جمال ہو سکتے ہیں شیوہر لوک سبھا امیدوار
جمال ہو سکتے ہیں شیوہر لوک سبھا امیدوار
پارٹی اگر موقع دیتی ہے تو میں میدان میں اتر کر نتیش کمار کے اعتماد پر کھڑا اتروں گا : محمد جمال
پٹنہ، 15/ جون.
سال 2024 کا پارلیمانی انتخاب جیسے جیسے قریب ہو رہا ہے رہنماؤں کے پتے بھی کھلنے لگے ہیں۔ شیوہر لوک سبھا مسلم امیدوار کی پسند رہی ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ مرحوم انوارالحق کے بعد سے یہ سیٹ مسلم امیدواروں کو صرف للچا رہی ہے ہاتھ نہیں آرہی ہے۔ سال 2024 کے انتخاب کے لئے بھی کئی بڑے مسلم رہنما اپنی دعویداری پیش کر رہے ہیں، اسی درمیان جد یو کے ریاستی جنرل سیکریٹری و سینئیر رہنما محمد جمال کے نام کا ذکر بھی ہو رہا ہے۔ محمد جمال شمالی بہار کے قدآور رہنما ہونے کے ساتھ ہی وہ سابق ایم پی مرحوم انوارالحق کے سمدھی ہیں۔ اس لئے انہیں لوگ پرامید نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں۔
آزاد صحافی محمد رفیع سے ایک گفتگو میں محمد جمال نے بتایا کہ وہ اوچھی سیاست نہیں کرتے ہیں اور پارٹی کے وفادار کارکن ہیں اس لئے پارٹی کا ہر فیصلہ، ہر حکم مجھے قبول ہے۔ محمد رفیع نے پوچھا کہ شیوہر لوک سبھا سیٹ سے آپ کے انتخاب لڑنے کی چرچا شیوہر میں سننے کو مل رہی ہے، اس سلسلے میں آپ کیا کہیں گے۔ محمد جمال نے صاف صاف کہا کہ ابھی میرا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ لوگوں کی محبت ہے انہیں لگتا ہے کہ انوارالحق کے خواب کو اگر کوئی مکمل کر سکتا ہے تو وہ محمد جمال ہے۔
میں ان کے جزبات کی قدر کرتا ہوں لیکن سب کچھ میرے ہاتھ میں نہیں ہے اللہ سب سے بڑا ہے اگر اللہ کی مرضی ہوئی اور پارٹی کا حکم ہوا تو میں تیار ہوں اور پوری مضبوطی کے ساتھ میں انتخاب میں جاؤں گا اور الیکشن جیت کر عوام کی ہر ایک بات کو پارلیمنٹ تک پہنچاؤں گا۔