اشرف فرید قومی اساتذہ تنظیم بہار کے سرپرست نامزد، اردو آبادی میں خوشی کی لہر

Spread the love

اشرف فرید قومی اساتذہ تنظیم بہار کے سرپرست نامزد، اردو آبادی میں خوشی کی لہر
اسکولوں کے نظام و معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لیےاردو زبان کے جانکار ہیڈ ماسٹرز ہوں بحال : اشرف فرید


پٹنہ: قومی اساتذہ تنظیم بہار نے اردو ایکشن کمیٹی بہار کے صدر و روزنامہ قومی تنظیم کے مدیر اعلی جناب ایس ایم اشرف فرید کو سرپرست نامزد کیا، اس سلسلے میں قومی اساتذہ تنظیم بہار کے صدر نے کہا کہ اس فیصلہ سے بہار میں اردو زبان کی معیاری تعلیم اور اردو تحریک کو کافی تقویت حاصل ہوگی۔


یہ جانکاری قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر محمد رفیع نے دی ہے۔ جناب رفیع نے بتایا کہ قومی اساتذہ تنظیم بہار کی سرپرستی کی ذمہ داری بخوبی ادا کرتے ہوئے سیکریٹری بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ و ڈپٹی ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن بہار جناب عبدالسلام انصاری کے مشورہ سے صدر جناب تاج العارفین نے ملک کے نامور صحافی و اردو زبان کے سچے ہمدرد جناب ایس ایم اشرف فرید کو جناب انصاری صاحب کے ساتھ مشترکہ طور پر قومی اساتذہ تنظیم بہار کا سرپرست نامزد کرنے کا فیصلہ لیا اور ان کی رہنمائی میں پٹنہ واقع جناب اشرف فرید کی رہائش پر ایک اہم نشست منعقد ہوئی جس میں صدر تاج العارفین کے علاوہ جناب عبدالسلام انصاری، ایس ایم اشرف فرید و محمد رفیع شامل تھے۔


جہاں ایک جانب اشرف فرید کے قومی اساتذہ تنظیم بہار کا سرپرست نامزد ہونے پر پوری اردو آبادی میں خوشی کی لہر پھیل گئی ہے وہیں جناب اشرف فرید نے قومی اساتذہ تنظیم بہار کے کارکردگی کی ستائش کی اور کنوینر محمد رفیع سے کہا کہ معزز وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار اردو زبان کی ترویج و اشاعت و اردو زبان کی تعلیم وتدریس کو لے کر کافی سنجیدہ ہیں اس لئے ابھی آپ اردو کی معیاری تعلیم کو یقینی بنانے اور اردو اسکولوں کے تشخص کو برقرار رکھنے کے سلسلے میں اپنی توانائی لگائیں۔


اسکولوں میں ہیڈ ٹیچر اور ہیڈ ماسٹرز کی پوسٹنگ ہونی ہے اس کے لیے کاؤنسلنگ بھی ہو چکی ہے لیکن امتحان کے درمیان اردو اسکولوں کو مرکز میں رکھ کر ہیڈ ٹیچر یا ہیڈ ماسٹرز کی بحالی کا محکمہ نے فیصلہ نہیں لیا ہےجس سے اردو اسکولوں کے نظام اور تشخص کو خطرات لاحق ہیں۔ آپ محکمۂ تعلیم کے اعلی افسران سے یہ مانگ کریں کہ معزز وزیر اعلی کے خواہشوں کی تکمیل تبھی ہوگی جب اردو اسکولوں میں اردو زبان کے جانکار ہیڈ ماسٹرز کی بحالی ہو۔


اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ محکمۂ تعلیم کے افسران کی بڑی کمزوری ہے کہ یو ڈائس پلس میں جو آپشن آرہے ہیں اس سے بچوں کی تعلیم کا میڈیم اور مادری زبان ہندی ہو جا رہی ہے، اس سے اردو پڑھنے والے بچوں کا مستقبل خراب ہو جائے گا اور اردو پڑھنے والے طلبہ و طالبات کا ملنا بھی مشکل ہو جائے گا۔


اس موقع پر جناب عبدالسلام انصاری نے کہا کہ وہ ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ اردو کی بہتر و معیاری تعلیم کو یقینی بنانے میں اپنا تعاون دیں لیکن وہ ایک دائرہ میں ہیں جہاں سب کچھ ممکن نہیں۔ اس لیے اپنے دائرۂ اختیار میں رہ کر اردو کے فروغ کی کوشش کرتے ہیں۔

One thought on “اشرف فرید قومی اساتذہ تنظیم بہار کے سرپرست نامزد، اردو آبادی میں خوشی کی لہر

  • January 2, 2025 at 5:21 pm
    Permalink
    ماشاءاللہ بہت بہت مبارکباد
    Reply

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *