سوشل میڈیا کا استعمال اور ہمارے بچے و بچیاں

Spread the love

از قلم : محمد مقتدر اشرف فریدی، اتر دیناج پور  سوشل میڈیا کا استعمال اور ہمارے بچے و بچیاں

سوشل میڈیا کا استعمال اور ہمارے بچے و بچیاں

اللہ کریم کا بے پایاں فضل و احسان ہے کہ اس نے ہمیں انسان بنایا، اشرف المخلوقات ہونے کا شرف بخشا، لَقَدْ کَرَّمْنَا بَنِی آدَم کا تاج وہّاج ہمارے سروں پہ رکھا، لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِی اَحْسَنِ تَقْوِیم کے وصف سے ہمیں متّصف و مزیّن فرمایا

اور اس کا ہم پر فضل عظیم یہ ہے کہ ہمیں ایمان کی دولت سے نوازا اور اس پر مستزاد فضل بالائے فضل یہ ہے کہ آقاے کائنات، فخر موجودات، حبیب پروردگار نبی آخر الزماں صلّی اللہ تعالٰی علیہ و سلّم کی امتی میں ہمیں پیدا فرمایا- اللہ کریم نے ہمیں بے شمار نعمیتں عطا فرمائیں

اللہ کریم کی عطا کردہ نعمتوں کا احاطہ و شمار کوئی نہیں کر سکتا اور ایک بندۂ مومن کے لیے تمام نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت ایمان کی نعمت ہے- اسلام ایک ہمہ گیر مذہب مہذّب ہے، تمام ادیان و مذاہب میں اسلام ہی سچا دین ہے

ابتدائے افرینش سے لے کر موت تک اور موت سے لے کر مابعد الموت تک مذہب مہذّب اسلام نے اپنے ماننے والوں کو سماجیات، معاشیات، اقتصادیات، تعلیمات، اخلاقیات الغرض زندگی کے ہر شعبے میں رہ نمائی عطا کی ہے۔ اسلام نے پاکیزہ زندگی گزارنے کے کچھ اصول و ضوابط فراہم کیا ہے

یہ بات بلکل روز روش کی طرح عیاں ہے کہ ہم اسلام کے اصول و قوانین پر عمل کر کے ہی دنیا و آخرت میں سرخ روئی و سر فرازی حاصل کر سکتے ہیں- آج ہم جس دور میں اپنی زندگی کے شب و روز گزارتے ہیں یہ دور ترقی یافتہ دور کہلاتا ہے، روز بروز نت نئی ایجادات میں اضافہ ہو رہا ہے، سوشل میڈیا کا زمانہ ہے اور زمانہ برق رفتاری سے عروج و ارتقا کے مراحل طے کرتا نظر آتا ہے۔ نئی نئی ایجادات جہاں والوں کو محو حیرت میں ڈالتی نظر آرہی ہیں۔

مغربی تہذیب و تمدّن اہل جہاں کو اپنی جانب مائل کرنے میں کوشاں ہیں، عالم اسلام کو بدنام کرنے کی مسلسل کوششیں و سازشیں کی جارہی ہیں- ایسے ماحول میں اشد ضرورت ہے کہ ہم اسلام کے عطا کردہ اصول کے مطابق اپنی زندگی گزاریں، نبی کریم صلّی اللہ تعالٰی علیہ و سلّم کی سیرت طیّبہ کو مشعل راہ سمجھیں اور اخلاقیات کو اپنائیں- اللہ کریم ارشاد فرماتا ہے: (سورۃ الاحزاب، آیت نمبر ۲١) ترجمہ: بے شک تمہیں رسول اللہ کی پیروی بہتر ہے۔

پاکیزہ، خوش حال اور پر سکون زندگی گزارنے کے لیے ہمیں نبی کریم علیہ الصلاۃ و التسلیم کی زندگی کو نمونۂ عمل بنانا ہوگا- لیکن حیف صد ہزار حیف! آج ایسی بہت سی جدید ایجادات معرض وجود میں ہیں جن میں ہم تضییع اوقات کو فخر گردانتے ہیں، انہیں ایجادات میں سے موبائل فون اور انٹرنیٹ بھی ہیں، موبائل یہ فی نفسہ برا نہیں ہے

موبائل کے بہت سے فوائد ہیں، موبائل اور انٹرنیٹ نے انسان کو بہت سی سہولتیں فراہم کی ہیں لیکن ہر چیز کے دو پہلو، دو رخ ہوتے ہیں، موبائل اور انٹرنیٹ کے جہاں بہت سے فائدے نمایاں ہیں وہیں بہت سے نقصانات بھی عیاں ہیں، موبائل کا بقدر ضرورت درست استعمال ہو تو یقینا فائدہ مند ہے اور اگر بے جا، لا یعنی مقاصد کے لیے استعمال ہو تو بہت ہی مضر ہے

آج کے دور میں ہر طبقے کے بچے اور بچیاں موبائل فون اور انٹرنیٹ کی رنگین دنیا میں منہمک نظر آتے ہیں، فضول، لغو، بےجا اور لا یعنی مقاصد کے لیے اپنی زندگی کے قیمتی اوقات ضائع کر دیتے ہیں- آج ہم ہماری تخلیق کا مقصد فراموش کر کے لایعنی کاموں میں اپنا وقت ضائع کر دیتے ہیں لیکن ہماری تخلیق کا مقصد یہ نہیں ہے، انسان کی تخلیق کا مقصد اللہ کریم کی عبادت ہے

اللہ کریم نے ارشاد فرمایا:(سورۃ الذاریات، آیت نمبر ٥٦) ترجمہ: اور میں نے جن اور آدمی اسی لیے پیدا کیے کہ میری عبادت کریں۔ مومن کا ہر وہ عمل جو اللہ اور اس کے رسول کی رضا کے لیے ہو عبادت ہے، ہر وہ کام جو شریعت مطہرہ کے مطابق ہو عبادت میں داخل و شامل ہے

دین اسلام ایک پاکیزہ اور با مقصد زندگی گزارنے کی تعلیم دیتا ہے، اسلامی نظام حیات میں عریانیت، فحاشیت، لہو لعب اور گانے باجے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، یہ تمام چیزیں اسلام میں حرام و ممنوع ہے- فقہاے کرام فرماتے ہیں: الملاھی کلھا حرام(ہدایۃ آخرین، کتاب الکراہییۃ ) ترجمہ: ہر قسم کے لہو لعب حرام ہے

آج ہمارے بچے اور بچیاں موبائل فون میں طرح طرح کے گیمس

(games)

میں منہمک نظر آتے ہیں، قسم قسم کے گیم میں اپنا قیمتی وقت ضائع کر کے اپنا وجود مضمحل، اپنی صحت ناتواں اور مسقبل کو تاریک کر دیتے ہیں- موبائل فون میں گیم کھیلنا ایک فضول، لغو اور لا یعنی کام ہے

دین اسلام نے فضول اور لغو کام سے منع کیا ہے- رسول اکرم صلّی اللہ علیہ و آلہ و سلّم نے ارشاد فرمایا: مِنْ حُسْنِ اِسْلامِ الْمَرْءِ تَرْکُه ما لایَعْنِیْهِ(شعب الایمان الرقم: ٤٩٨٧) ترجمہ: آدمی کے ایمان و اسلام کی اچھائی میں سے یہ ہے کہ وہ فضول اور لا یعنی کام چھوڑ دے

نیز یہ کہ موبائل فون میں جو گیم کھیلے جاتے ہیں یہ تمام کھیل شرعا لہو لعب میں داخل ہے، لہذا یہ حرام و ممنوع ہے- سوشل میڈیا کی رنگین دنیا میں ایسی ایسی ایجادات موجود ہیں جو کہ عریانیّت، فحاشیّت اور بے پردگی کو فروغ دیتی ہیں۔
انہیں ایجادات میں سے سوشل میڈیا کی دنیا میں ٹک ٹاک

(tik tok)

بھی متعارف ہے-
ٹک ٹاک ایک ایپ

(app)

ہے، مستزاد یہ کہ ٹک ٹاک جیسے اور بھی بہت سے ایپس ہیں جن میں دنیا بھر کے نوجوان ملوث ہیں، ان ایپس میں ہمارے نوجوان بڑے ذوق و شوق کے ساتھ اپنی بے حیائی اور بے پردگی کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں

ان میں ہمارے نوجوان اپنی اپنی مرضی کے مطابق گھر کی چہار دیواری میں گانے میں رقص کرتے ہوئے، کسی گانے پہ لب ہلاتے ہوئے یا پھر کسی فلمی ڈائلاگ کو بول کر اپنی ویڈیوس ریکارڈ کرتے نظر آتے ہیں- فالورز کی تعداد بڑھانے کی چاہت، خود نمائی کا شوق، ہیرو یا ہیروئن بننے کی خواہش بچوں کے مستقبل کو تباہ کر دیتی ہے

آج ہمارے بچے اور بچیاں ان خرافاتی ایپس میں اس قدر غرق ہو چکے ہیں کہ انہیں اپنے مذہب کا پاس و لحاظ، نہ عزّت و آبرو کی کوئی فکر لاحق ہے، اور یہ بھی ایک ناقابل انکار حقیقت ہے کہ ٹک ٹاک جیسے ایپس(apps) میں بچوں سے زیادہ تعداد میں بچیاں شامل ہیں، جو کہ فحش اور بے حیائی پر مبنی ویڈیوز اپلوڈ کر کے دعوت عامہ دیتی ہیں پھر یہیں ویڈیوز ٹک ٹاک سے نشر ہونے کے بعد فیس بک انسٹگرام تک پہنچ جاتے ہیں

مقام افسوس ہے کہ مذہب اسلام میں عورت کو جب اتنی بلند آواز سے قرآن کریم کی تلاوت ممنوع ہے کہ کسی غیر محرم کے کان تک پہنچے، حج بیت اللہ کے موقع پہ باواز بلند تلبیہ منع ہے، دین اسلام نے عورت کی حفاظت کی خاطر اسے مسجد میں جانے سے روک دیا تو بھلا کسی ایپ میں رقص، گانا، فحش گوئی، فحش بینی اور کسی غیر محرم کے سامنے بے حیائی کا مظاہرہ کرنا کیسے جائز ہو سکتا ہے؟۔

ہر گز نہیں! دین اسلام میں یہ سخت حرام ہے- اسلام نے عورت کو ایک پاکیزہ نظام دیا ہے جس میں اس کی بھلائی کا راز مضمر ہے

اللہ کریم ارشاد فرماتا ہے:ی(سورۃ الاحزاب، آیت نمبر ٣٣) ترجمہ: اور اپنے گھروں میں ٹھری رہو اور بے پردہ نہ رہو جیسے اگلی جاہلیت کی بے پردگی۔ متذکرہ آیت کریمہ میں اللہ کریم نے فطرت نسواں کی طرف اشارہ فرمایا کہ عورت گھر ہی میں رہے، اپنے گھر کو سجائے سنوارے اور بے پردگی کا مظاہرہ نہ کرے اسی میں اس کا حسن پوشیدہ ہے

ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا کی دگر رنگینیوں میں صرف لڑکیاں ہی نہیں بلکہ بچہ بچہ ملوث ہیں، لڑکیوں کے ساتھ رقص و سرور کے ویڈیوس بنا کر شیئر کرتے نظر آتے ہیں مستزاد یہ کہ وہ اس قسم کے غیر شرعی، مخرب اخلاق اور اس گناہ کے کام میں لذّت و مسرّت محسوس کرتے ہیں
مقام افسوس ہے کہ آج ہم اپنا مقصد تخلیق فراموش کر کے فضول اور لا یعنی کاموں میں اپنا وقت صرف کرتے رہتے ہے، آج ہم سوچتے ہیں کہ ہم آزاد ہیں، جیسا جاہیں عمل کریں، آج ہم میں فکر آخرت و خوف خدا کا فقدان نظر آ رہا ہے جواب دہی کا احساس ہمارے اندر سے ختم ہو گیا ہے- یہی وجہ کہ ہم گناہ کرتے ہوئے ذرا سا بھی نہیں ہچکچاتے

اللہ کریم نے ہمیں متنبّہ کرتے ہوئے فرمایا: َ(سورۃ المومنون، آیت نمبر ١١٥) ترجمہ: تو کیا تم یہ سمجھتے ہو کہ ہم نے تمہیں یوں ہی بیکار بنایا اور یہ کہ تم ہماری طرف لوٹائے ہی نہیں جاؤگے؟۔

مذکورہ آیت کریمہ میں اللہ عزّ و جلّ لوگوں کو متنبہ فرمایا کہ کیا تم اس گمان میں ہو کہ تم اپنی مرضی کے مالک ہو، جیسا چاہے عمل کر سکتے ہو، فضول خواہشات کی تکمیل کے لیے لایعنی کاموں میں وقت صرف کر سکتے ہو تو اچھی طرح یہ بات ذہن نشیں کر لو کہ تمہاری تخلیق ایک خاص مقصد کے لیے ہوئی ہے اور وہ ہے اللہ عزّ و جلّ کی عبادت

لہذا اپنے مقصد تخلیق کے مطابق اپنی زندگی گزارو- جو لوگ سوشل میڈیا میں ٹک ٹاک، ٹکا ٹک، ہیلو، لائک ایپس اور گیم جیسی فضول چیزوں میں اپنا وقت صرف کرتے ہیں، اور ان ایپس کے ذریعہ دوسروں کو گناہوں کی دعوت دیتے ہیں، فلمی ڈائلاگ پر ایکٹکنگ کر کے یا کسی گانے میں رقص کر کے لوگوں میں بے حیائی پھیلاتے ہیں ایسے لوگوں کے متلعق اللہ کریم نے سخت وعید نازل فرمائی ہے- اللہ کریم کا فرمان ہے:۔

ََ(سورۃ النور، آیت نمبر ١۹) ترجمہ: وہ لوگ جو چاہتے ہیں کہ مسلمانوں میں برا چرچا پھیلے ان کے لیے درد ناک عذاب ہے دنیا اور آخرت میں، اللہ سب کچھ جانتا ہے اور تم کچھ نہیں جانتے

متذکرہ آیت کریمہ سے معلوم ہوا کہ جو لوگ اپنی بے حیائی کی نشر و اشاعت کرتے ہیں ان کے لیے درد ناک عذاب ہے

یہ ایک حقیت ہے کہ ٹک ٹاک جیسے ایپ میں بے حیائی کا مظاہرہ کر کے دوسروں کو دعوت نظارہ دی جاتی ہے جس سے دنیا و آخرت دونوں میں نقصان و خسران کے علاوہ کچھ ہاتھ نہیں آتا

لہذا ضرورت ہے کہ ہم اپنی زندگی کو اسلام کے سانچے میں ڈھانے کی کوشش کریں، نبی کریم علیہ الصلاۃ و السلام کی اسوۂ حسنہ کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں اسی میں ہمارے لیے دنیا و آخرت کی فوز و فلاح ہے

اللہ کریم ہمیں نبی کریم علیہ الصلاۃ و السلام کی اسوۂ حسنہ کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کی توفیق بخشے- آمین یا ربّ العالمین

از قلم : محمد مقتدر اشرف فریدی

اتر دیناج پور، بنگال۔

خادم التدریس : جامعہ معینیہ تجوید القرآن، لمبایت، ادھنا، سورت۔ (گجرات)

ان مضامین کو بھی پڑھیں

 تحریر میں حوالہ چاہیے تو تقریر میں کیوں نہیں 

ہندوستان کی آزادی اور علامہ فضل حق خیر آبادی 

 مذہبی مخلوط کلچر غیرت دین کا غارت گر

قمر غنی عثمانی کی گرفتاری اور تری پورہ میں کھلے عام بھگوا دہشت گردی 

محبت کریں پیار بانٹیں

ایک مظلوم مجاہد آزادی

عورتوں کی تعلیم اور روشن کے خیالوں کے الزامات

سیاسی پارٹیاں یا مسلمان کون ہیں محسن

شوسل میڈیا بلیک مینگ 

ہمارے لیے آئیڈیل کون ہیں ؟ 

  قمر غنی عثمانی کی گرفتاری اور تری پورہ میں کھلے عام بھگوا دہشت گردی 

 اتحاد کی بات کرتے ہو مسلک کیا ہے

خطرے میں کون ہے ؟

افغانستان سے لوگ کیوں بھاگ رہے ہیں 

 مہنگی ہوتی دٓاوا ئیاںلوٹ کھسوٹ میں مصروف کمپنیاں اور ڈاکٹرز

۔ 1979 سے 2021 تک کی  آسام کے مختصر روداد

کسان بل واپس ہوسکتا ہے تو سی اے اے اور این آر سی بل کیوں نہیں

ہوائی جہاز ٹکٹ آن لائن بک کرتے ہوے کیسے بچت کریں

ہندی میں مضامین کے لیے کلک کریں 

हिन्दी में पढ़ने क्लिक करें

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *