نجات کا واحد راستہ شریعت مطہرہ

Spread the love

نجات کا واحد راستہ شریعتِ مطہرہ مجدد الف ثانی کے فرمان کے تناظر میں

از: محمد شمیم احمد نوری مصباحی

خادم : دارالعلوم انوار مصطفیٰ درگاہ حضرت پیر سید حاجی عالی شاہ بخاری ،پچھمائی نگر، سہلاؤ شریف ،گرڈیا، ضلع: باڑمیر(راجستھان)

انسانی زندگی کے جملہ احوال میں اگر کوئی ایسا چراغ ہے جو تاریکیوں کو اجالوں میں بدل دے، اور اگر کوئی ایسا سہارا ہے جو گمراہی کے گرداب سے نکال کر نجات کے ساحل تک پہنچا دے، تو وہ صرف اور صرف شریعتِ مطہرہ ہے۔

یہی وہ راہ ہے جو بندے کو خالق سے جوڑتی ہے، اور مخلوق کے ساتھ اس کے تعلق کو عدل و احسان کے سانچے میں ڈھالتی ہے۔

امامِ ربانی مجدد الف ثانی حضرت شیخ احمد سرہندی علیہ الرحمہ نے اسی حقیقت کو ایک جملے میں سمیٹ دیا:”نجات کا ذریعہ شریعت ہی ہے۔”(مکتوبات امام ربانی، حصہ سوم، مکتوب 143)یہ کلمات نہ صرف دینِ متین کی اصل روح کو واضح کرتے ہیں بلکہ اُن تمام باطل نظریات کا رد بھی ہیں جن میں یہ مغالطہ دیا جاتا ہے کہ “شریعت ایک چیز ہے اور طریقت دوسری چیز

۔”حقیقت یہ ہے کہ طریقت دراصل شریعت ہی کا باطن ہے۔ جس طرح جسم بغیر روح کے بے جان اور مردہ ہے، اسی طرح طریقت بغیر شریعت کے کھوکھلا اور بے معنی ہے۔

جو لوگ طریقت کو شریعت سے الگ کر کے پیش کرتے ہیں وہ یا تو حقیقتِ دین سے ناواقف ہیں یا پھر اپنی خواہشات کے اسیر ہیں۔ ایسے ظاہر بیں حضرات کو اہلِ طریقت کی باریک بینی اور حقیقت آشنا نگاہ کہاں نصیب ہوسکتی ہے؟

اہلِ طریقت کی اصل پہچان یہ ہے کہ وہ شریعت کی ایک ایک بات پر عمل پیرا ہوں۔ ان کی راتوں کی عبادتیں، دن کے معاملات، ذکر و اذکار اور حال و قال سب کچھ شریعت کے تابع ہوتا ہے۔

وہ جانتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:”میری سنت سے روگردانی کرنے والا مجھ سے نہیں

۔”پس طریقت کی راہ شریعت کے بغیر کبھی ممکن ہی نہیں۔ طریقت وہ نخلستان ہے جو شریعت کی زمین سے پھوٹتا ہے، اور تصوف وہ خوشبو ہے جو اطاعتِ مصطفیٰ ﷺ کے گلستان سے اٹھتی ہے۔

اصل تصوف یہی ہے کہ دل میں محبتِ رسول ﷺ ہو، اعضا میں سنتِ رسول ﷺ کی جھلک ہو، اور زندگی کے ہر گوشے میں شریعت کی روشنی۔ یہی پیغام حضرت امامِ ربانی نے دیا، یہی حقیقت اولیائے کرام نے سمجھائی، اور یہی راز ہر عارف نے اپنی مجلس میں بیان کیا۔

الحاصل نجات نہ تو محض خواب و خیال میں ہے، نہ ہی کسی خودساختہ کشف و کرامت میں۔ نجات کا واحد راستہ صرف شریعت ہے۔ جو شریعت کا مسافر ہے وہی طریقت کے اسرار و رموز تک رسائی پاتا ہے، اور جو شریعت سے غافل ہے وہ نہ دنیا کا ہے نہ دین کا۔

پروردگارِ عالم اپنے فضل و کرم سے ہمیں شریعتِ مطہرہ کا پابند بنائے، اطاعتِ مصطفیٰ ﷺ کا خوگر بنائے اور طریقت کے حقیقی اسرارورموز سے بہرہ مند فرمائے۔

اللہ تعالیٰ ہمارے دلوں کو محبتِ رسول ﷺ سے لبریز فرمائے، ہمارے اعمال کو نورِ سنت سے مزین فرمائے اور ہماری زندگی کو شریعت کے اجالوں سے آراستہ بنائے۔

اللہ وحدہٗ لاشریک! ہمیں دنیا و آخرت میں اپنی رضا و قرب کا جام نصیب فرمائے اور خاتمہ ایمان پر عطا فرمائے۔آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *