مڈل اسکول گودنی کا نام اردو میں لکھنے کا بلاک تعلیمی افسر نے دیا حکم
مڈل اسکول گودنی کا نام اردو میں لکھنے کا بلاک تعلیمی افسر نے دیا حکم
اردو میں لکھے نام کو شرارتی افراد کے دباؤ میں مٹا دیا تھا، اس حکم نامہ سے سچائی کی ہوئی ہے جیت : رضی احمد
مظفر پور، 19/ مئی (وجاہت، بشارت رفیع) ریاستی اپگریڈیڈ مڈل اسکول گودنی، سنبرسہ شاہ، کڈھنی میں اردو میں اسکول کا نام لکھے جانے پر کھڑا ہوا مسئلہ آج اس وقت ختم ہوگیا جب بلاک تعلیمی افسر کڈھنی جناب اتم پرساد نے اسکول کے پرنسپل کو ایک مکتوب ارسال کر یہ حکم دیا ہے کہ وہ اسکول کی دیوار پر اردو زبان میں بھی اسکول کا نام لکھیں۔ معلوم ہو کہ گزشتہ دنوں اسکول انتظامیہ نے ہندی کے ساتھ اردو میں بھی اسکول کا نام لکھا تھا لیکن کچھ شرارتی افراد کے دباؤ میں پرنسپل نے اردو کو مٹوا دیا تھا۔
اس کی شکایت قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی مجلس عاملہ کے رکن جناب رضی احمد سے مقامی لوگوں نے کی۔ جناب رضی نے تشدد سے بچنے کا سب کو مشورہ دیا اور اس معاملے کے حل کے لئے اعلی افسران سے رجوع کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں مقامی ساماجک خدمتگار محمد اسرائیل نے بلاک تعلیمی افسر کو ایک مکتوب ارسال کیا۔
اس پر انہوں نے سنجیدگی سے غور کرنے کے بعد 18 مئ 2023 کو ریاستی اپگریڈیڈ مڈل اسکول گودنی کے پرنسپل کو مکتوب نمبر 504 ارسال کر یہ حکم دیا کہ مکتوب ملنے کے ساتھ ہی حکم کی تعمیل ہو۔
اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جناب رضی احمد و محمد اسرائیل نے بلاک تعلیمی افسر اتم پرساد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سچائی کی جیت ہوئی ہے۔
جناب رضی نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار کے سنجیدہ ہونے کے باوجود ریاست کی دوسری زبان اردو کی حق ماری ہوتی ہے۔ دفاتر کے نیم پلیٹ پر و آفسیل کاموں میں اردو کا استعمال نہیں ہوتا ہے۔
رجسٹری آفس میں کیوالا اردو میں نہیں ہوتا ہے اور اگر کسی نے اردو میں کیوالا کروا لیا تو سرکل آفس میں بیٹھے جاہل کلرک اسے نہیں پڑھنے لائق بتا کر پینڈنگ میں ڈال دیتے ہیں۔