پروپیگنڈہ کیا ہوتا ہے

Spread the love

پروپیگنڈہ کیا ہوتا ہے

تحریر : توصیف القاسمی


پروپیگنڈہ کیا ہوتا ہے ؟ یہ ہی نا کہ بے وجہ ہر طرف شور مچ جائے ، ہنگامہ ہوجائے ، ہاہاکار کی بازگشت سنائی دینے لگے مگر جیسے ہی آپ تحقیق کریں ”کیا ہؤا ؟ “ کی گہرائی میں جائیں شور وغل کے پہاڑ کو کھودیں تو آپ کو ”چوہیا“ کے سوا کچھ نظر نہ آئے یہ ہی پروپیگنڈہ ۔

عقل مند کبھی بھی اس جھمیلے میں نہیں پڑتے ان کی فراست پہلے ہی دن فیصلہ سنادیتی کہ آپ اس سے دور رہیں ۔

پارلیمنٹ میں بیرسٹر اسدالدین اویسی صاحب کا حلف لینے کے دوران ”جے فلسطین” کا نعرہ لگانا کسی بھی اینگل سے نہ ملک مخالف ہے اور نہ ہی توہین پارلیمنٹ ، مگر کیا کیا جائے ”رائی کا پہاڑ“ بنانا ہو تو گودی میڈیا سے سیکھو ۔

ایک جائز بات پر بھی پروپیگنڈہ کرنا ہو تو بی جے پی والوں کو آگے کردو، سوئی کو بھالا ثابت کرنا ہو تو بی جے پی آئی ٹی سیل والوں سے پوچھو کیسے کیا جاتا ہے ؟
فلسطین کی حمایت ہمارے ملک کی دیرینہ خارجہ پالیسی رہی ہے ، گاندھی سے لے کر اٹل بہاری واجپائی تک تمام وزراء اعظم نے فلسطین کی حمایت میں دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے وہ یہ کہ ”فلسطین فلسطینیوں کا ہے“ ۔

اب 2024 میں بھی بھارتی حکومت کا آفیشلی یہ ہی موقف ہے ، ایک صحیح العقل بھارتی کی سمجھ سے بالاتر ہے کہ فلسطین کے تعلق سے بھارتی حکومت کا جو موقف stand تمام بین الاقوامی پلیٹ فارم پر ظاہر کیا جاتا ہے اسی موقف کو پارلیمنٹ میں دہرانے سے کونسا آسمان پھٹ پڑا ؟
آخر اویسی صاحب نے جے فلسطین کہہ کیا غلط کردیا کہ اس پر ہنگامہ بپا ہے ، ہندتوا طاقتوں کا اسرائیل سے کیا لینا دینا ہے ؟

سیاسی سماجی مذہبی جغرافیائی آخر کوئی بھی تو رابطہ ہندتوا طاقتوں کا اسرائیل سے نہیں بنتا ۔
حقیقت یہ ہے کہ جب کسی بات پر پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے تو سچائی اپنا منہ چھپاتی ہے جھوٹ دندناتا پھرتا ہے ، عیار لوگ اس پروپیگنڈہ کی آڑ میں اپنا الو سیدھا کرتے ہیں ۔

اچکے جیب کاٹتے ہیں اور بہتی گنگا میں ہاتھ دھو ڈالتے ہیں ، شاطر لیڈران اپنی ناکامی چھپاتے ہیں اور اپنے سیاسی عزائم کے لیے صف بندی کرتے ہیں ، یہ ہی پروپیگنڈے کی حقیقت ۔

تحریر : توصیف القاسمی ( مولنواسی)

مقصود منزل پیراگپور سہارن پور

واٹسپ نمبر 8860931450

مولنواسی اتحاد ، ناکہ ہندو مسلم اتحاد

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *