مدرسۃ المدینہ اعظم گڑھ میں حضرت مفتی نسیم احمد مصباحی صاحب (مفتی اشرفیہ مبارک پور) کی آمد اور خصوصی خطاب

Spread the love

مدرسۃ المدینہ اعظم گڑھ میں حضرت مفتی نسیم احمد مصباحی صاحب (مفتی اشرفیہ مبارک پور) کی آمد اور خصوصی خطاب

اعظم گڑھ(پریس ریلیز،محمدشمیم احمدنوری مصباحی)

الحمد للہ! مدرسۃ المدینہ اعظم گڑھ کو یہ سعادت نصیب ہوئی کہ جامعہ اشرفیہ مبارک پور کے سینئر استاذ معروف ع عالم دین وفقیہ حضرت علامہ مفتی نسیم احمد مصباحی صاحب نے مدرسہ کا دورہ فرمایا۔ مفتی صاحب کی آمد پر مدرسے کے اساتذہ، طلبہ، اور انتظامیہ نے خوش دلی سے استقبال کیا۔

حضرت مفتی صاحب نے مدرسے کی تعلیمی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا اور قرآن و سنت کی روشنی میں علم دین کی اشاعت کے لیے مدرسة المدینہ فیضان صدیق اکبر اعظم گڑھ کے خدمات وکارکردگی پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔ آپ نے مدرسے کے طلبہ کی محنت، اساتذہ کی لگن، اور انتظامیہ کی کاوشوں کو خوب سراہا۔

بعد ازاں، مفتی صاحب نے طلبہ اور حاضرین سے ایک ایمان افروز خطاب کیا جس میں قرآن کی عظمت اور اس سے وابستگی کی اہمیت پر زور دیا۔

آپ نے تلاوت قرآن، تعلیم و تعلم قرآن، اور حفظ قرآن کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرمایا:”قرآن پاک اللہ تعالیٰ کا وہ عظیم کلام ہے جو قیامت تک انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ اس کی تلاوت دلوں کو سکون، روح کو پاکیزگی، اور زندگی کو روشنی عطا کرتی ہے۔

جو شخص قرآن کو یاد کرتا ہے، اس کے والدین کو قیامت کے دن عزت کا تاج پہنایا جائے گا۔”آپ نے قرآن پڑھنے اور پڑھانے والوں کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو اللہ کے پسندیدہ بندے ہیں۔

نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:”تم میں سے سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے۔”مفتی صاحب نے قرآن کو یاد کر کے بھول جانے والوں کے لیے نبی کریم ﷺ کی وعید کا بھی ذکر کیا اور فرمایا کہ ایسے لوگ اللہ کی بارگاہ میں سخت باز پرس کے مستحق ہوں گے۔

آپ نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ قرآن پاک کو یاد کریں، اس کے معانی کو بھی سمجھنے کی کوشش کریں، اور اپنی زندگی کو اس کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔مفتی صاحب نے تمام طلبہ اور اساتذہ کو یہ تاکید فرمائی کہ وہ قرآن کے ساتھ ایک مضبوط تعلق قائم کریں اور اس کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔

مدرسۃ المدینہ اعظم گڑھ کے ناظم حضرت مولانا اقبال حسین صاحب مصباحی،ڈویژن نگراں جناب ابوطلحہ عطاری وڈسٹرکٹ نگراں کوثر عطاری صاحبان وجملہ اساتذہ مدرسۃ المدینہ اعظم گڑھ نے حضرت مفتی صاحب کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اس بابرکت خطاب کو اپنے لیے ہدایت و رہنمائی کا ذریعہ قرار دیا۔

مفتی صاحب کی یہ آمد مدرسے کے لیے نہایت باعث برکت اور طلبہ کے لیے عظیم حوصلہ افزائی کا سبب بنی۔آخر مین قبلہ مفتی صاحب نے امیر دعوت اسلامی وجملہ مبلغین اور مدارس المدینہ کے ذمہ داران، اساتذہ و ارکان نیز جملہ مسلمانانِ عالَم کی صلاح وفلاح کے لیے دعاکی –

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *