الحاد جدید کے موضوع کی مدارس کے نصاب میں شمولیت کی ضرورت

Spread the love

الحاد جدید کے موضوع کی مدارس کے نصاب میں شمولیت کی ضرورت

از: ڈاکٹر وارث مظہری صاحب جامعہ ہمدرد نئی دہلی

اس بات کی شدید ضرورت محسوس ہوتی ہے کہ الحادیا الحاد جدید کو ایک باضابطہ مضمون کے طور پر مدارس کے نصاب میں شامل کیا جائے۔ آخر مدارس کے نصاب میں علم کلام کی شمولیت کا مقصد کیا تھا یا کیا ہے؟ صرف یہی کہ ان کلامی نظریات اور گمراہ فرقوں کے افکارمیں سرکھپاتے رہیں جن کی معنویت بنیادی طورپرصرف یہ رہ گئی ہے کہ وہ علم کلام کی تاریخ کا حصہ ہیں۔الحاد جدید سے مراد خاص طورپریورپ کی روشن خیالی:enlightenment کے عہد میں پروان چڑھنے والی وہ مغربی فکر ہے جس نے خدا مرکزی تصور کائنات کی جگہ انسان مرکزی تصورکائنات کودے دی۔اب اکیسویں صدی میں اس نے ایک نئ تحریک کی شکل اختیار کرلی ہے۔

بعض لوگ الحاد کے نظریے کوعلمی مقدمات پر استوار تصور نہیں کرتے اور اس لیے اپنی فکری بحثوں میں اس کوجگہ دینے کے لیے تیار نہیں۔لیکن یہ محض خوش خیالی اور علمی واعتقادی سادہ لوحی کی ایک شکل ہےجو اہل علم کے خواص کے طبقے کوزیب نہیں دیتی۔

ہندوستان میں ارتداد کے بڑھتے ہوئے رجحان کا معاملہ یقینا تشویشناک ہے۔لیکن اس کے بہت سے وقتی اورزمانی ومکانی عوامل ہیں۔انیسویں صدی میں،خاص طور پر اٹھارہ سو ستاون کے انقلاب میں ناکامی کے بعد بہت سے مسلمان مسیحی اور آریہ سماجی مشنریزی کی ترغیب وتحریص کی زد میں آکر عیسائی اور آریہ سماجی ہوگئے تھے۔ لیکن آگے چل کر یہ صورت حال تبدیل ہوگئی۔ لیکن جہاں تک الحاد کا معاملہ ہے وہ اپنے پیچھے صدیوں کی ایک ’مضبوط‘ آئڈیا لوجی رکھتا ہے،جس کی تشکیل میں دنیا کےاعلی دماغوں نے اپنی توانائیاں صرف کی ہیں۔اس پوری آئیڈیا لوجی کوآسانی کے ساتھ کاؤنٹرکرنا ممکن نہیں ہے۔

الحاد جدید کے مزاج ونفسیات کوسمجھنے کے لیے میں سردست دوکتابوں کوپڑھنےکا مشورہ دوں گا۔ایک چارلس ٹیلر کی A Secular Age’ اوردوسری کیرن آرم اسٹرانگ کی’ A History of God۔مجھے یہ دونوں کتابیں تفصیل کے ساتھ پڑھنے کا اتفاق ہوا ہے۔

مدارس میں اس مضمون کی شمولیت کے لیے باضابطہ نصاب وغیرہ کی تشکیل کی ضرورت ہوگی۔ میرا خیال ہے کہ سردست محاضرات کی سطح پراس کوشامل کیا جانا چاہیے۔اس موضوع کو مغربی فکر وتہذیب کے مطالعے کے ایک حصے کے طور پر بھی شامل نصاب کیا جاسکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *