سفر حج کے درخواست کا عمل شروع
سفرِ حج 2026 کے لیے درخواست کا عمل شروع، آن لائن فارم بھرنے کی آخری تاریخ 31 جولائی ہےحج کمیٹی آف انڈیا نے حج سیشن 2026 کا باضابطہ اعلان کیا۔
حج کمیٹی آف انڈیا نے حج سیشن 2026 (1447 ہجری) کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
ضلع اقلیتی بہبود افسر کملیش کمار موریہ نے ایک پریس ریلیز کے ذریعہ یہ جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کے لئے آن لائن درخواست دینے کا عمل 07 جولائی 2025 سے شروع ہوگیا ہے۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ 31 جولائی 2025 ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حج درخواست آن لائن https://hajcommittee.gov.in پر یا ‘حج سہولت’ موبائل ایپ کے ذریعے دی جا سکتی ہے۔
حج 2026 کے لیے درخواست دیتے وقت درخواست گزاروں کو کچھ اہم باتوں کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔حج کی درخواست کے لیے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ لازمی ہے۔
ہاتھ سے لکھا ہوا پاسپورٹ قبول نہیں کیا جائے گا۔پاسپورٹ جاری کرنے کی تاریخ 31 جولائی 2025 یا اس سے پہلے ہونی چاہیے اور اس کی میعاد 31 دسمبر 2026 تک ہونی چاہیے۔
درخواست دینے کے وقت، درخواست دہندگان کو پاسپورٹ سائز کی تصویر، پاسپورٹ کے پہلے اور آخری صفحے کی کاپی، ایڈریس پروف، منسوخ شدہ چیک یا بینک پاس بک کی کاپی اپ لوڈ کرنی ہوگی۔اس بار حج کمیٹی نے مختصر مدت (تقریباً 20 دن) کے حج پیکیج کا آپشن بھی رکھا ہے، جس پر عام حج سے زیادہ لاگت آئے گی۔ اس زمرے میں نشستیں محدود ہوں گی اور زیادہ درخواستوں کی صورت میں انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔مختصر مدت کے حج پیکیج کے لیے عازمین حج صرف سات پروازوں کے مقامات احمد آباد، بنگلور، چنئی، کوچین، دہلی، حیدرآباد اور ممبئی سے روانہ ہو سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ درخواست دینے کے بعد صرف موت یا سنگین بیماری کی صورت میں ہی فارم منسوخ کیے جاسکتے ہیں۔ بصورت دیگر، رقم کاٹ لی جائے گی۔
لہذا تمام دل چسپی رکھنے والے درخواست دہندگان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ درخواست دینے سے پہلے حج کے رہنما خطوط کو اچھی طرح پڑھیں۔ رہنما خطوط جلد ہی ویب سائٹ پر دستیاب کرائے جائیں گے۔حج فارم ای-سویدھا کیندر، سائبر کیفے، اینڈرائیڈ یا آئی فون ایپ کے ذریعے بھی بھرے جا سکتے ہیں۔
اتر پردیش ریاستی حج کمیٹی کے لکھنؤ دفتر میں ای-سویدھا کیندر کو فعال کر دیا گیا ہے۔ گورکھپور کے لوگ ان نمبروں 9305615626 اور 9305616648 پر رابطہ کر کے اپنا فارم بھروا سکتے ہیں۔ کسی بھی دوسری معلومات کے لیے ان نمبروں پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔