راستوں پر جانوروں کی نمائش نہ کریں جس سے دوسروں کے جذبات مجروح ہوں

راستوں پر جانوروں کی نمائش نہ کریں جس سے دوسروں کے جذبات مجروح ہوں : مفتی سید ذبیح اللہ نوری
عیدقرباں کے موقع پر امام احمدرضامومنٹ اور بزم رضائے قدسی کی جانب سے مشترکہ ایک پریس کانفرنس میں مسلمانوں سے پرامن طریقہ پر شریعت مطہرہ اورقانون کے دائرہ میں رہ کر خوشیاں منانے کی اپیل کی گئی۔
مومنٹ کے سرپرست مفتی سید ذبیح اللہ نوری (بانی وصدر بزم رضائے قدسی)نے کہاکہ عیدقرباں شعائر اسلام سے ہے ۔
اس موقع پر مسلمان خالص اللہ کی رضا کے لیے اپنے مالوں کا نذرانہ بشکل قربانی پیش کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ جن جانوروں کی قربانی کی اجازت شریعت مطہرہ نے دی مسلمان ان کی قربانی کریں اور ملکی قانون کے مطابق ممنوعہ جانوروں سے حتی الامکان احتیاط کریں۔
یادرکھیں کہ ابھی حکومت بدلی ہے قانون نہیں بدلالہذاجان بوجھ کر اپنے آپ کو ہلاکت میں نہ ڈالیں جس کی وجہ سے جان ومال ضائع ہو،اپنے اور قوم کے لیے مشکلات کھڑی ہوں۔جانورکی خرید وفروخت میں اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ جانور صحیح وسالم اور تندرست وتواناہو،بیماریا عیب دارنہ ہو۔
اگرآپ کے پاس اس کے پالنے کے لیے جگہ موجودہوتو عید سے پہلے ورنہ وقت پر خریدیں۔گلی کوچوں،شاہراہوں،بازاروں اور عام گزرگاہوں پر جانور ہرگزہرگز نہ باندھیں جس سے راہ گیروں اور برادران وطن کو تکلیف وپریشانی اٹھانا پڑھے کیوں کہ اسلام ایک پر امن مذہب ہے وہ کسی کو تکلیف میں دیکھنا بھی پسند نہیں کرتا
مسلمان اپنے قول وفعل اور عمل سے اسے بدنام نہ کریں۔
چند نادانوں کی نادانی پوری قوم کی بدنامی کا باعث ہوتی ہے۔چھوٹے بچوں کے ہاتھوں میں جانور کو ہرگز ہرگز گھمانے پھرانے نہ دیں۔انھیں سجاسنوارکر عام گلیوں چوراہوں اوربازاروں میں نمائش نہ کرائیں جس سے دوسروں کے جذبات مجروح ہوں ۔
اس موقع پر صفائی ستھرائی کا خاص لحاظ رکھیں کیوں کہ صفائی ستھرائی آدھا ایمان ہے۔قربانی کے بعد گندگی اور غلاظت کو کسی بڑی تھیلی یا بورے میں منہ باندھ کر کوڑاگھروں کے اندرڈلوادیں عام راستوں پر آلات وگندگی نہ ہونے دیں۔پانی کااستعمال خوب کریں نالیوں میں خون جمنے نہ دیں۔
تاجروں سے گزارش ہے کہ وہ طرح طرح کے بہانے بنا کر جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ نہ کریں جس سے عام مسلمان قربانی جیسے اہم فریضہ کی ادائیگی سے محروم ہوجائے یادرکھیں ایساکرنے والے گناہ گاراور مستحق عذاب نا رہوں گے۔
قربانی ایک اہم فریضہ ہے جو خالص اللہ کی رضاکے لئے بندوں کا عمل ہے
لہذامسلمان بھی اپنی جھوٹی شان اور نام ونمود کے لیے جانوروں پر بولی لگاکر فضول خرچی اور اسراف سے بچیں۔ورنہ تمہارایہ عمل تمہارے منہ پر ماردیاجائیگا۔عیدکی خوشیوں میں اپنے غریب رشتہ داروں اور پڑوسیوں کا بھی بھرپور خیال رکھیں۔
حدیث شریف میں ہے کہ جو تجھ سے رشتہ توڑے تواس سے رشتہ جوڑ اور جو تیرے ساتھ برا سلوک کرے تو اس کے ساتھ اچھا سلوک کر۔
اس موقع پر مذہبی دینی اداروں کا بھی لحاظ رکھیں بالخصوص امام احمدرضا مومنٹ تقریبا تیس سال سے ریاست کرناٹک میں دینی وملی کاموں میں نمایاں کرداراداکررہاہے اس کا بھی بھرپور تعاون کریںتاکہ دینی اور اسلامی ماحول میں ایک صالح معاشرہ کی تشکیل ہوسکے۔
میڈیاکہ ایک سوال کے جواب میں کہاکہ :جہاں برادران وطن اور مسلمانوں کی جملہ تنظیمات نے متفقہ طور پر کانگریس کو کامیاب بنایا جس میں سنی علماء بورڈ ،جامعہ حضرت بلال اور دیگر سنی تنظیمات نے بھی نمایاں کرداراداکیا ہے۔
ہم امیدکرتے ہیں کہ موجودہ حکومت نے ریاست کرناٹک کی عوام سے جووعدہ کیا ہے اسے وہ ضرورنبھائے گی۔مانا کہ کرسی پر بیٹھنے کے بعد بچھلے گڈوں کو پاٹنے میں وقت لگتاہے ۔اسی لئے جلد باز ی سے کام نہ لے کر ہمیں بھی ان کو کام کرنے کا موقع دینا چاہیے۔
اگر کانگریس اپنے وعدوں میں سچی ثابت ہوگی تو سینٹرمیں بھی بہت جلد نظرآئے گی۔
اس موقع پر سیدصادق ارشاد صدر مومنٹ،مولانا ظہیرالدین خطیب وامام مدینہ مسجد مارکیٹ اور صدام بیگ ایڈوکیٹ نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہارکیا۔(شعبۂ نشرواشاعت امام احمدرضامومنٹ بنگلور)
Pingback: قربانی ہم کیوں کریں ⋆ قمر انجم فیضی