اپریل فول کا شرعی حکم
از قلم : شمشیر عالم مظاہری دربھنگوی اپریل فول کا شرعی حکم
اپریل فول کا شرعی حکم
بندوں پر سب سے پہلے اس چیز کا جاننا ضروری ہے جس کے لئے اللہ نے ان کو پیدا کیا ہے؟ اور جس کا اللہ نے ان سے عہد لیا ہے اور جس کے لیےان کی طرف اپنے رسولوں کو بھیجا ہے اور جس کے لیےان پر اپنی کتابیں نازل کیں ہیں اور جس کے لیے دنیا و آخرت اور جنت و جہنم پیدا کی گئی ہے اور جس کے سبب آخرت کی حقیقت ثابت کی جائے گی اور یہ ہونے والی بات ہو کر رہے گی
اور جس کے لیے عدل کی ترازو کھڑی کی جائے گی اور نامۂ اعمال بکھیر دئیے جائیں گے اور جس میں لوگوں کی سعادت اور بد بختی ہوگی اور اسی کے حساب سے نور ایمان تقسیم ہوگا اللہ جس کے لیے نور نہ دے اس کے لئے کوئی نور نہیں ۔
دین اسلام رب العزت کے ان احکام کا نام ہے جو اس نے اپنے حبیب پاک نبی العرب والعجم فخر عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے اور اپنی کتاب قرآن مجید کے واسطہ سے ہم تک بھیجے ہیں احکام خداوندی عقائد سے بھی متعلق ہیں اور عبادات سے بھی معاملات سے بھی اور معاشرت سے بھی تجارت سے بھی اور زراعت سے بھی ظاہر سے بھی اور باطن سے بھی جسم سے بھی اور مال سے بھی غرضیکہ انسانی زندگی کا ہر شعبہ اور گوشہ احکام خداوندی میں جکڑا ہوا ہے ۔
صرف مسلمان کا بیٹا ہونے سے کوئی مسلمان نہیں ہو جاتا ہے آج کل کے مسلمان اکثر نام کے مسلمان ہیں اسلام کو نہ خود سیکھتے ہیں نہ اپنی اولاد کو دینی تعلیم دلاتے ہیں
حالاں کہ یہ بہت بڑا قصور ہے جب علم نہ ہوگا تو کیوں کر عمل صحیح کر سکیں گے اور عقائد کیوں کر درست ہونگے ۔مسلمانوں کے لئے نصاریٰ کی پیروی اپریل فول منانا یعنی لوگوں کو جھوٹ بول کر فریب دینا یا ہنسنا ہنسانا جائز نہیں حرام ہے
سرورکائنات صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے (ویل للذی یحدث فیکذب یضحک به القوم ویل له!ویل له) یعنی ہلاکت ہے اس شخص کے لیے جو اس مقصد کے لیے جھوٹی بات کرے کہ اس کے ذریعہ لوگوں کو ہنسائے اس کے لیے ہلاکت ہے اس کے لئے ہلاکت ہے۔ (ابو داؤد)
نیز ارشاد ہے : لا یؤ من العبد ا لا یمان کله حتیٰ یترک الکذب فی مزاحه ویترک المرأ وان کان صادقا : یعنی بندہ اس وقت تک پورا ایماندار نہیں ہو سکتا جب تک مزاح میں بھی غلط بیانی نہ چھوڑ دے اور سچا ہونے کے باوجود جھگڑا نہ چھوڑ دے (کنز العمال)ایک مرتبہ آپ صلی اللہ وسلم نے خواب میں دیکھا کہ دو فرشتے آپ کو آسمان پر لے گئے ہیں
وہاں آپ نے دو آدمیوں کو دیکھا ایک کھڑا ہوا ہے دوسرا بیٹھا ہے کھڑا ہوا شخص بیٹھے ہوئے آدمی کے کلے کو لوہے کی زنبور سے گدی تک کاٹتا ہے پھر دوسرے کے کلے کو اسی طرح کاٹتا ہے اتنے میں پہلا کلا ٹھیک ہو جاتا ہے اس کے ساتھ یہ عمل برابر جاری ہے آپ نے اپنے ساتھی فرشتوں سے دریافت کیا
تو انہوں نے جواب دیا جس کو آپ نے دیکھا کہ اس کے کلے چیرے جارہے ہیں وہ ایسا بڑا جھوٹا ہے جس نے ایسا جھوٹ بولا کہ وہ اس سے نقل ہو کر دنیا جہاں میں پہنچ گیا
لہذا اس کے ساتھ قیامت تک یہی معاملہ کیا جاتا رہے گا (بخاری شریف)
اپریل فول جس میں آج کل بہت لوگ مبتلا ہیں اپریل فول کی رسم مغرب سے ہمارے یہاں آئی ہے اور یہ بہت سے کبیرہ گناہوں کا مجموعہ ہے
اول: اس دن صریح جھوٹ بولنے کو لوگ جائز سمجھتے ہیں
جھوٹ کو اگر گناہ سمجھ کر بولا جائے تو گناہ کبیرہ ہے اور اگر اس کو حلال اور جائز سمجھ کر بولا جائے تو اندیشۂ کفر ہے (شرح فقہ اکبر)
جھوٹ کی برائی اور مذمت کے لیے یہی کافی ہے کہ قرآن کریم نے لعنت اللہ علی الکذبین ،،(آل عمران) فرمایا ہے گویا جو لوگ اپریل فول مناتے ہیں وہ قرآن میں ملعون ٹھراۓ گئے ہیں اور ان پر خداتعالیٰ کی، رسولوں کی، فرشتوں کی، انسانوں کی، اور ساری مخلوق کی لعنت ہے ۔
دوم :۔ اس میں خیانت کا بھی گناہ ہے چناں چہ حدیث شریف میں ہے : کبرت خیانۃ أن تحدث أخاک حدیثا ھو لک مصدق وأ نت به کاذب ۔ یعنی بہت بڑی خیانت ھے کہ تم اپنے بھائی سے ایک بات کہو جس میں وہ تمہیں سچا سمجھے حالاں کہ تم جھوٹ بول رہے ہو (ابوداؤد)
اور خیانت کا کبیرہ گناہ ہونا بالکل ظاہر ہے
سوم:۔۔۔ اس میں دوسرے کو دھوکہ دینا ہے یہ بھی گناہ کبیرہ ہے حدیث میں ہے من غشنا فلیس منا، جو شخص ہمیں یعنی مسلمانوں کو دھوکہ دے وہ ہم میں سے نہیں (مشکوۃ)
چہارم :۔ اس میں مسلمانوں کو ایذا پہنچانا ہے یہ بھی گناہ کبیرہ ہے قرآن کریم میں ہے مفہوم بے شک جو لوگ نا حق ایذا پہنچاتے ہیں مومن مردوں اور عورتوں کو انہوں نے بہتان اور بڑا گناہ اٹھا یا (الاحزاب)
پنجم !۔۔۔ اپریل فول منانا گمراہ اور بے دین قوموں کی مشابہت ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے ، من تشبه بقوم فھو منھم ، جس شخص نے کسی قوم کی مشابہت کی وہ انہی میں سے ہوگا (جامع الصغیر ، مشکوۃ)
جھوٹ کا معاملہ کتنا نازک ہے اس کا اندازہ اس واقعہ سے ہوتا ہے
حضرت عبداللہ بن عامر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے مکان میں تشریف فرما تھے میری والدہ نے میری جانب بند مٹھی بڑھا کر کہا یہاں آؤ میں تمہیں دوں گی جیسے مائیں بچے کو پاس بلانے کے لیے ایسا کرتی ہیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تمہارا اسے کیا دینے کا ارادہ تھا والدہ نے جواب دیا کہ میں اسے کھجور دینا چاہتی تھی آپ نے فرمایا کھجور نہ دیتی تو تمہارے نامۂ اعمال میں ایک جھوٹ لکھا جاتا (الترغیب والترہیب)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ بہت سی ایسی باتیں جنہیں معاشرہ میں جھوٹ نہیں سمجھا جاتا ہے ان پر بھی جھوٹ کا گناہ ہو سکتا ہے۔ بچوں کو جھوٹی تسلیاں دینا اور جھوٹے وعدے کرنا عام طور پر ہر جگہ رائج ہے اور اسے جھوٹ سمجھا ہی نہیں جاتا حالاں کہ ارشاد نبوی کے مطابق یہ بھی جھوٹ میں داخل ہے۔
اسی طرح ہنسانے کے لیے اور محض تفریح طبع کے لیے جھوٹ بولنے کو گویا کہ حلال سمجھا جاتا ہے اور اسے قطعاً عیب کی چیز شمار نہیں کیا جاتا جب کہ اس مقصد سے جھوٹ بولنا بھی سخت گناہ ہےجھوٹ سے بچنے پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے جنت کی ضمانت لی ہے۔
آپ نے فرمایا ، انا زعیم بیت فی وسط الجنۃ لمن ترک الکذب وان کان مازحا، میں اس شخص کے لیے بیچ جنت میں گھر کی کفالت لیتا ہوں جو جھوٹ کو چھوڑ دے اگرچہ مذاق ہی میں کیوں نہ ہو (الترغیب والترہیب، بیقہی فی شعب الایمان)
جو لوگ فیشن کے طور پر اپریل فول مناتے ہیں ان کے بارے میں اندیشہ ہے کہ وہ قیامت کے دن یہود و نصاریٰ کی صف میں اٹھائے جائیں جب یہ اتنے بڑے گناہوں کا مجموعہ ہے تو جس شخص کو اللہ تعالی نے معمولی عقل بھی دی ہو وہ انگریزوں کی اندھی تقلید میں اس کا ارتکاب نہیں کر سکتا
اس لیے تمام مسلمان بھائیوں کو نہ صرف اس سے توبہ کرنی چاہیے بلکہ مسلمانوں کے مقتدا لوگوں کا فرض ہے کہ اپریل فول پر قانونی پابندی کا مطالبہ کریں اور اس باطل رسم کو سختی سے روکیں
شمشیر عالم مظاہری دربھنگوی
امام جامع مسجد شاہ میاں روہوا ویشالی بہار
Pingback: ناخن پالش اور لپ اسٹک لگانا کفار کی تقلید ہے ⋆ اردو دنیا ⋆ شمشیر عالم مظاہری
Pingback: تکبر کی مذمت قرآن وحدیث روشنی میں ⋆ اردو دنیا شمشیر عالم مظاہری
Pingback: کچھ تو کر خوف خدا دل میں ⋆ شمشیر عالم مظاہری دربھنگوی