سیکریٹریٹ میں نیم پلیٹ سے اردو غائب

Spread the love

سیکریٹریٹ میں نیم پلیٹ سے اردو غائب ، محمد رفیع نے کیا افسردگی کا اظہار، وزیر اعلی کو مکتوب کیا ارسال

وزیر اعلی کی ہدایت پر ہو عمل، بغیر اردو والے تمام سائن بورڈ، نیم پلیٹ بدلے جائیں : محمد رفیع

پٹنہ، 23/ ستمبر، سرکاری حکم نامے کی خلاف ورزی خوب ہوتی ہے، لیکن حکومت کے ناک تلے ایسا ہونے پر شدید تکلیف ہوتی ہے۔ ہدایت کے مطابق تمام سرکاری عمارتوں، نیم پلیٹ، سائن بورڈ و اشتہارات وغیرہ پر ہندی کے ساتھ اردو زبان کا بھی استعمال ہو اور گزٹ اردو زبان میں بھی شائع کرنے کی ہدایت ہے۔

لیکن افسوس کہ حکومت کا نظام جہاں سے چلایا جاتا ہے یعنی سکریٹریٹ، وہاں سائن بورڈ، ہورڈنگ پر اردو زبان کی موجودگی تو دور کی بات ہے نیم پلیٹ سے بھی اردو غائب ہے۔ تمام افسران و دفاتر کے دروازے پر ہندی اور انگریزی زبان میں نیم پلیٹ آویزاں ہیں لیکن اردو ندارد۔ یہ باتیں قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر و آزاد صحافی محمد رفیع نے اپنے ساتھی قومی اساتذہ تنظیم بہار کی مجلس عاملہ کے رکن نسیم اختر و ڈھاکوی اکیڈمی آف انڈر گریجویٹ لرننگ کے ڈائریکٹر منہاج ڈھاکوی کے ساتھ سیکریٹریٹ کا دورہ کرنے کے بعد کہی ہیں۔

جناب رفیع نے بڑے ہی افسوس کے ساتھ کہا کہ میں جب بھی سیکریٹریٹ جاتا ہوں تو یہ دیکھ کر دنگ رہ جاتا ہوں کہ اردو دوست معزز وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار کے وزراء کے دفاتر و ان کے افسران کے نیم پلیٹ سے اردو غائب ہے۔ جناب رفیع نے مزید کہا کہ ہمیں افسوس صرف اس لیے نہیں ہے کہ نیم پلیٹ سے اردو زبان غائب ہے بلکہ میری افسردگی کی اصل وجہ یہ بھی ہے کہ ہندوستان میں غیر ملکی زبان انگریزی کو فوقیت دی جا رہی ہے اور خالص ہندوستانی زبان اردو کا استحصال ہو رہا ہے

جو بہار میں دوسری سرکاری زبان کی حیثیت رکھتی ہے۔

جناب محمد رفیع نے معزز وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار سے اپنی ہی ہدایت کو نافذ کرانے کے لئے ایک ایسی کمیٹی تشکیل دینے کی مانگ کی ہے جو گھوم گھوم کر یہ دیکھے کہ حکومت کی ہدایات پر عمل ہو رہا ہے یا نہیں۔ اردو دوست وزیر اعلی کی ہدایت کی خلاف ورزی ہو رہی ہے

اب یہ بات بالکل عام سی ہو گئی ہے کہ جتنے بھی نیم پلیٹ اور سائن بورڈ وغیرہ لگ رہے ہیں اس پہ غیر ملکی زبان انگریزی تو دیکھا جا رہا ہے لیکن خالص ہندوستانی زبان اردو نیم پلیٹ، سائن بورڈ وغیرہ سے غائب ہے جب کہ پرانے تمام نیم پلیٹوں وغیرہ پر آج بھی اردو زبان اپنی رونق بکھیر رہا ہے اور اسے دیکھ کر ہمیں فخر محسوس ہوتا ہے۔

جناب رفیع نے معزز وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار کو ایک مکتوب ارسال کر یہ مانگ کی ہے کہ اردو کی بازیابی کے لیے جو ممکن اقدام ہو سکے وہ کریں اور نیم پلیٹ، سائن بورڈ وغیرہ بنانے والے محکمہ و ایجینسی کو یہ ہدایت دینے کی مہربانی بھی کریں کہ وہ جلد از جلد تمام ایسے سائن بورڈ، ہورڈنگ اور نیم پلیٹ وغیرہ کو ہٹا دیں جس پر اردو نہیں ہے اور ہندی کے ساتھ اردو زبان میں لکھا یا پرنٹ کیا گیا سائن بورڈ، ہورڈنگ اور نیم پلیٹ وغیرہ آویزاں کر دیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *