اداس موسم

Spread the love

اداس موسم

مصنف: انور آفاقی


انور آفاقی اردو شعر و ادب کے اس قبیل کی نمائندگی کرتے ہیں جہاں پرورشِ لوح و قلم عبادت سے کم نہیں، سو انہوں نے شاعری کو اس طور پر اپنایا کہ دل کی صدا کا اظہاریہ بنا ڈالا ۔ انہوں نے گذشتہ صدی کی آٹھویں دہائی میں شاعری کی شروعات کی ۔

پہلا شعری مجموعہ” لمسوں کی خوشبو “2011 میں شائع ہوا ۔ اس کا دوسرا ایڈیشن بھی منظر عام پر آیا۔
اس کے علاوہ “دیرینہ خواب کی تعبیر ” (سفرنامہ کشمیر) “پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی سے گفتگو ” (انٹرویو) “نئی راہ نئی روشنی”( افسانوی مجموعہ)دوبدو”(ادبی مکالمہ ) ،”میزانِ فکر و فن” ( مضامین) تصنیفات و تالیفات کے ذریعے انہوں نے اپنی ادبی کاوشوں کو پیش کیا ہے۔

ان کے اولین شعری مجموعہ “لمسوں کی خوشبو “کا ترجمہ جناب سید محمود احمد کریمی نے Fragrance of Palpability نام سے کیا ۔ انگریزی میں ” Anwar Afaqi: A Versatile genius”کے نام سے سید محمود احمد کریمی کی کتاب سے انگریزی داں حضرات کو انور آفاقی کے بارے میں معلومات ہوتی ہیں ۔” انور آفاقی: آئینہ در آئینہ” کے نام سے ڈاکٹر عفاف امام نوری کی ایک کتاب منظر عام پر آئی ہے جس سے ان کی شخصیت اور ادبی فتوحات کا کم و بیش مکمل احاطہ ہوتا ہے ۔

مذکورہ گفتگو سے انور آفاقی بحیثیت ادیب ان کے مراتب کا اندازہ کیاجا سکتا ہے۔”اداس موسم” ان کا دوسرا شعری مجموعہ ہے ۔اس میں 60 سے زیادہ غزلیں، بارہ نظمیں ، قطعات اور منتخب اشعار شامل ہیں۔ مشمولات کو دیکھ کر یہ کہا جا سکتا ہے کہ شاعر کو غزلیہ شاعری سے زیادہ دل چسپی ہے ۔

شاعر کی اس بانگی سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ شاعری ان کی طبیعت کا حصہ ہے۔
وہ اپنی بات میں لکھتے ہیں کہ ” زندگی کے دوسرے حادثات و واقعات کا تجربہ کیا کچھ کر سکا ہوں اس کا مجھے پتہ نہیں مگر مجھے لگتا ہے کہ میرا یہ مجموعہ کلام “اداس موسم “پہلے مجموعہ کلام” لمسوں کی خوشبو” سے قارئین کو مختلف ضرور نظر ائے گا ۔ میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ اگر کسی شاعر کا کوئی بھی شعر کسی بھی قاری کے ذہن میں محفوظ ہو جاتا ہے تو اسے شاعری سے بنواس نہیں لینا چاہیے۔ لہذا اس نئے شعری مجموعہ کے ساتھ حاضر ہوں ۔

ایک بات گوش گزار کرتا چلوں کہ اس مجموعہ کلام پر میں نے دانستہ طور پر کسی بھی شخص استاد یا شاعر سے کوئی اصلاح نہیں لی ہے ۔ کسی استاد سے اصلاح کے نام پر غزلیں لکھوا لینا اور پھر مجموعہ کلام چھپوا لینا نہ تو میری فطرت ہے اور نہ ہی میری طبیعت اسے گوارا کرتی ہے”۔


ان کی شاعری کے مرکز میں محبت کا حسن موجود ہے۔ رنگِ تغزل کمال کا ہے۔ واردات قلبی کا اظہار سکون دیتا ہے ۔ دل سے نکلی محبت کی صدا محسوس کیجیے ۔ یہ اشعار میری پسند کے ہیں

سلگتی رات کی تنہائی مار ڈالے گی

چلے بھی آؤ کہ جینے کی آرزو ہے ابھی

یہ کس مقام پر دل نے مجھے ہے پہنچایا

جدھر بھی دیکھوں فقط تو ہی روبرو ہے ابھی

بس آسمان سے تکتا ہے رات بھر مجھ کو

وہ چاند چھت پہ بھی اترے یہ آرزو ہے ابھی

وہ میری نظم و کہانی میں سانس لیتا ہے

بچھڑ گیا ہے مگر دل سے وہ گیا بھی نہیں

آنکھیں بھی قتل عام کرتی ہیں

نام بد نام ہے قیامت کا۔

انور آفاقی الفاظ کے انتخاب میں کافی چوکس رہتے ہیں ۔ شاعری یوں بھی فنون لطیفہ میں اپنی نزاکت اور حسن خیال سے پہچانی جاتی ہے۔

ان اشعار کو گنگنانے کو جی چاہتا ہے۔ کئی دفعہ چھوٹی بحروں کے اشعار خوب متاثر کرتے ہیں۔

تتلیوں کے حسین جھرمٹ میں

پھول کو اشکبار ہونا تھا

رکھ لیا تم نے ہے بھرم ورنہ

زندگی بھر شرمسار ہونا تھا

وہ کلی بعد ایک مدت کے

دیکھ کر مجھ کو کھل گئی ہوگی۔

ان کی شاعری کے مطالعہ میں ایک خوشگوار جذبے کا احساس ہوا۔ وہ ہے اپنے گاؤں کی مٹی سے محبت، وہاں کی فضا، ہریالی وغیرہ جو ان کے ذہن و دل میں رچا بسا ہے ۔ اردو شاعری میں یہ جذبے قابل قدر ہیں ۔


اس قبیل کے چند اشعار ملاحظہ کیجئے :

ہمارے گاؤں میں پیپل کی چھاؤں کافی ہے

تمہارے شہر میں ہوٹل ستارہ ہے تو ہے

تمہارے شہر میں جینا ہے مشکل

دھواں ہے شور ہے تنہائیاں ہیں

ہمارے گاؤں میں آکر تو دیکھو

ہوا ہے کھیت ہے ہریالیاں ہیں

دوران مطالعہ کئی اشعار نے دامنِ دل تھام لیا اور دیر تک محظوظ ہونے کو مجبور کیا ۔

یہ اشعار شاید آپ کو بھی پسند آئیں :

میں نے پلکیں جھکا لیا قصدا

زندگی اس کو مل گئی ہو گی

اس کے ہاتھوں میں دیکھا ہے پتھر

پھول میں جس کو پیش کرتا ہوں

عشق تو نام ہے عبادت کا

عشق میں فلسفہ نہیں ہوتا

زباں سے سخت تھا دل سے وہ پھول جیسا

تھا چلا گیا ہے تو ہر شخص یاد کرتا ہے۔

اس مجموعے میں ایک توشیحی نظم” مناظر عاشق ہرگانوی” اور” سید محمود احمد کریمی کی نذر” کے بعد “کرونا”، ” بہت گہرا اندھیرا چھا گیا ہے” ،” جلتی ہوائیں” ، ” خدشہ ” ، “غلیل کی زد پہ ” ، ” انتظار”( ایک منظوم افسانہ) “ذکر تیرا بعد تیرے” مع انگریزی ترجمہ، “بد نصیب لوگ” ، ” کربِ تنہائی” ، اور” الوداع الودع اے جانِ پدر” نظمیں پرتاثیر ہیں۔ ” انتظار ” تو لاجواب تخلیق ہے۔ غزلوں کی پیشکش میں جدت دکھائی دیتی ہے کہ شاعر نے غزل کے کسی ایک مصرع کو شرخی بنایا ہے ۔ یہ نیا تو ہے پر اچھا ہے۔

مجموعہ میں “اداس موسم” نام کو چھوڑ کر کچھ بھی اداس نہیں ہے بلکہ فرحت و تازگی ہر سو بکھری ہوئی ہے۔

مجموعے کے اندرونی فلیپ پہ کامران غنی صؔبا اور احمد اشفاق کی مختصر تحریر میں شاعر کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے جب کہ بیک کور پر جناب حقانی القاسمی کی نپی تلی رائے شاعر کے اعتراف و اقرار کی راہ ہموار کرتی ہے۔ یقین ہے کہ شائقین ادب اس مجموعے کو پسند کریں گے۔


ڈاکٹر مجیر احمد آزاد

محلہ۔ فیض اللہ خاں ، حامد کالونی،دربھنگہ۔ 846004

Mob. 9430 8987 66

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *