تنظیم امارت شرعیہ مظفر پور و آزاد سماج پارٹی کا 29 مئی کو تاریخی جلسہ عام
تنظیم امارت شرعیہ مظفر پور و آزاد سماج پارٹی کا 29 مئی کو تاریخی جلسہ عام
“بھائی چارہ بنائیں، ورثہ کو بچائیں مہا ریلی” پر ایک شاندار مشترکہ پریس کانفرنس سے جوہر آزاد نے کیا خطاب
مظفر پور: وجاہت، بشارت رفیع
آزاد سماج پارٹی اور تنظیم امارت شرعیہ مظفر پور کے مشترکہ زیراہتمام آج مظفر پور میں ایک اہم مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس پریس کانفرنس کا مقصد 29 مئی کو مہیش بھگت بنواری لال کالج گراؤنڈ، بیریا، مظفر پور میں منعقد ہونے والی “بھائی چارہ بنائیں، ورثہ بچاؤ مہا ریلی” کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرنا اور اس تقریب کے لیے وسیع پیمانے پر عوامی حمایت حاصل کرنا تھا۔
معلوم ہو کہ اس تاریخی میگا ریلی میں امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی اور آزاد سماج پارٹی کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ چندر شیکھر آزاد شرکت کریں گے۔ آزاد سماج پارٹی کے بہار ریاستی صدر اور مہا ریلی کے کنوینر جناب جوہر آزاد نے کہا
“آج ملک کے کمزور طبقوں کی وراثت، شناخت اور ادارے مسلسل حملے کی زد میں ہیں۔ وقف ترمیمی بل اقلیتوں کی جائیدادوں اور اداروں پر قبضے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ بدھ مت کے پیروکاروں کے مذہبی جذبات کھلوار کے ساتھ ہی یہ آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بھی ہے
۔” انہوں نے مزید کہا کہ ‘بھائی چارہ پیدا کریں، ورثہ بچائیں’ ہمارا نعرہ ہے تاکہ ذات پات، مذہب اور علاقائیت سے اوپر اٹھ کر تمام محروم طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر مضبوط آئینی جدوجہد کی جاسکے۔ یہ مہا ریلی آئین، سماجی انصاف اور وراثتی حقوق کے تحفظ کی جنگ میں سنگ میل ثابت ہوگی،
ان شاء اللہ۔ تنظیم امارت شرعیہ مظفر پور کے صدر محمد شعیب نے اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “وقف ایکٹ میں جو ترامیم کی جا رہی ہیں ان کا مقصد وقف املاک پر حکومت کا کنٹرول حاصل کرنا ہے۔
یہ اقدام نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ شریعت کے بھی خلاف ہے۔ ہماری لڑائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس ترمیم کو واپس نہیں لیا جاتا
۔” دوسری جانب آزاد سماج پارٹی کے ریاستی ترجمان جاوید اختر عرف گڈو نے کہا کہ کیا اس ملک میں تمام ٹرسٹوں میں کسی اور مذہب کے لوگوں کو شامل کیا گیا ہے، مسلمانوں کے وقف میں دیگر مذاہب کے لوگوں کو کیوں شامل کیا گیا ہے؟
دریں اثناء امارت شرعیہ مظفر پور کے نائب صدر جاوید احمد نے کہا کہ حکومت وقف ترمیمی قانون کے ذریعے وقف املاک پر ناجائز قبضہ کرنا چاہتی ہے جس کی ہم سختی سے مخالفت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر تمام مقررین نے عوام الناس، طلباء، علمائے کرام، سماجی کارکنوں اور اقلیتی طبقوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ 29 مئی کو مہیش بھگت بنواری لال کالج گراؤنڈ مظفر پور میں منعقد ہونے والی ’’بھائی چارہ بناؤ، وراثت بچاؤ مہا ریلی‘‘ میں بڑی تعداد میں شامل ہوں اور اپنی آواز بلند کرتے ہوئے پرامن طریقے سے املاک کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔