اردو اساتذہ کی خصوصی تربیت کے لیے ایس سی ای آر ٹی پہنچا قومی اساتذہ تنظیم کا وفد

Spread the love

اردو اساتذہ کی خصوصی تربیت کے لئے ایس سی ای آر ٹی پہنچا قومی اساتذہ تنظیم کا وفد

جلد اردو اساتذہ کی تربیت شروع ہوگی، افسران کی یقین دہانی: محمد رفیع

پٹنہ، 20/ ستمبر، قومی اساتذہ تنظیم اردو کی معیاری تعلیم اور اس کے لیے اساتذہ کی تربیت کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل سر گرم عمل ہے

تنظیم نے اردو زبان اور اردو اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے پورے بہار میں منظم تحریک کا آغاز کردیا ہے، تنظیم کے صوبائی کنوینر محمد رفیع نے نمائندہ کو بتایا کہ اردو زبان کی معیاری تعلیم میں بڑی رکاوٹ گاہے بگاہے اساتذہ کو تربیت نہ دیناہے

حکومت نے حالیہ دنوں میں بڑے پیمانے پر ہندی، انگریزی ریاضی اور سائنس کے اساتذہ کی تربیت کا آغاز کیا ہے جس سے اسکولوں میں ان مضامین کی تعلیم کا بہتر ماحول پیدا ہوا ہے لیکن بہار کی دوسری سرکاری زبان دن بدن بہار کے اسکولوں میں دم توڑ رہی مگر افسران اس سلسلے میں ذرا بھی سنجیدہ نہیں ہیں اگر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے تو دیگر مضامین کے ساتھ اردو زبان کے اساتذہ کو بھی بنیادی آموزش اور عددی معلومات (FLN ) کے تحت اردو اساتذہ کو اردو زبان کی ٹریننگ دی جاتی یہ ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے بارے میں پہلے بھی وزیر اعلی سمیت وزیر تعلیم ودیگر معززین کو میں نے مکتوب لکھا ہے اور اسی سلسلے میں طے شدہ پروگرام کے تحت قومی اساتذہ تنظیم کا وفد اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشن ریسرچ اینڈ ٹریننگ پٹنہ (SCERT) پہنچ کرٹریننگ انچارج سے ملاقات کیا

اس سلسلے میں کونسل کے افسران نے تنظیم کی باتوں کو غور سے سنا اور مطالبہ کو مناسب و جائز بتاتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد اس سمت میں پیش رفت ہوگی اور اردو کے ماسٹر ٹرینرز کی تربیت یہاں شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی، اس وفد میں شامل قومی اساتذہ تنظیم کے صوبائی سکریٹری محمد تاج الدین نے بتایا کہ اردو اساتذہ کی ٹریننگ کے متعلق ایس سی ای آر ٹی کے افسران اور عملہ سے ملاقات مثبت رہی نیز وفد میں شامل تنظیم کے ذمہ داروں نے کونسل کی لا ئبریری میں رکھی گئی اردو کتابوں کا معائنہ کیا، لائبریرین جناب محمد اشفاق نے پوری طرح وفد کے اراکین کو بتایا کہ لائبریری میں اردو زبان کی درسی کتاب کے علاوہ بڑی تعداد میں معاون درسی کتابیں بھی موجود ہیں۔

اسی کتب خانہ میں موجود اسکولوں کے لئے آئیٹم تیار کرنے والی ٹیم سے وفد نے ملاقات کر اردو کا بھی آئیٹم (ماڈل سوالات) بنانے کی گذارش کی وفد میں موجود قومی اساتذہ تنظیم کے رکن مجلس عاملہ جناب نسیم اختر نے کہا کہ ایس سی ای آر ٹی کا یہ دورہ انتہائی مفید ثابت ہوگا اور اگر اردو اساتذہ کی ٹریننگ کی شروعات ہو جاتی ہے تو اس سے اسکولوں میں اردو زبان پڑھنے پڑھانے کا ماحول پیدا ہوگا وہیں قومی اساتذہ تنظیم مظفر پور کے خازن جناب محمد حماد نے کہا کہ اوپر سے تو اردو کے لیے بہت سے کام کیے جا رہے ہیں لیکن وہ سارے کام اصل مقام تک پہنچتے پہنچتے دم توڑ دیتے ہیں

ضرورت ہے کہ ان تمام کوششوں اور محنتوں کو انجام تک پہنچانے کی، قومی اساتدہ تنظیم کے اراکین اسکولوں اسکولوں جا کر اردو پڑھنے پڑھانے کا ماحول بنانے کے لیے کوشاں رہتی ہے اور اس میں کامیابی بھی مل رہی ہے، آگے بھی کوششیں جاری رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *