سیکولر اِزم کے نئے مسیحا اروند کیجریوال نے اب ملک بھر میں یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے
گجرات میں یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کے لیے بھاجپا سرکار نے کمیٹی بنائی ہے اس پر سوال اٹھاتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ یونیفارم سول کوڈ تو پورے ملک میں نافذ ہوناچاہیے
لیکن بھاجپا صرف کمیٹی بناتی ہے، کچھ ہی دنوں پہلے کیجریوال نے حکومتِ ہند سے مطالبہ کیا تھا کہ بھارتی کرنسیوں پر رزق دینے والی ہندو دیوی دیوتاؤں کی تصویریں ہونی چاہییں، اس سے پہلے بھی بارہا کیجریوال نے آر ایس ایس کے ہندوتوا کو بھاجپا سے زیادہ مضبوط کرنے کا کام کیا ہے
جس پر ہم تفصیل سے لکھ چکےہیں، گزشتہ دنوں جب گجرات سرکار نے یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کے لیے کمیٹی بنائی تھی اُس وقت بھی ہم نے لکھا تھا کہ اس مصیبت کو روکنے کے لیے بہت ضروری ہے کہ مسلم لیڈرشپ اس پر تدبیری کام شروع کردے اور دیگر اقوام کو ساتھ لے کر انہیں اس کےخلاف آگے بڑھائے
یہی ایک طریقہ یونیفارم سول کوڈ کےخلاف مؤثر ہوسکتا ہے، اگر ابھی ” فیلڈنگ ” نہیں لگائی گئی تو آگے چل کر یہ مسئلہ بھی صرف مسلمانوں کا دردِ سر ہوکر رہ جائےگا، لیکن یونیفارم سول کوڈ کے نفاذ کے لیے اس تدبیر کی اہمیت کو آر ایس ایس نے بخوبی سمجھا ہوا ہے
اس لیے بھاجپا کےبعد نام نہاد سیکولر خیمے کے نئے مسیحا کیجریوال کے منہ سے یونیفارم سول کوڈ کی حمایت کروائی ہے، عقل مندوں کے لیے اس میں سبق ہے
: سمیع اللہ خان