تحفیظ القران فیض کالونی میں محمد ساحل کے تکمیل حفظ قرآن کے موقع پر دعائیہ نشست کا انعقاد
تحفیظ القران فیض کالونی میں محمد ساحل کے تکمیل حفظ قرآن کے موقع پر دعائیہ نشست کا انعقاد
مدرسے قران کی خدمت کر رہے ہیں ان کا ہر طرح سے تعاون کرنا ہمارا اخلاقی فریضہ ہے: محمد تاج الدین قاسمی
مظفرپور، 27/اگست (وجاہت ، بشارت رفیع، عبدالخالق قاسمی) تحفیظ القرآن فیض کالونی مالی گھاٹ مظفرپور میں تکمیل حفظ قرآن کے موقع پر دعاٸیہ نشست کا انعقاد کیا گیا۔اس پروقار مجلس میں قرب و جوار کے سرکردہ شخصیات نے شرکت کی اور تکمیل حفظ قرآن کا شرف حاصل کرنے والے محمد ساحل ابن محمد مصطفی مرحوم سر سید کالونی مظفرپور کو مبارکبای پیش کی۔ اس مبارک موقع پر اپنے خطاب میں قومی اساتذہ تنظیم کے صوبائی سکریٹری محمد تاج الدین قاسمی نے کہا کہ حافظ قرآن اللہ تبارک و تعالی کا خصوصی انتخاب ہے، ہزاروں سازشوں اور کوششوں کے باوجود بھی اتنی بڑی تعداد میں حافظ قران کا ہونا یہ خود اس بات کی دلیل ہے کہ قران کریم قیامت تک کے لیے ہدایت کی کتاب ہے اور کسی بھی صورت میں قران کو اور قران کی تعلیمات کو مٹایا نہیں جا سکتا ہے، انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو قران پڑھائیں اور خود بھی قران سے جڑیں اور جو مدرسے قران کی خدمت کر رہے ہیں ان کا ہر طرح سے تعاون کریں، وہاں پڑھنے والے بچوں اور اساتذہ سے عقیدت رکھیں۔وہیں اس موقع پر مدرسہ کے بانی و ناظم جناب قاری ذکی انور عرفانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ حافظ قران اپنے والدین کے ساتھ ساتھ اپنے خاندان کے بیشتر لوگوں کی مغفرت کا ذریعہ بنیں گے ان کے والدین کے سروں پر سورج سے بھی زیادہ روشن تاج سجایا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کی عزت و سربلندی قران کریم کے ساتھ جڑنے میں ہے، آج جس طریقے سے ہم مسلمان ہر طرح سے ذلیل و خوار ہو رہے ہیں کہیں نہ کہیں وہ قران سے دور ہونے اور قران کو چھوڑنے کا نتیجہ ہے اور یہ مدرسے جو قران کی تعلیم دیتے ہیں وہ دین اور اسلام کے مضبوط قلعے ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ رواں تعلیمی سال میں اب تک چھ بچوں نے قران کریم کا حفظ مکمل کر لیا ہے جبکہ ابھی تعلیمی سال کے ختم ہونے میں تقریباً چھ مہینے سے زیادہ کا وقت باقی ہے، امید ہے کہ سال کے اخیر تک ایک بڑی تعداد بچوں کی حفظ قران پاک مکمل کر لے گی۔اس نشست میں ممتاز احمد کے ہاتھوں تکمیل حفظ قرآن کا شرف حاصل کرنے والے طالب علم محمد ساحل ابن محمد مصطفی مرحوم کو گرانقدر انعامات سے نوازا گیا۔پروگرام کی نظامت مدرسہ کے ناظم حافظ و قاری محمد ذکی انور عرفانی نے بڑے خوبصورت انداز میں انجام دی پروگرام کا باضابطہ آغاز ادارہ کے طالب علم حافظ راغب امین کی تلاوت سے ہوا اور نعت پاک قاری حفیظ الرحمن استاد مدرسہ ہذا نے پیش کیا اس موقع پر مولانا بقاء اللہ سکریٹری ابوہریرہ اکیڈمی مظفرپور، جناب ممتاز احمد صاحب، حافظ محمد راشد، محمد علی، نیر الہدی ایڈوکیٹ کوثر وسیم محمد حبیب، محمد عمر، فخر الحسن چارٹر اکاؤنٹنٹ، محمد چاند، محمد دانش، محمد شاکر، محمد صابر، نوشاد احمد کے علاوہ بڑی تعداد میں علاقے کے معزز دانشوران اور سماجی کارکنان اور طلبہ و طالبات اور ان کے سرپرست شریک ہوٸے اور اس نشست کو کامیاب بنایا۔