یومِ آئین و اردو بیداری ہفتہ کے موقع پر عبدالسلام انصاری کے ہاتھوں آئین کے تمہید کی اردو کاپی تقسیم

Spread the love

یومِ آئین و اردو بیداری ہفتہ کے موقع پر عبدالسلام انصاری کے ہاتھوں آئین کے تمہید کی اردو کاپی تقسیم

قومی اساتذہ تنظیم آئین کے مطابق اردو کے فروغ کے لئے کوشاں : محمد رفیع

مظفر پور، 26 نومبر (وجاہت، بشارت رفیع) یوم آئین کے موقع پر قومی اساتذہ تنظیم بہار نے ریاستی صدر تاج العارفین کی صدارت میں مظفر پور کے رام باغ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا، جس کی نظامت ریاستی کنوینر محمد رفیع نے کی۔ اس موقع پر بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے سابق چیئرمین اور ڈپٹی ڈائرکٹر ثانوی تعلیم بہار عبدالسلام انصاری نے عام لوگوں میں آئین کے تمہید کی کاپی تقسیم کی۔ واضح رہے کہ اردو ایکشن کمیٹی بہار کی کال پر قومی اساتذہ تنظیم بہار ’’اردو بیداری ہفتہ‘‘ منا رہی ہے

یہی وجہ ہے کہ عبدالسلام انصاری نے اس موقع پر تمہید کی اردو کاپی تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ آپ خود بھی آئین کی تمہید پڑھیں، اس کا مطالعہ کریں اور اپنے بچوں کو اس کا تعارف کرائیں، تب ہی ہم آئین کے بنیادی مقاصد حاصل کر سکیں گے۔ جناب انصاری نے یہ بھی کہا کہ اگر آئین کی روح محفوظ رہے گی تو ہم سب بھی محفوظ رہیں گے۔

دنیا کے سب سے بڑے آئین کے خالق ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جناب انصاری نے کہا کہ آئین ہمیں سیاسی، معاشی اور سماجی آزادی فراہم کرتا ہے۔ یہ آئین ہمیں نظریاتی اور مذہبی آزادی بھی فراہم کرتا ہے

اس لیے اس کا تحفظ ضروری ہے۔ قومی اساتذہ تنظیم کے ریاستی صدر تاج العارفین نے کہا کہ ہماری تنظیم کی جانب سے اردو بیداری مہم چلائی جا رہی ہے۔ آج ہفتے کا تیسرا دن ہے اور آج ہمارے عظیم ملک ہندوستان کے آئین کا یوم تاسیس ہے۔ اس پرمسرت موقع پر دستور کے تمہید کی اردو کاپی تقسیم کی گئی ہے۔ ہمارا آئین ہمیں اپنی زبان میں پڑھنے، لکھنے اور بولنے کا حق دیتا ہے۔

ہمارا آئین لسانی اختلافات کے باوجود ہمیں ایک ساتھ باندھتا ہے۔ یہ ہمارے ملک اور آئین کی خوبصورتی کو ظاہر کرتا ہے۔ تنظیم کے کنوینر محمد رفیع نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے بڑی قربانیوں کے بعد ملک کو آزاد کرایا اور ملک ہندوستان ہمارے حوالے کیا اور اسے چلانے کے لیے ایک آئین بھی ہمارے حوالے کیا جو ہمیں لسانی اور مذہبی آزادی بھی فراہم کرتا ہے۔

اس لیے یوم دستور اور اردو بیداری ہفتہ کے موقع پر ہم مادری زبان اردو اور قومی زبان ہندی دونوں کی ترقی کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ اسی لیے ہم نے دکانوں اور گھروں پر ہندی اور اردو میں لکھی ہوئی نام کی تختیاں لگانے کی مہم شروع کی۔
اس موقع پر قومی اساتذہ تنظیم کے صدر تاج العارفین، ریاستی کنوینرمحمد رفیع کے ساتھ ریاستی سیکرٹری محمد تاج الدین، ریاستی مجلس عاملہ کے اراکین محمد رضوان، ندیم انور، نسیم اختر، محمد امان اللہ، وقار عالم، ممبر محمد سجاد، مشہور صحافی نزہت جہاں، مظفر عالم م، مادھیمک شکچھک سنگھ کے ضلعی نائب صدر ڈاکٹر محمد تنویر، محمد عالیشان، سماجی کارکن محمد شاہد، شیلیندر کمار پانڈے، چندن کمار، کرشنا کمار وغیرہ موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *