معلمین کی تنخواہ کا تعین
معلمین کی تنخواہ کا تعین : قومی اساتذہ تنظیم بہار نے وزیر اعلی کو مکتوب کیا ارسال
سکچمتا پاس اساتذہ کو تنخواہ کا تعین نہ ہونے سے مشکلات کا ہے سامنا : محمد رفیع
پٹنہ
کچمتا 1 کے معلمین کی تنخواہ کا تعین کرنے کے سلسلے میں قومی اساتذہ تنظیم بہار نے ایک مکتوب ارسال کیا ہے۔ یہ باتیں قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر محمد رفیع نے بتائی، انہوں نے کہا کہ سکچمتا 1 کے اساتذہ نے بتاریخ یکم جنوری 2025 سے اپنے اسکولوں میں جوائن کرلیا ہے، ان اساتذہ کو سرکاری ملازم کا درجہ ملنے کے ساتھ ساتھ بنیادی تنخواہ کا تحفظ حاصل ہے۔
اس لیے محمد رفیع نے کہا کہ ان کے تنخواہ کا تعین ضروری ہے۔ پچھلے پانچ ماہ سے جو تنخواہ ان اساتذہ کو مل رہی ہے وہ تنخواہ کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے ماقبل کے مقابلے میں 10 سے 15 ہزار کم ہے، جس کی وجہ سے ان کا گھریلو بجٹ انتشار کا شکار ہو گیا ہے اور انہیں حد درجہ مشکلات کا سامنا ہے بلکہ گھریلو انتظام و انصرام میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔
اس لیے معزز وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار سے محمد رفیع نے گزارش کی ہے کہ ترجیحی بنیاد پر سکچمتا 1 کے اساتذہ کےتنخواہ کا تعین کیا جائے اور مہنگائی الاؤنس،مکان کرایہ الاؤننس، شہری الاؤنس کو بھی اپڈیٹ کیا جائے۔
جناب رفیع نے واضح کیا کہ فوراً اس کار خیر کو انجام دیا جاتا ہے تو اس کے لیے قومی اساتذہ تنظیم بہار اور ذاتی طور پر میں آپ کا بے حد شکر گزار رہوں گا۔
جناب رفیع نے بتایا کہ یہ مکتوب انہوں ریاستی صدر جناب تاج العارفین کے مشورہ پر لکھا ہے جسے عملی جامہ پہنانے کا کام سیکریٹری قومی اساتذہ تنظیم بہار محمد تاج الدین نے کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار کو لکھے اس مکتوب کی کاپی ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن بہار و ڈائریکٹر پرائمری ایجوکیشن بہار کو بھی ارسال کیا ہے۔