قومی اساتذہ تنظیم کی نشست میں سرکار سے پنچایتوں میں اردو پرائمری، مڈل، سیکنڈری و ہائیر سیکنڈری اسکول قائم کرنے کی اٹھی مانگ

Spread the love

قومی اساتذہ تنظیم کی نشست میں سرکار سے پنچایتوں میں اردو پرائمری، مڈل، سیکنڈری و ہائیر سیکنڈری اسکول قائم کرنے کی اٹھی مانگ

سرکار سے اردو اسکولوں میں غیر اردو داں ہیڈ ماسٹر کی تعیناتی و اردو اسکولوں کو ہندی میں ضم کرنے کی صورت میں پرزور مخالفت کا لیا گیا فیصلہ

مظفر پور، 6/ اکتوبر (وجاہت، بشارت رفیع) قومی اساتذہ تنظیم بہار کے رام باغ واقع دفتر میں ایک اہم نشست ظلعی صدر جناب شمشاد احمد ساحل کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں تنظیم کی قوت میں مسلسل اضافہ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اراکین تنظیم نے تنظیم کے کنوینر محمد رفیع کو مسلسل جدو جہد کرنے کے لئے، اردو ایکشن کمیٹی بہار کے ذریعہ مولوی عبدالحق ایوارڈ سے نوازے جانے، حاجی پور میں خادم اردو عظیم الدین انصاری کے ذریعہ استقبالیہ دئے جانے اور اردو کے ساتھ فارسی و عربی کی اسامیاں نکلوانے اور عربی و فارسی کا ایس ٹی ای ٹی کرانے جس میں بڑی تعداد میں امیدوار کامیاب ہوئے کے لئے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کیا اور کہا کہ آج محمد رفیع کی فکر اور صدر تاج العارفین کی رہنمائی نے تنظیم کو بہار ہی نہیں ملک گیر شناخت دلائی ہے۔

محمد رفیع کے ساتھ ہی ڈپٹی ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن جناب عبدالسلام انصاری و وزیر تعلیم پروفیسر چندرشیکھر کا تنظیم کو تعاون دینے کے لئے شکریہ ادا کیا گیا۔

آج کی اس اہم نشست میں اہم امور پر گفتگو ہوئی، قومی اساتذہ تنظیم کے کنوینر محمد رفیع نے کہا کہ اردو زبان کے اساتذہ کی ٹرننگ ، اردو میڈیم کی کتاب کی فراہمی، ضلع و بلاک سیل میں اردو کے جانکار کا ہونا ضروری ہے اسی لئے اردو بی آر پی کی بحالی لازمی طور پر ہونی چاہئے، انہوں نے مزید بتایا کہ پنچایتوں میں اردو پرائمری اسکول ہیں لیکن مڈل و ہائی اسکول اردو نہیں ہے اگر کوئی اپگریڈ بھی ہوا تو اس کو اردو کا اسٹیٹس نہیں ملا ہے، ایسی صورت میں اردو بچے کہاں تعلیم حاصل کریں گے۔

اس لئے ہر پنچایت میں اردو پرائمری اسکول کے ساتھ ہی اردو مڈل اسکول، اردو ہائی اسکول اور انٹر کالج قائم کیا جائے۔ تنظیم کے سکریٹری محمد تاج الدین نے میٹنگ کے دوران یہ تجویز رکھی کہ اردو اسکولوں میں اردو کے جانکار ہیڈ ماسٹر نہیں ہونے سے آفس کے کاموں سے لے کر تعلیمی نظام بھی متاثر ہوتا ہے اس لئے ہر حالت میں اردو اسکولوں میں اردو کے جانکار کو ہی ہیڈ ماسٹر کے عہدہ پر فائز کیا جانا چاہئے اردو اسکولوں کو کسی بھی حالت میں ہندی اسکولوں میں ضم نہ کیا جائے اگر ضم کیا گیا تو قومی اساتذہ تنظیم اس فیصلہ کی پر زور مخالفت کرے گی اور قانونی لڑائی لڑے گی۔ اس تجویز کو میٹنگ کے شرکاء نے متفقہ طور پر حمایت دی۔ آج کی نشست میں خاص طور سے یہ فیصلہ لیا گیا کہ11 نومبر مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش کے موقع پر 11 نومبر 2023، بروز اتوار کو پروگرام منعقد کیا جائے گا جس کا عنوان “مولانا ابوالکلام آزاد کی تعلیمی خدمات کے تناظر میں موجودہ تعلیمی منظر نامہ” طے کیا گیا۔ نشست میں بڑی تعداد میں قومی اساتذہ تنظیم کے ذمہ داران و اراکین شریک ہوئے جن میں بطور خاص قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر محمد رفیع، سیکریٹری محمد تاج الدین، ریاستی مجلس عاملہ کے رکن رضی احمد، نسیم اختر، ضلع صدر شمشاد احمد ساحل، سیکریٹری محمد آفتاب عالم، خازن محمد حماد، صبغت اللہ رحمانی، ڈاکٹر پرویز ھاشمی، کانٹی بلاک کنوینر جمشید حسین، سکریٹری کڈھنی بلاک قمر اشرف، عاشق حسین، محمد نسیم، محمد اشرف، مزمل حیات اور محمد اعجاز وغیرہ شامل تھے۔>

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *