عمرہ کی ادائیگی لمحہ بلمحہ دم بدم
عمرہ کی ادائیگی لمحہ بلمحہ دم بدم
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
(عازمین حج کے سوئے حرم روانہ ہونے کے موقع سے خصوصی تحریر)
اس روئے زمین پر سب سے پہلا گھر لوگوں کے لیے مکہ میں تعمیر کیا گیا ، جس کے ارد گرد اللہ تعالیٰ نے بے پناہ برکتیں رکھیں ، اس کو عالم کے لیے ہدایت کا ذریعہ قرار دیا اور اسے امن و شانتی کی جگہ بنا دیا
حضرت ابراہیم علیہ السلام نے لوگوں کے قلوب کو اس کی طرف کھینچنے کی دعا مانگی اور اللہ تعالی نے قبول کرلی ، اب تمام وہ لوگ جو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی مانتے ہیں، دیوانہ وار اس کی طرف جانا چاہتے ہیں تاکہ اللہ اس کے پاک گھر کا طواف کرسکیں ، تڑپ سب کو دی گئی ، لیکن حج سب پر فرض نہیں کیا گیا ، سب جا بھی نہیں سکتے ، جا تو وہی سکتے ہیں جن کے پاس مال ودولت ہے ، اسی لیے اس سفر کی فرضیت کے لئے استطاعت کی شرط لگا دی گئی ، غرباء جو دو وقت کی روٹی اور سر چھپانے کے لئے محتاج ہیں ،ان کو فرضیت سے الگ رکھا ۔
اب جو عمرہ کے لیے جارہا ہے یا حج کے ساتھ عمرہ بھی کرنا چاہتا ہے اس کو حکم دیا گیا کہ بدن کے زائد بال جو کاٹے جاتے ہیں، اسے کاٹ لے ، ممکن ہوتو غسل کرلے ، ہر طرح سے پاک و صاف ہولے اور اگر وہ مرد ہے تو اپنے سارے سلے ہوئے کپڑے اتار دے اور دو چادر جسم پر لپیٹ لے ، دونوں کا رنگ سفید ہو اور دونوں بے سلے ہوئے ہوں اور اگر وہ عورت ہے تو اپنے روزمرہ کے کپڑے میں جائے
بال نہ ٹوٹیں اس کے لئے سر پر اسکارف باندھ لے، وضوکے وقت اسے کھول کر سرکا مسح کرے ، احرام کے پہلے دو رکعت نماز پڑھ لے ،مردہے تو اپنا سر کھول دے اور نیت کرے الَلّٰھُمَّ ِانی اُریدُ العُمْرَۃ فَیَسّرہالی وَ تَقَبّلْ مِنی: کہ اے اللہ میں عمرہ کی نیت کرتا ہوں اسے آسان کردے اور قبول کرلے ۔
پھر یہ بھی حکم دیا گیا کہ یہ محبت وشیفتگی کی راہ ہے اس لیے آرائش وزیبائش سے اجتناب کرو ، میل نہ چھڑائو، ناخن نہ کاٹو ، خوشبو نہ لگائو ، شکار نہ کرو ، سر کو نہ چھپائو ، جھگڑے لڑائی پہلے بھی ممنوع تھے اب اور احتیاط کرو ، لباس اور وضع قطع میں یکسانیت آگئی اب حج کا ترانہ گائو ، اللہ کے یہاں حاضری درج کرائو ۔لَبَّیْکَ الّٰھُمَّ لَبَّیْکَ لَبَّیْکَ لاَشَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْکَ اِنَّ الْحَمْدَوَالنِّعْمَۃَ لَکَ وَالْمُلْکَ لاَ شَرِیکْ لَکَ۔ میں حاضرہوں ، تیرے حضور حاضر ہوں ، میں حاضر ہوں ، تیرا کوئی شریک نہیں ، بیشک حمد اور شکر کا مستحق تو ہی ہے، انعام واحسان تیرا ہی کام ہے، بادشاہی صرف تیرے لئے ہے ،اور تیرا کوئی شریک نہیں ۔
زبان پر لبیک کا ترانہ ہو اور دل اللہ کی محبت سے معمور ومخمور اور اخلاص کی دولت سے مالا مال ہو ، پڑھتے جائو ، دیکھو کعبہ نظر آگیا ، نگاہیں ادب سے جھکالو ،آگے بڑھو ، دھیرے دھیرے نظر اٹھائو ، مانگ لو ،جو پہلی نظر میں مانگ سکتے ہو ، دنیا بھی مانگو ، عقبی بھی مانگو ، اپنا اپنا ظرف ہے، کوئی دنیا مانگتے مانگتے پلک جھپکادیتا ہے ، کوئی آخرت مانگ کر جنت کا مستحق ہوتا ہے اور کوئی دونوں جہاں کی فلاح مانگتا ہے۔
دائیں جانب دیکھومطاف کے ایک کونے پر،ہری بتی جل رہی ہے ، رک جائو، حجر اسود تمہاری بائیں جانب ہے ، طواف کی نیت کرلو ، تکبیر تحریمہ کی طرح حجر اسود کی طرف رخ کرکے ہاتھ اٹھائو ، بسم اللہ سے شروع کرو ، اللہ اکبر کہو ، اور اللہ کی تعریف نہ بھولو ، بسم اللہ اللہ اکبر وللہ الحمد کہہ لو ۔
دونوں ہاتھوں کو حجر اسود پر رکھ لو، ورنہ دور سے ہی رکھنے کی صورت بنا کر بوسہ لے لو ، طواف عمرہ کا احرام کے ساتھ کررہے ہو یا حج کا تو اپناداہنا کاندھاکھولد و یہ جو کعبہ کے دروازے کے بعد والا کونا ہے، وہاں سے دوسرے کونے تک چہار دیواری سی بنی ہے، اسے حطیم کہتے ہیں
طواف میں اس کے باہر سے چکر لگائو ، یہ دیکھو ، یہ حجر اسود سے پہلے والا کونہ ہے ، اسے رکن یمانی کہتے ہیں،آسانی سے چھو سکو تو چھولو اور یہاں سے رَبَّنَا آتِنَا فِیْ الدُّنْیَا حَسَنۃً وَفِیْ الآخِرَۃِ حَسَنۃً وَقِنَا عَذَابَ النَّار وَاَدْخِلْنَا الْجَنَّۃَ مَعَ الْاَبْرَارِ یَا عَزِیْزُ یَا غَفَّارُ پڑھناشروع کرو ، اس کے علاوہ پورے طواف میں جو دعا یاد ہو ، پڑھو ، نہ یادو ہو تو کلمہ ہی پڑھو ، دعا جو مانگنی ہو اور جس زبان میں مانگنی ہو ، مانگ لو ، اللہ سب زبانیں جانتا ہے اور سب کچھ سنتا ہے
حج کی تیاری میں دعا عربی میں نہیں یاد ہوئی، فکر نہ کرو ، شروع کے تین چکر میں تھوڑا اکڑ کر چلو ، ہر بار حجر اسود پر پہنچو تو پہلے ہی کی طرح بوسہ لو ، سات چکر پورے ہوگئے ، کاندھا ڈھک لو ، جگہ مل جائے تو حجر اسود اور کعبہ کے دروازہ کے درمیانی دیوار سے چمٹ جائو ، سرور خسار کو دیوار سے لگا دو اور دنیا وآخرت کی دولت مانگو ، دیکھو !یہ جو پنجرہ جیسا نظر آتا ہے
اس میں مقام ابراہیم ہے ، اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی یادگار ، ا ن کے پائوں کے نشان پتھر پر ثبت ہیں ، اس کے قریب کھڑے ہوجائو ، اور اللہ نے طواف کرنے کی توفیق دیدی۔
اس کے شکر کے طور پر واجب دو رکعت نماز پڑھ لو ، قریب نہ جگہ ملے تو دور ہٹ کر پڑھ لو ، نماز واجب ادا ہوگئی ، اب سیر ہوکر آب زمزم پیو ، تمام بیماریوں سے شفا مانگو، زمزم جس نیت سے پیو ، پوری ہوتی ہے جو دعا چاہو مانگ لو ، زمزم کا کنواں اب بند کردیا گیا ہے ، زائرین اسے دیکھ نہیں سکتے ، یہ بھی ایک چیز وہاں دیکھنے کی تھی ، اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ۔
چلو اب صفا پر چلتے ہیں، حجر اسود کے مقابل جوہری پتی ہے اس سے اوپر بڑھتے چلو اور چڑھتے جائو یہ صفا ہے اور سامنے وہ جو اونچا نظر آرہا ہے ،راستہ کے اختتام پر وہ مروہ ہے ، اللہ نے اسے اپنے شعائر میں شمار کیا ہے ، حضرت ہاجرہ رضی اللہ تعالی عنہا نے پانی کی تلاش میں اس جگہ کا چکر لگایا تھا ، اسی راستے سے دوڑی تھیں ، صفا پر چڑھ گئے ۔
اب کعبہ کی طرف رخ کر لو ، اللہ تعالی کی کبریائی بیان کرو ، دعائیں مانگو، مانگ چُکے تو صفا سے مروہ کی طرف بڑھو ، دیکھو جو سبز رنگ کے پائے اور بتیاں دیکھ رہے ہو ، یہاں سے تیز چلو ، اب یہ دوسرا سبز رنگ کا پایہ آگیا ، اب تیز چلنا بند کردو اور مروہ کی طرف بڑھو ، مروہ پہنچ گئے ، ایک چکر پورا ہوا ، یہاں بھی جو کچھ مانگ سکتے ہو،مانگ لو اور پھر صفا کی طرف چلو ، راستہ میں جو دعا یاد ہو پڑھو ، تیسرے کلمہ کی بڑی فضیلت آئی ہے
اسی کو پڑھتے رہو اور اس طرح سات بار کرو ، مروہ پر پہنچ کر یہ سلسلہ ختم ہوگیا ، پھر دعا مانگو ، اب یہاں سے نکل چلو ، بہت لوگ قینچی لے کر یہاں بال کاٹ رہے ہیں ، عورتیں پردہ کی رعایت کے ساتھ تھوڑا بال خود کاٹ لیں ، یا محرم مرد یا عورت سے کٹوالیں ، مرد ایسا نہ کریں ، انہیں تو پورا بال چھوٹا کروانا ہے، یا مونڈوانا ہے مروہ سے نکل کر بہت دکانیں ہیں ، کسی کا رخ کریں، معاملہ طے کرلیں کہ کتنی اجرت لے گا ، چلو بال بھی صاف ہوگیا ۔
اس کے ساتھ ہی عمرہ مکمل ہوگیا ، اللہ کا شکر اداکیجئے ، غسل وغیرہ کیجئے ، روز مرہ کے لباس پہن لیجئے ، مکہ میں رہئے ، حرم شریف میں پنچ وقتہ نماز باجماعت تکبیر اولی کے اہتمام کے ساتھ پڑھیے نماز باہر سڑکوں پر بھی ہوجاتی ہے ، پوری زندگی تو کعبہ کی طرف رخ کرکے پڑھتے ہی رہے ہو ، یہاں پہونچ گئے تو کم سے کم کعبہ نماز میں سامنے رہے ، کیسی محرومی کی بات ہے کہ یہاں بھی یہ سعادت نہ ملے
اس لیے کوشش کیجئے اور پنج وقتہ نمازیں مسجد کے اندر پڑھیے نفلی طواف جس قدر کرسکتے ہوں کرلیجئے کہ یہ عبادت دوسری جگہ میسر نہیں ، انتظار کیجئے ایام حج کے آغاز کا ، جب پھر آپ کو حج کا احرام باندھنا ہوگا ۔
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
(9431003131)
نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ