کون ہیں خواجہ غریب نواز اور کیا ہیں خواجہ غریب نواز رحمتہ اللہ علیہ

Spread the love

کون ہیں خواجہ غریب نواز اور کیا ہیں خواجہ غریب نواز رحمتہ اللہ علیہ


آج ہند کی سرزمین پر جو ایمان کی روشنی پھیلی ہوئی ہے شرک و کفر سے جو ہمارا ایمان محفوظ ہے ہم شان سے ہند کی زمین پر آپ نے ایمان و عقائد کی دعوت و تبلیغ کر رہے ہیں

یہ احسان کسی اور کا نہیں بلکہ یہ احسان ہند کے راجہ ہم سب کے خواجہ عطا رسول سرکار خواجہ غریب نواز مُعین الدين چشتی رحمتہ اللہ علیہ کا احسان عظیم ہے

جنہوں نے نہ صرف ہمارا ایمان بچایا بلکے ہم تک اسلامی تعلیم اور تہذیب پہنچائی اور راہنمائی فرمائی اور دیکھتے ہی دیکھتے ہند کے کونے کونے میں اسلام کی روشنی پھیل گئی آئیے پھر جانتے ہیں کون ہیں خواجہ غریب نواز اور کیا ہیں خواجہ غریب نواز رحمتہ اللہ علیہ
ذیل میں حیات مبارکہ کا مطالعہ فرمائیں

خواجہ “ کے معنیٰ اور تعارُف

خواجہ کے معنیٰ کیا ہیں؟ ” خواجہ “ فارسی زبان کا لفظ ہے، اِس کا لفظی معنیٰ ہے ” سردار“، ” آقا“۔ (فیروزاللغات ،ص633)آپ کا مبارک نام ” حَسَن “ ہے، جبکہ اَلقابات بہت سارے ہیں، جن میں ایک ”معینُ الدّین مشہور ہے، ( معین الحقِ والدِّین یعنی حق اور دین کی مدد کرنے والے) ،” عطائے رَسول“ ، ” سُلطانُ الہند ‘‘،”غریب نواز “ وغیرہ۔

آپ کی وِلادتِ باسعادت
(یعنی Birth) 14رَجَب شریف 537ھ مطابق 1142ء میں سِجِسْتان یا سِیْسْتان کے علاقے ” سِجْزْ (ایران) “ میں اور وفات شریف(یعنی Death )بھی رَجَب شریف کے مہینے کی 6تاریخ633ھ کو ہوئی۔
(کراماتِ خواجہ،ص2)

غریب نواز کا معنیٰ کیا ہے؟
غریب نواز“ کا معنیٰ ہے : غریبوں کو نوازنے والا ، غریبوں پر سخاوتوں کے دروازے کھولنے والا اور ان کی جھولیاں بھرنے والا۔
اَلحمدُلِلّٰہ! ہمارے خواجۂ خواجگان غریبوں کو نوازنے والے اور سخاوتوں سے مالا مال کرنے والے ہیں

والدین کریمین

آپ رَحْمَۃُ اللہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ کے والدِماجد سَیِّدغیاثُ الدّین رَحْمَۃُ اللہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ جن کا شمار”سنجر “کے اُمَرا ورُؤسا میں ہوتاتھا اِنْتہائی مُتقی وپرہیز گاراورصاحبِ کرامت بُزرگ تھے ۔ نیز آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کى والدہ ماجدہ بھی اکثر اوقات عبادت و ریاضت میں مشغول رہنےوالی نیک سیرت خاتون تھیں۔ جب حضرت سَیِّدُنا خواجہ غریب نواز رَحْمَۃُ اللہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ پندرہ سال کی عُمر کو پہنچے تو والدِ مُحترم کا وصالِ پُرملال ہوگیا۔وراثت میں ایک باغ اور ایک پَن چکی ملی آپ رَحْمَۃُ اللہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے اسی کو ذریعہ معاش بنالیا اورخود ہی باغ کی نگہبانی کرتے اوردرختوں کی آبیاری فرماتے۔

حضورغوثِ پاک اور خواجہ غریب نواز

حضرتِ خواجہ غریب نواز مُعین ُالدّین حسن سجزی رحمۃُ اللہِ علیہ نجیبُ الطَّرَفَیْن (یعنی حَسَنی حُسینی سید)تھے۔
ملکُ التّحریر،حضرتِ علّامہ اَرشدُالقادری رحمۃُ اللہِ علیہ لکھتے ہیں:والدِ محترم کی طرف سے آپ کا نسب نواسۂ رسول ، شہیدِ کربلا حضرت امامِ حُسین رضی اللہُ عنہ اور والدۂ محترمہ کی طرف سے آپ کا سلسلہ جگر گوشۂ مُرتضٰی،نورِ نظر ِفاطمہ، حضرتِ امام ِ حَسن مُجتبیٰ رضی اللہُ عنہ سے جاملتاہے۔ سرکار غریب نواز رحمۃُ اللہِ علیہ کی امّی جان حضور غوثِ پاک (شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃُ اللہِ علیہ)کی چچازاد بہن ہیں،اِس رشتے سے حضورِ غوثِ پاک خواجہ غریب نواز رحمۃُ اللہِ علیہ کے ماموں ہوتے ہیں۔
(حیاتِ خواجۂ اعظم ، ص 69)

کرامتِ خواجہ بزَبَانِ امام احمد رضا

میرے اعلیٰ حضرت ،امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں : حضرتِ سلطانُ الہند خواجہ غریب نواز رحمۃُ اللہِ علیہ کے مزار سے بہت فیوض و بَرکات حاصل ہوتے ہیں ، مولانا برکات احمد صاحب مرحوم جو میرے پیر بھائی اور میرے والدِ ماجِد رحمۃُ اللہِ علیہ کے شاگرد تھے اُنہوں نے مجھ سے بیان کیا کہ میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ ایک غیر مسلم جس کے سر سے پیر تک پھوڑے تھے،اللہ ہی جانتا ہے کہ کس قَدَر تھے ، ٹھیک دوپہر کو آتا اور دَربار شریف کے سامنے گرم کنکروں اور پتھروں پر لوٹتا اور کہتا : خواجہ اَگن لگی ہے (یعنی اے خواجہ! جَلن مچی ہے ،یعنی بدن میں آگ لگ رہی ہے )۔ تیسرے روز میں نے دیکھا کہ بالکل اَچھا ہوگیا ہے۔
(ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت ، ص384)

برادرِ اعلیٰ حضرت مولانا حَسَن رَضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ بارگاہِ خواجہ غریب نواز میں عَرض کرتے ہیں :

پھر مجھے اپنا درِ پاک دِکھا دے پیارے
آنکھیں پُر نور ہوں پھر دیکھ کےجلوہ تیرا
(ذوق نعت،ص28)
رب لم یزل ہم سب کو سیدنا سرکار غریب نواز رحمتہ اللہ علیہ کے فیضان سے مالا مال فرمائے اور ہم سب کو خواجہ غریب نواز کی سیرت مبارکہ پرعمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین ثم آمین یا رب العالمین

از قلم : نبیرۂ حضور فخر بہار
فقیر محمد فرحان رضا قادری منظری غفرلہ
چشم و چراغ خانقاہ رضویہ تیغیہ رسولیہ مدھورا کٹیہار بہار
فون نمبر: 6203087421

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *