نماز پنجگانہ کی ادائیگی پر خصوصی توجہ دیں

Spread the love

نماز پنجگانہ کی ادائیگی پر خصوصی توجہ دیں : سید نوراللہ شاہ بخاری

ہرپالیہ، باڑمیر (پریس ریلیز)

دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف، باڑمیر کی تعلیمی شاخ مدرسہ فیضانِ محمودی عمرانی محلہ، ہرپالیہ کے زیر اہتمام مسجد عمر بن خطاب میں منعقدہ ایک روحانی اجتماع میں خانقاہِ عالیہ بخاریہ کے صاحبِ سجادہ، نورالعلماء پیرِ طریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی نے نماز جمعہ سے قبل خصوصی خطاب کیا۔حضرت پیر صاحب نے اپنے خطاب میں نماز پنجگانہ کی اہمیت اور اس کی باجماعت ادائیگی پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ نماز دین اسلام کا ایک لازمی رکن ہے اور یہ ایمان کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا:”نماز وہ عبادت ہے جو ہر مسلمان پر فرض کی گئی ہے، چاہے وہ کسی بھی حالت میں ہو۔ یہ دل کا سکون، روح کی غذا، اور بندے اور اللہ تعالیٰ کے درمیان تعلق کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے

۔”حضرت نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں متعدد بار نماز قائم کرنے کا حکم دیا ہے اور نبی کریم ﷺ نے اسے دین کا ستون قرار دیا ہے۔

آپ نے ایک حدیث پاک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:”نماز دین کا ستون ہے، جس نے نماز قائم کی، اس نے دین کو قائم کیا، اور جس نے اسے ترک کیا، اس نے دین کو ڈھا دیا۔”پیر صاحب نے خاص طور پر باجماعت نماز کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنے کا ثواب اکیلے نماز پڑھنے کے مقابلے میں 27 گنا زیادہ ہے۔

یہ صرف عبادت نہیں بلکہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد، بھائی چارے، اور یکجہتی کی علامت بھی ہے۔

نماز جمعہ کے بعد حضرت قبلہ پیر صاحب نے مدرسہ فیضانِ محمودی کے جدید سہولیات سے آراستہ دو نئے کمروں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ہرپالیہ کے مسلمان بڑی تعداد میں موجود تھے اور مدرسہ کی ترقی و خدمات پر خوشی کا اظہار کر رہے تھے۔

حضرت پیر صاحب نے مدرسہ کی انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ:”یہ تعلیمی ادارے دین کی روشنی کو عام کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں، اور ان کی ترقی میں حصہ لینا ہم سب کا دینی اور اخلاقی فرض ہے

۔”اس موقع پر حضرت قبلہ پیر صاحب نے مدرسہ کے مدرسین، مولانا ریاض الدین سکندری انواری اور مولانا نظام الدین انواری، کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شال اوڑھا کر حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے گاؤں کی کمیٹی اور حاضرین کو تاکید کی کہ وہ اپنے مدرسہ کے مدرسین اور مساجد کے ائمہ کی ہر ممکن خدمت کریں اور ان کا خصوصی خیال رکھیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر حضرت پیر صاحب نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی نمازوں کی حفاظت کریں اور وقت پر ان کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا:”ہماری کامیابی دنیا اور آخرت دونوں میں اللہ تعالیٰ کے احکامات کی پیروی اور عبادات کے اہتمام میں ہے۔ بالخصوص نوجوان نسل کو دین اور عبادات کی طرف راغب کرنا ہماری ذمہ داری ہے

۔”اس بابرکت موقع پر حاضرین نے حضرت قبلہ پیر صاحب کے پیغام کو نہایت غور سے سنا اور دینی فرائض کی ادائیگی کے عزم کا اظہار کیا۔مذکورہ اطلاع مدرسہ فیضان محمودی کے مدرس اور عمربن خطاب مسجد کے خطیب و امام حضرت مولانا ریاض الدین صاحب سکندری انواری نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا –

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *