شہید محمد امتیاز کے جنازہ میں عبدالسلام انصاری و آفاق عالم نے کی شرکت
شہید محمد امتیاز کے جنازہ میں عبدالسلام انصاری و آفاق عالم نے کی شرکت
شہید کبھی مرتے نہیں وہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں : عبدالسلام انصاری
چھپڑا :
شہید جانباز بی ایس ایف کے سب انسپکٹر محمد امتیاز کی شہادت پر پورے ملک کو فخر ہے۔ سچ میں شہید کبھی مرتے نہیں ہیں لوگوں کے دلوں میں، دعاؤں میں اور ملک کی فضاؤں میں وہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ یہ باتیں 12 مئی 2025 کو ان کے آبائی گھر چھپڑا ضلع کے گاؤں نارائن پور بلاک گرکھا میں نماز جنازہ میں شرکت کرنے پہنچے بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے سیکریٹری و ڈپٹی ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن بہار جناب عبدالسلام انصاری نے بعد نماز جنازہ کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب میں شہید محمد امتیاز کے گاؤں جنازہ کے لیے نارائن پور پہنچا تو ماحول کافی غمگین تھا
لیکن جنازہ اٹھتے ہی شہید امتیاز زندہ باد کے نعروں سے فضاں گونج اٹھا۔ جناب عبدالسلام انصاری نے کہا کہ شہید امتیاز کی مٹی میں لپٹی وردی کو دیکھ کر میں تڑپ اٹھا اور یہ احساس ہوا کہ اصل ہیرو کون ہے۔
انہوں نے بتایا کہ والد کی شہادت کا گہرا اثر بیٹا عمران پر ہوا ہے۔ روتے ہوئے اس نے کہا کہ ” آج میں صرف اپنے پاپا کو ہی نہیں بلکہ ہر اس شہید کو سلام کرتا ہوں جو اس وطن کی حفاظت میں شہید ہوئے۔ عمران کا جزبہ دیکھنے کے قابل تھا، فولادی جگر، مضبوط ارادے، بہادر اور وطن سے وفاداری صاف جھلکتی ہے۔ آج میں نے اس مٹی کو سلام کیا جہاں ایسے فرزند پیدا ہوتے ہیں۔
جناب عبدالسلام انصاری نے کہا کہ شہید امتیاز احمد کی شہادت ہمیشہ یاد رہے گی۔ اب ہم سب کا یہ فرض ہو جاتا ہے کہ ہم امتیاز احمد کے خوابوں کا ہندوستان بنائیں، شہید امتیاز احمد کو دل سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کیا۔ جنازہ میں عبدالسلام انصاری کے ساتھ جناب آفاق عالم ایم ایل سی بھی شامل تھے۔
شہید امتیاز احمد کے جنازہ میں قرب و جوار کے لوگ بڑی تعداد میں شامل ہوئے۔ جیسا کہ آپ کو معلوم ہی ہے کہ پہلگام میں دہشت گردوں کے ذریعہ کئے گئے حملہ کی پاداش میں پاکستنی افواج سے مقابلہ میں امتیاز احمد دشمن کا شکار ہو گئے اور ملک کی خاطر قربان ہوگئے