جامعہ خلفا راشدین میں شہر پورنیہ کے عازمین حج کے دعائیہ تقریب کا انعقاد
جامعہ خلفا راشدین میں شہر پورنیہ کے عازمین حج کے دعائیہ تقریب کا انعقاد
سفر حج عشق و محبت کے خالص جذبہ کا نام ہے جو بندے کو اس کے رب کی طرف کھینچ کر لے جاتا ہے۔مولانا جمیل احمد رحمانی
پورنیہ،3/جون (پریس ریلیز)
شہر پورنیہ سے حج کے مبارک سفر پر جانے والے عازمین حج کے لیے بہار کے عظیم تعلیمی وتربیتی ادارہ جامعہ خلفا راشدین پورنیہ میں 2 جون 2023 بروز جمعہ بعد نماز مغرب اراکین مجلس عاملہ جامعہ خلفاء راشدین کی جانب سے شہر کی قابل قدر شخصیت مولانا افتخار الزماں صاحب کی صدارت میں ایک الوداعیہ و دعائیہ نشست منعقد کی گئی۔ جسمیں عازمین حج شہر پورنیہ کی ایک تعداد شریک رہی۔
استاد جامعہ مفتی ثناء اللہ صاحب قاسمی نے نشست کی نظامت کرتے ہوئے مختصر احکام و فضائل حج بیان کئے اور تمام حجاج کو مبارکباد پیش کی۔ ان کے بعد اراکین کی جانب سے ناظم جامعہ الحاج حافظ معین الحق صاحب نے مہمانان کو سپاس نامہ پیش کیا اور انہیں سعادتوں و روحانی لذتوں سے لبریزسفر حج پرمبارک باد دی۔
ان کے بعد بزم میں شریک عازمین حج نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور طلبہ جامعہ کو دعاؤں سے نوازا۔
اس کے بعد مہتمم جامعہ مولانا جمیل احمد رحمانی کا بیان ہوا انہوں نے کہا کہ سفر حج عشق و محبت کے خالص جذبہ کا نام ہے جو بندے کو اسکے رب کی طرف کھینچ کر لے جاتا ہے۔
آپ کے بعد صدر محترم نے اپنے تجربات و مشاہدات کی روشنی میں حج کرنے کے آسان نسخے بتائے، اور عازمین حج کو آفات و حادثات سے بچنے کے لیے قیمتی ہدایات دیں۔
اخیر میں مجلس کے معزز رکن جامعہ کے ناظر عام مولانا سید محمد طارق انور صاحب قاسمی نے آنے والے مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور جامعہ کی تعمیر وترقی اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے ان سے دوران حج دعا کی درخواست کی۔
پھر استاد جامعہ مفتی حسنین صاحب اشاعتی کی رقت آمیز دعا پر یہ نشست مکمل ہوئی۔ پروگرام کو کام یاب کرنے میں اساتذہ و اراکین مجلس عاملہ کے ساتھ تمام طلبہ جامعہ کا بھرپور حصہ رہا۔
العارض
انتخاب عالم پاشا ندوی/استاد و ترجمان”جامعہ خلفاء راشدین پورنیہ“
رابطہ نمبر: 9871716404.9616673024