مفتی اعظم مفتی اعظم ہیں

Spread the love

مفتی اعظم مفتی اعظم ہیں : رفیق ملت حضرت سید شاہ محمد نجیب حیدر نوری دام ظلہ العالی ۔

 

اج 14 محرم الحرام 1446 ہجری ہے کل شام بعد نماز مغرب “عبادت خانۂ آل احمد “المعروف بہ برکاتی مسجد خانقاہ برکاتیہ مارہرہ شریف میں شفیق العلماء ،رفیق ملت حضرت سید شاہ محمد نجیب حیدر نوری برکاتی دام ظلہ العالی کی صدارت و سرپرستی میں قطب الاقطاب حضرت سید شاہ حمزہ عینی مارہروی علیہ الرحمہ اور شہزادۂ اعلی حضرت حضور مفتی اعظم ہند علیہ الرحمہ کے یوم وصال کی مناسبت سے مجلس شریف منعقد ہوئی جس میں جامعہ احسن البرکات کے جملہ اساتذہ کرام اور طلباء کے ساتھ ساتھ تمام حاضرین مسجد نے شرکت کی سعادت حاصل کی، تلاوت کلام ربانی سے محفل کا اغاز ہوا پھر جامعہ کے طالب علم محمد مستجاب رضا نے کلام رضا سے منتخب اشعار کے ذریعے نبی پاک علیہ الصلاۃ والسلام کی بارگاہ میں گلدستہ نعت پیش کیا اور جلالت الارشاد جانشین حضور وارث پنجتن ابا حضور سید شاہ محمد نجیب حیدر نوری مد ظلہ العالی صاحب سجادہ مسند نوریہ برکاتیہ نے حضرت قطب الاقطاب سید شاہ محمد حمزہ عینی علیہ الرحمہ کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے حضور مفتی اعظم ہند علیہ الرحمہ کی پاکیزہ حیات کے چند گوشے بھی اپنی زبان فیض ترجمان سے بیان فرما کر تمام سامعین کو محظوظ فرمایا حضرت بالا تبار کی گفتگو کا ایک اقتباس قارئین کی پیش خدمت ہے “یہی مسجد برکاتی ہے اسی مسجد میں حضور مفتی اعظم ہند کی ولادت اور ولایت کی بشارت دی گئی آج ہم انہیں کا ذکر کر رہے ہیں حضور اعلی حضرت اسی مسجد برکاتی میں حاضر تھے حضرت نوری میاں صاحب قبلہ(علیہ الرحمہ) نے ارشاد فرمایا: “مولانا تمہارے گھر میں ایک صاحبزادے تولد ہوئے ہیں یہ بچہ لمبی عمر پائے گا خلق کثیر اس بچے سے فیض یاب ہوگی ” چنانچہ آپ کی عمر پاک 92 سال ہوئی اور بہت بڑی تعداد میں پوری دنیا میں آپ کے مریدین و متوسلین پھیلے ہوئے ہیں ۔

 

حضرت اقدس نے فرمایا: صاحب البرکات کے خاندان سے نہ تو کبھی ولایت ختم ہوئی اور نہ کبھی علم ختم ہوا اس خاندان کی دو عظیم کرامتیں ہیں ایک کو اعلی حضرت کہتے ہیں اور دوسری کرامت کو مفتی اعظم ہند کہتے ہیں اور پھر مفتی اعظم ، مفتی اعظم ہیں”

حضور جلالۃ الارشاد جب اپنے مرشد کریم کا ذکر کرتے ہیں تو سما باندھ دیتے ہیں سامعین آپ کی گفتگو سے خوب محظوظ ہوتے ہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حضرت بیان فرماتے رہیں اور ہم لطف اندوز ہوتے رہیں اور یہ بات حاضرین محفل سے مخفی نہیں ہے۔

 

ابا حضور نے گفتگو کے اختتام پر تمام اساتذہ اور طلبہ کو مخاطب کر کے مسلک اعلی حضرت پر سختی کے ساتھ جمے رہنے کی نصیحت فرمائی جو کہ ان کی عادت کریمہ ہے ۔

اس کے بعد صلوۃ وسلام ہوا اور ابا حضور کے ایماں و اشارے پر استاذ مکرم قاری محمد عرفان برکاتی صاحب قبلہ کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔

✒️نعمان واحدی

جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *