توہین رسالت ﷺ مذہبی آزادی کی خلاف ورزی
از قلم : سرفرازاحمد قاسمی،حیدرآباد توہین رسالت ﷺ مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ، روسی صدر کے بیان کا خیر مقدم ہوناچاہیے !۔
توہین رسالت ﷺ مذہبی آزادی کی خلاف ورزی
عالمی پیمانے پر جس طریقے سےایک منظم پلاننگ کے تحت اسلاموفوبیا کی فضاء قائم کی گئی،اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کے لیے جو مفروضے وضع کئے گیے 9/11 کے امریکی حملوں کے بعد اس میں مزید شدت پیدا کی گئی
اور کوئی ایسا گوشہ نہیں چھوڑا گیا جہاں اسلام اور مسلمانوں کو بدنام نہ کیاگیا ہو،اس دوران مسلمان اپنا دفاع کرتے رہے اور دنیا کو بتاتے رہے کہ اظہار رائے کی آزادی،دنیا میں بسنے والے ہرفرد کو ملنی چاہیے
مگراس آزادی کا دائرہ اتنا وسیع نہ ہو کہ دوسروں کے جذبات مجروح ہونے لگیں،لیکن اسے ان سنی کردی گئی
مسلمانوں کے لیے یہ وقت بڑا چیلنج بھرا اور صبر آزما ثابت ہوا،مسلمانوں کی بار بار وضاحت کے باوجود کہیں پیغمبر اسلام اور محسن انسانیت ﷺ کے خاکے بنائے گیے تو کہیں کسی اور طریقے سے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی پوری کوشش کی گئی
اس کے نتیجے میں اگر کہیں کچھ مسلمانوں نے ردعمل کا اظہار کردیا تو یہ مغربی ممالک اور یورپ کےلیے ایک بڑا ایشو بن گیا اور پھر اسکے ذریعے اسلام اور مسلمان نشانے پر آگیے۔
آپ کو شاید یاد ہو گاکہ امریکی ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر جب حملہ ہوا تھا تو اس حملے کے بعد اس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے دہشت گردی کے خلاف جنگ چھیڑنے کا اعلان کیا تھا اوراسے صلیبی جنگ بتایا تھا
اس بیان کو دنیا بھرکے مسلم مخالف لیڈروں نے مسلمانوں کے خلاف مظالم کا ایک نیا سلسلہ شروع کرنے کا اشارہ سمجھ لیا،اسکے بعد ایسے بیانات آنے لگے کہ سارے مسلمان دہشت گرد نہیں مگر سارے دہشت گرد مسلمان ہیں،اسکا نتیجہ یہ ہوا کہ مختلف ممالک نے اپنے یہاں کے علیحدگی پسندوں کو دہشت گرد کہنا شروع کردیا،دنیا بھر میں یہ سلسلہ چلتارہا جواب بھی جاری ہے
بارک اوباما جب امریکی صدر بنے تو اسوقت امریکی لیڈروں کو یہ احساس ہوگیاتھا کہ مسلمانوں میں امریکہ کی شبیہ مسخ ہوئی ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ہٹلر اور مسولینی نے جو سینکڑوں لوگوں کا قتل کیا انکے اس مذموم عمل کو ان کے ہم مذہب لوگوں سے نہیں جوڑا گیا تھا۔
مگر 9/11کے واقعہ کو ڈائریکٹ مسلمانوں سے جوڑدیاگیا،جسکے اثرات دنیا بھر کے مسلمانوں پر پڑے، جس کی وجہ سے مسلمان امریکہ کو مسلم مخالف سمجھنے لگے ہیں
چناں چہ اوباما نے اسی دوری کو ختم کرنے کا سلسلہ شروع کیا،اور اپنے قول وعمل سے یہ دکھانے اور بتانے کی ہرممکن کوشش کی کہ امریکہ نہ ہی اسلام مخالف ہے اور نہ ہی مسلم مخالف
اس وقت عالمی سیاسی منظر نامہ تبدیل ہورہاہے،اس کی ایک بڑی وجہ افغانستان میں طالبان کا اقتدار پر کنٹرول ہے،امریکی فوج کو بری طرح شکست دینے کے بعد طالبان نے افغانستان میں اپنی حکومت بنالی ہے
گذشتہ 15اگست کو طالبان نے افغانستان کو اپنے کنٹرول میں لے لیاتھا،اسکے بعد سے سیاسی منظر نامہ تبدیل ہونے لگا ہے،اس تبدیلی میں چین اور روس اہم کردار ادا کرنے کی تیاری کررہے ہیں،خبر یہ بھی ہے کہ 2028 تک چین اقتصادی محاذ پر امریکہ کو پیچھے چھوڑ دے گا
اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ چین سے نمٹنے کے لیے امریکہ کو جو کچھ کرنا ہے 2027 تک ہی کرنا پڑیگا،افغانستان کی طالبانی حکومت سے چین اور روس کے اچھے تعلقات ہیں،اور یہ تعلقات روز بہ روز مزید مستحکم ہورہے ہیں
یہ احساس امریکہ کو بھی ہے اسی لیے امریکہ اب روس سے بڑے پیمانے پر مذاکرات کرنے کےلئے بھی تیارہے اور اسکی کوششیں دونوں ملکوں میں جاری ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان یہ مذاکرات 10جنوری کو متوقع ہے
ایک مقامی اخبار کے مطابق “امریکہ اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول اور یوکرین سمیت دیگر سیکوریٹی معاملات پر مذاکرات جنوری میں طے پاگئے ہیں
وہائٹ ہاؤس میں نیشنل سیکوریٹی کے ترجمان نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ دونوں ممالک کے وفود 10جنوری کو ملاقات کریں گے،جس کے بعد 12جنوری کو روس اور ناٹو اتحاد جبکہ 13جنوری کو امریکہ،روس اور یورپی ممالک کے وفود کے مابین بات چیت ہوگی
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم مذاکرات کی میز پر بیٹھیں گے تو روس بھی اپنے تحفظات رکھے گا اور ہم بھی روس کی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کریں گے،انکا کہنا تھاکہ کچھ معاملات میں پیش رفت ہوسکتی ہے
جب کہ بعض معاملات پر اختلاف رائے ہوگا اوراسے ہی سفارت کاری کہتے ہیں،ترجمان نے واضح کیا کہ یوکرین کے حوالے سے صدر بائیڈن کی سوچ واضح اور غیر مبہم ہے۔
ان کے بقول صدر بائیڈن یہ واضح کرچکے ہیں کہ امریکہ روس،یوکرین تنازعہ کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتاہے،لیکن اگر روس نے یوکرین میں مداخلت کی تو اسے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے نتائج کا سامنا کرنا پڑےگا،جغرافیائی لحاظ سے روس اور یورپی یونین کی سرحد کے قریب واقع ملک یوکرین سابق سوویت یونین کا ہی حصہ تھا
البتہ روس یوکرین پر روس کے خلاف اشتعال انگریزی کے الزامات عائد کرتا رہا ہے،سال 2014 میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا اوراس کے بعد سے ہی روسی حمایت یافتہ جنگجو گروپس اور یوکرینی فوج کے درمیان وقتاً فوقتاً جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں
خیال رہے کہ امریکہ سمیت مغربی ممالک روسی افواج کی یوکرین کی سرحد کے قریب بڑھتی ہوئی نقل وحرکت پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں
اطلاعات کے مطابق رواں ماہ ہزاروں روسی فوجی یوکرین کی سرحد کے قریب تعینات کیے گئے ہیں۔ امریکہ اور یورپی ممالک کو خدشہ ہے کہ روس ممکن طور پر یوکرین پر حملے کا منصوبہ بنارہا ہے۔
جی-7 ممالک نے رواں ماہ روس کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس کی افواج یوکرین میں داخل ہوئی تو اس کے نتائج سنگین ہو ں گے،البتہ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن ایسے کسی بھی منصوبے کی تردید کرتے ہوئے یہ ضمانت طلب کررہے ہیں کہ یوکرین کو ناٹو کا حصہ نہیں بنایاجائے گا
اور ناٹو اس کی سرحد کے قریب جنگی مشقیں بھی روک دیں”اس خبر سے اتنا تو واضح ہے کہ روس ایک بار پھر خطے میں مستحکم ہورہاہے اور اپنی طاقت میں اضافہ کررہا ہے شاید اسی لئے امریکہ روس سے مذاکرات کےلیے آمادہ ہوا ہے
افغانستان میں سوویت یونین کی شکست میں روس بھی شریک تھا اسکے بعد جب طالبان نے 90 کی دہائی میں اقتدار حاصل کیا تھا تو امریکہ اس کا حمایتی تھا
آج امریکہ کی شکست سے روس طالبان حکومت کا حمایتی ہے اور اسی وجہ سے روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے گذشتہ 23دسمبر کو سالانہ کانفرنس میں ایک اہم بیان دیا ہے ایسا لگتاہے کہ وہ مقدس شخصیات کی اہمیت سے واقف ہوچکے ہیں
اس کے علاوہ آزادیِ اظہارِ رائے کے دائرے سے بھی انھیں واقفیت ہوگئی ہے روسی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی آزادیِ اظہارِ رائے نہیں ہے،شان رسالتؐ میں گستاخی،مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے،جولوگ اسلام کو مانتے ہیں،ان کے مقدس جذبات کو مجروح کرنا ہے
روسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پوٹن نے اپنی سالانہ کانفرنس میں کہا کہ”پیغمبر اسلام ﷺ کی توہین مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے،اسکے علاوہ مسلمانوں کے جذبات کی بھی خلاف ورزی ہے
ان کا کہنا تھاکہ شان رسالت ﷺ میں گستاخی لوگوں کو ناراض کرنے اور اشتعال دلانے کا سبب ہے،پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی آزادی اظہار رائے نہیں ہے،شان رسالت میں گستاخی مذہبی آزادی کے خلاف ہے
جو دراصل مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا ہے،متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو پر حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھا کہ ایسی حرکتیں انتہاء پسندی کی جانب لے جاتی ہیں
انھوں نے کہا کہ آزادی آپ کے ارد گرد لوگوں کو عزت دینے کا نام ہے،روس ایک کثیر النسلی اور کثیر الاعتقادی ریاست کے طور پر تیار ہوا ہے اور ہم ایک دوسرے کی روایات کا احترام کرنے کے عادی ہیں مگر کچھ دوسرے ممالک اس چیز کو پس پشت ڈال دیتےہیں”۔
یہ روسی صدر کا بیان ہے جس کا خیر مقدم بڑے پیمانے پرکیا جانا چاہیے،پوری دنیا میں مسلمان یہی سمجھاتے رہے لیکن ان کی بات کو ان سنی کردی گئی
آج یہی بات پوٹن کہہ رہےہیں تو کچھ غلط نہیں کہہ رہے ہیں،دنیا کو آج امن کی ضرورت ہے،اور امن کے قیام کےلئے یہ ضروری ہے کہ ہر مذاہب کے ماننے والے اور انکی مقدس شخصیات کا احترام کیاجائے،بصورتِ دیگر دنیا میں امن کا قیام ایک خواب ہی رہےگا
اظہارِ رائے کی آزادی کے نام پر دنیا بھر میں بالخصوص یورپی ممالک میں جو تماشے ہوتے رہتےہیں اسکا سلسلہ بند ہونا چاہئے،یورپی ممالک اور انکے لیڈران کو روسی صدر کے اس بیان کو بار بار پڑھنا،سمجھنا اور ذہن نشین کرناچاہئے،یورپ کے لیڈران اس طرح کے کئی مواقع پر مضحکہ خیز بیان دیتے رہے ہیں
انہیں حالات کو سمجھنا چاہیے اور پوٹن سے سبق حاصل کرنا چاہئے،تھائی لینڈ،فرانس اور چین کے علاوہ دیگر ممالک کی حکومتوں نے دہشت گردی مخالف
کارروائی کے نام پر مسلمانوں کے خلاف جو ظلم وستم کا سلسلہ ماضی میں شروع کیا اور جیلوں میں مسلمانوں کو قید کیاجانے لگا
انھیں مذہبی فرائض اداکرنے پر سزائیں دی جانے لگی،یہ چیزیں امن کے قیام کےلئے بڑی رکاوٹ ہے،امریکی صدر بش نے جو ماحول بنادیا تھا اوباما اس خلیج کو پاٹنے میں سرگرداں رہے
لیکن اس کے بعد ٹرمپ نے بش کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کی اور مسلم مخالف لہر میں مزید اضافہ کیا،ابھی گذشتہ ماہ امریکی ایوان نمائندگان میں اسلاموفوبیا کے خلاف بل منظور کیاگیا ہے
اس بل کی حمایت خود امریکی صدر بائیڈن نے کی اور اسے پاس کرایا،بائیڈن پھر سے امریکہ کو اسی ڈگر پر لے جانا چاہتے ہیں ہیں جہاں اوباما نے اسے چھوڑ دیاتھا،اسلاموفوبیا کے خلاف بل پاس کرانا اسی کا حصہ ہے
یہ سب دنیا کے بدلتے حالات کی جانب ایک اہم اشارہ کررہے ہیں،امریکہ ماضی میں روس کا کٹر حریف رہاہے،چین کا مقابلہ کرنے اوراسے اطمینان بخش طریقے سے گھیرنے کےلئے امریکہ نے اسلاموفوبیا کے خلاف بل پاس کیا ہے کیوں کہ وہ جانتا ہے کہ چین سے مقابلہ اس وقت تک نہیں کیاجاسکتا جب تک اسلاموفوبیا کے خلاف کوئی ٹھوس کام نہ ہو
چین ایک عرصے سے ایغور مسلمانوں پر ظلم وستم جاری رکھے ہوئے ہے ایسے میں امریکہ کی یہ ساری جدوجہد چین کو گھیرنے کےلئے بھی ہورہی ہے،روسی صدر نے اس ایشو کےلئے ایک ایسے وقت کا انتخاب کیا ہے جو مسلمانوں کےلیے بے حد اہم ہے
اس حقیقت سے انکار کی کوئی گنجائش نہیں ہے کہ بدلتی دنیا اور بدلتے حالات میں اسلام اور مسلمان ایک اہم ایشو ہیں انھیں نظر انداز کرکے دنیا میں کوئی بھی تبدیلی کارگر نہیں ہوسکتی۔
پوٹن کے اس بیان پر پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے اس بیان کا خیر مقدم کیاہے،ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ روسی صدر کے بیان کا میں خیر مقدم کرتاہوں
ان کا بیان میرے موقف کی تائید ہے،امت مسلمہ کو اسلاموفوبیا کے مقابلے کے لیے اس پیغام کو غیر مسلم دنیا تک پہونچانا چاہیے۔
میں اس بیان سے مکمل اتفاق کرتاہوں”اسی طرح امارت اسلامی افغانستان نے روسی صدر کے اس بیان کا پرزور انداز میں خیر مقدم کیا ہے،طالبان کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا کہ”۔
امارت اسلامی روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کے بیان کا خیر مقدم کرتی ہے کہ پیغمبر اسلام ﷺ کی شان میں گستاخی اظہار رائے کی آزادی نہیں،بلکہ یہ آزادی مذہب اور مسلمانوں کے مقدس جذبات کی خلاف ورزی ہے۔
اس کے علاوہ انھوں نے کہا کہ صدر پوٹن کا نئی افغان حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے دیا گیا بیان خوش آئند ہے”۔
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے توہینِ رسالت اور اسلاموفوبیا کے معاملے پر مسلم ممالک کے سربراہان کو گذشتہ دنوں خط بھی لکھ چکےہیں،روسی صدر کے اس بیان کا بڑے پیمانے پر خیر مقدم ہونا چاہیے۔
لیکن افسوس یہ ہے کہ مسلم ممالک کے دیگر حکم رانوں کا اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا جب کہ یہ انتہائی حساس موضوع ہے،پھر اس معاملے پر مسلم حکمرانوں کی معنی خیز خاموشی کا کیا مطلب ہے؟۔
ایک چیز اور بھی قابل غور ہے کہ عالمی حکم رانوں کو تحفظ ناموس رسالت پر قانون سازی کرنی چاہئے اور اس طرح کی حرکت کرنے والوں کےلیےسخت سزا کا التزام کیاجانا چاہئے،اظہارِ رائے کی آزادی کا دائرہ بھی جمہوریت کے علم برداروں کو طے کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ دنیا میں امن وامان کا قیام ممکن ہوسکے ، اس گیے گذرے دور میں مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتاہے
لیکن اپنے نبی اور رسول ﷺ کی عزت وحرمت کو پامال ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکتا،آپ ﷺ کی عزت و حرمت ایک مسلمان کےلیے سب سے قیمتی چیز ہے،ہندوستان سمیت دنیا بھر میں آئے روز جو تماشے ہورہے ہیں اور اسے اظہار رائے کی آزادی کا نام دیا جارہا ہے یہ بہر حال غلط ہے
دھرم سنسند کے نام پر جو نفرت اور غلاظت پھیلائی جارہی ہے یہ کسی صورت ملک کے مفاد میں نہیں ہے اور حکومتوں کی خاموشی مزید تشویشناک ہے یہ سلسلہ بالکل بند ہونا چاہیے
اسلام کا مستقبل ابھی تاریک نہیں ہوا ہے، حکم رانوں کو یہ یادرکھنا ہوگا،2010 میں برصغیر کے ایک جہاں دیدہ اور بہت بڑے عالم،معروف فقیہ حضرت مفتی محمد تقی عثمانی صاحب جب ہندوستان آئے تھے
تو دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں بعض اساتذہ کے اس سوال پر کہ آپ نے پوری دنیا کی سیر کی ہے،دنیا کی کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں آپ کو اللہ نے نہ پہونچایا ہو ہر جگہ اللہ نے کو سفر کرایا یہ بتائیں کہ پوری دنیا میں آپ کو اسلام کا مستقبل کیسا نظر آیا ؟۔
مفتی صاحب نے بڑے پروقار انداز اور انتہائی اطمینان کے ساتھ یہ فرمایا کہ دنیا میں اسلام کا مستقبل تابناک اور روشن ہے اس سلسلے میں ہمیں فکر مند ہونے کی بالکل ضرورت نہیں ہے،روسی صدر کا بیان اس حقیقت کی تصدیق کےلیےکافی ہے۔
پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا
از قلم : سرفرازاحمد قاسمی،حیدرآباد
رابطہ : 8099695186
ان مضامین کو بھی پڑھیں
تحریر میں حوالہ چاہیے تو تقریر میں کیوں نہیں
ہندوستان کی آزادی اور علامہ فضل حق خیر آبادی
مذہبی مخلوط کلچر غیرت دین کا غارت گر
قمر غنی عثمانی کی گرفتاری اور تری پورہ میں کھلے عام بھگوا دہشت گردی
عورتوں کی تعلیم اور روشن کے خیالوں کے الزامات
سیاسی پارٹیاں یا مسلمان کون ہیں محسن
قمر غنی عثمانی کی گرفتاری اور تری پورہ میں کھلے عام بھگوا دہشت گردی
اتحاد کی بات کرتے ہو مسلک کیا ہے
افغانستان سے لوگ کیوں بھاگ رہے ہیں
مہنگی ہوتی دٓاوا ئیاںلوٹ کھسوٹ میں مصروف کمپنیاں اور ڈاکٹرز
۔ 1979 سے 2021 تک کی آسام کے مختصر روداد
کسان بل واپس ہوسکتا ہے تو سی اے اے اور این آر سی بل کیوں نہیں
ہوائی جہاز ٹکٹ آن لائن بک کرتے ہوے کیسے بچت کریں
ہندی میں مضامین کے لیے کلک کریں
(مضمون نگارکل ہند معاشرہ بچاؤ تحریک کے جنرل سکریٹری ہیں)
sarfarazahmedqasmi@gmail.com
Pingback: رات دس بجے کے بعد ٹرین میں یہ کام نہیں کر پائیں گے ⋆ اردو دنیا ⋆ رپورٹ
Pingback: کنیڈین وزیر اعظم کا اسلام کے دفاع میں بیان ⋆ اردو دنیا ⋆ رپورٹ
Pingback: توہین رسالت اللہ کو بھی گوارا نہیں ⋆ اردو دنیا تحریر: جاوید اختر بھارتی