ہماری زندگی میں وقت و محنت کا اثر

Spread the love

از: محمد عادل کان پوری ہماری زندگی میں وقت و محنت کا اثر

اس عالم ناسوت کے اندر شاید ہی کوئی شخص ہوگا جو یہ کہے کہ میں نا کام ہونا چاہتا ہوں، بلکہ اس ناسوتی دنیا کے اندر ہر گز کوئی ایسا شخص نہیں ہوگا جس کے اندر اس قسم کی ہیچ خواہش پنپ رہی ہو

لیکن اگر زیادہ دور نہ جاکر صرف اپنے درمیان کے اعداد وشمار کا جائزہ لیا جائے تو بے شمار ایسے لوگ مل جائیں گے جو قول و زبان سے نہیں تو عمل سے یہ ثابت کرتے ہیں کہ(وہ اس دنیا میں جہاں ہر روز مسابقہ اور کامیابی کے لیے جد وجہد کیا جاتا ہے) وہ ناکام ہونا چاہتا ہے اور ناکامی کا لبادہ اوڑھے اپنے مستقبل سے غافل ہے ۔

لہٰذا فلاح و بہبود پانے والوں اور شقاوت و بد بختی کے خندق میں گر جانے والوں کی تعداد پر نظر ڈالی جائے تو خندق بد میں گر جانے والوں کی تعداد کہی زیادہ ہوگی ۔

 

دوسرے جانب کام یاب لوگوں کی زندگی کو دیکھیں تو انکی زندگی میں دو چیزیں ملین محنت و جانفشانی، ۲ وقت کا صحیح استعمال، یہ دونوں کامیابی کی گاڑی کے دو پہیے ہیں۔جن کو صحیح رخ دینے والا اپنی مطلوب و مقصود منزل تک پہنچ جاتا ہے۔

تاریخ بھی اس بات پر شاہد ہے جنہوں نے محنت و جانفشانی کا راستہ اختیار کیا انہوں نے ہی بڑے بڑے ناکامی کے سمندروں کو پاٹ لیا پھر دنیا نے دیکھا کہ ان کا شہرہ فرش سے عرش،ثری سے ثریا تک ہوگیا

غلام سے سردار ، جاھل سے عالم،خادم سے مخدوم بن گئے اپنے اندر ایسے کمالات و جواہرات پیدا کیے جسے دیکھ کے دنیا نے ان کے آگے سے خم کیا اور وہ دنیا کے لیے ضرب المثل ہوئے اور مادی دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی گویا وہ زنده ہیں جیسا کہ شاعر کہتا ہے

يموت قوم فيحيي العلم ذكرهم

والجهل يلحق امواتا باموات

“قومیں مر جاتی ہیں مگر ان کا علم انہیں زندہ رکھتا ہے۔۔ اور جہالت کو تو موت در موت واقع ہوتی ہی رہتی ہے”

لیکن اس بات کو بھی سمجھ لینا چاہیے کہ محنت کے ساتھ مناسب وقت کا ہونا بھی نہایت ضروری ہے کیونکہ کام کارگر اسی وقت ہوتا ہے جب اُسے وقت پر انجام دیا جائے گرم لوہے کہ سرد ہونے کہ بعد لوہار کا وار کچھ کام نہیں دیتا اسی طرح مرغے کی بانگ صبح ہی مؤثر و مفید ہوتی ہے لیکن دن گزرتے ہی اُس کی بانگ ماند پڑجاتی ہے اور ساتھ ہی کانوں کو گراں معلوم ہونے لگتی ہے۔

اب جب کہ اللہ رب العزت نے ہمیں علم و عقل کے زیور سے آراستہ کیا ہے تو ان دونوں ہی ذرائع سے مکمل فائدہ اٹھا کر ہم اپنی زندگی کے پیچ و خم کو پرکھیں کہ آخر ہم کدھر جا رہے ہیں، کون سی چیز ہماری کام یاب کی راہ میں مانع بن رہی ہے ۔

پھر اسے کنارے کریں، نہایت محنت و جانفشانی سے جانب منزل رواں ہوجائیں ورنہ یہ دنیا تو اس قدر دلفریب واقع ہوئی ہے کہ بس وہی اس کو بھا سکتا ہے جو ہر طرح سے لائق و فائق ہو۔

لہذا اپنے وقت کو قیمتی جانیں اور پھر قیمتی جگہوں پر صرف کریں ورنہ عین ممکن ہے کہ بعد مدت کف افسوس ملنے کے سوا کچھ باقی نہ رہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *