کا زندہ ثبوت ہے۔

جلوس کے اختتام پر بعد نماز جمعہ غریب نواز مسجد کے سامنے دارالعلوم کے طلبہ، اساتذہ اور عوام کی بڑی تعداد نے احتجاج درج کرایا اور ملک کی سالمیت، دہشت گردوں کی نابودی، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

بعد ازاں درگاہ شریف میں صلوٰۃ و سلام اور ملک کے امن و سکون کی دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔

محبانِ جہانیاں کمیٹی اور دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ کی طرف سے جاری اس مشترکہ احتجاجی بیان میں مرکزی و ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پہلگام حملے کے ذمہ دار دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے، تاکہ ملک میں خوف کا ماحول ختم ہو اور ہندوستان کا ہر شہری خود کو محفوظ محسوس کرے۔

مذکورہ اطلاع دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف کے ناظم تعلیمات ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا –

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *