وقف ترمیمی بل کے جاری ملی مہم کو تقویت پہنچانے پر زور
وقف ترمیمی بل کے جاری ملی مہم کو تقویت پہنچانے پر زور
بی بی گمانی بیگم وقف اسٹیٹ 259 کی منتظمہ نے پورنیہ میں علماء،ائمہ اور دانشوروں کی میٹنگ طلب کرکے مسلم پرسنل لاء کی ای میل مہم کو کامیاب کرنے میں جھونکی طاقت
پورنیہ: (پریس ریلیز)
جامعہ خلفاء راشدین، مادھو پارہ پورنیہ میں منتظمہ کمیٹی بی بی گمانی بیگم کی جانب سے ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں وقف ترمیمی بل 2024 کے سلسلے میں جاری ملی مہم کو تقویت پہنچانے اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اس تعلق سے چل رہی تحریک کو مضبوط کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔
نیز اس بل کی مخالفت کے سلسلے میں JPC کو بھیجے جا رہے ای میل کی تعداد کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے اور اس سلسلے میں بیداری لانے کے لیے مہم کا آغاز کیا گیا۔ نشست میں شہر پورنیہ کے ائمہ و علماء کرام کے علاوہ دانشوران کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔
مجلس آغاز تلاوت و نعت پاک سے ہوا، بعد ازاں اس میٹنگ کے کنوینر جناب مولانا سید محمد طارق انور قاسمی نائب صدر منتظمہ کمیٹی بی بی گمانی بیگم وقف اسٹیٹ 259 مادھو پارہ پورنیہ نے میٹنگ کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس نشست کا مقصد وقف ترمیمی بل 2024 کے سلسلے میں ای میل کی مہم کو کا میابی سے ہمکنار کرنا ہے۔
اور پھر نشست میں شریک علماء کرام سے رائے طلب کی گئی۔ قاضی شہر پورنیہ مولانا ارشد قاسمی نے مختصر انداز میں اوقاف کی شرعی حیثیت کو بیان کیا اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بذریعہ ای میل اپنی رائے ضرور دیں تاکہ وقت ضرورت عدالت عظمی میں ہم مضبوطی سے اپنا موقف پیش کر سکیں
مولانا مبارک حسین مفتاحی امام خطیب چھوٹی مسجد لائن بازار نے بھی اس تعلق سے اپنی رائے رکھی اور اس طرح کی حکومت کی سازشوں کو اسلامی تاریخ کے حوالے سے بیان کیا اور مسلمانوں کو یاس و نا امیدی کی بجائے اتحاد اور اللہ سے اپنے رشتے کو مضبوط کرنے کی بات کہی، جامع مسجد خزانچی ہاٹ پورنیہ کے امام و خطیب مولانا وحید الزماں قاسمی نے بھی وقف ترمیمی بل کے تعلق سے اپنی رائے دی اور آئندہ کل جمعہ میں تمام مسجدوں کے باہر کیمپ کی شکل میں زیادہ سے زیادہ ای میل کرانے کی بات کہی۔
انچارج مہتمم جامعہ خلفائے راشدین پورنیہ مولانا کفیل الدین ندوی نے آنے والے تمام ائمہ و علماء اور معززین شہر کا شکریہ ادا کیا اور طلبہ جامعہ کے ذریعے سے اس مہم کو کامیاب کرنے کا مشورہ دیا۔
وقف ترمیمی بل کے نقصانات اور مستقبل کے خدشات پر اظہار خیال کرنے والوں میں مفتی ثناء اللہ قاسمی،مفتی حسنین اشاعتی،مفتی جاوید اشرف قاسمی اور مولانا اورنگ زیب کلیم قاسمی کے اسماء خاص طور پر قابل ذکر ہیں جبکہ کہ اس نشست میں نظامت کے فرائض جامعہ خلفاء راشدین،پورنیہ کے استاد مفتی عمر فاروق قاسمی نے انجام دیئے۔
ان کے علاوہ دیگر معززین اور ائمہ و علماء نے بھی اپنے قیمتی مشورے دیے اور فوری طور پر اپنے اپنے حلقوں اور محلوں میں تحریکی انداز میں ای میل بھیجنے پر اتفاق کیا، اس سلسلے میں طلبہ جامعہ کی مختلف ٹولیاں بنائی گئیں تاکہ وہ مختلف محلوں اور مسجدوں میں جا کر لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ای میل کرائیں اور انہیں طریقہ کار بتائیں۔ اخیر میں مولانا وحید الزماں قاسمی کی دعا پر نشست کا اختتام ہوا۔
میٹنگ میں جناب جاوید طفیل، انجنیئر غیاث الدین،اعجاز محفوظ، الحاج منظرالاسلام، انجیئر شبیر عالم،محمد شاہد،عبد الشارق،جاوید صدیقی ہمدرد اور اراکین منتظمہ کمیٹی وقف گمانی بیگم، اراکین عاملہ جامعہ خلفاء راشدین پورنیہ اور اساتذہ و طلبہ جامعہ کے علاوہ شہر کے ائمہ و علماء اور معززین کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔
العارض
آفاق عالم /پریس سکریٹری
رابطہ نمبر:9871716404