خطبات جمعہ جلد اول مؤلفہ مولانا انیس الرحمن قاسمی

Spread the love

“خطبات جمعہ” (جلد اول) مؤلفہ مولانا انیس الرحمن قاسمی :ایک تاثر انوار الحسن وسطوی9430649112

مولانا انیس الرحمن قاسمی کا شمار ملک کے معروف عالم دین و فقیہ میں ہوتا ہے

موصوف نے تقریبا 40 برس کا عرصہ امارت شرعیہ بہار، اڑیسہ و جھارکھنڈ میں مختلف عہدوں پر فائز رہ کر گزارا ہے جس میں تقریبا 20 سال تک وہ اس ادارے کے ناظم اعلی رہے ہیں

ان کے دور نظامت میں امارت شرعیہ نے کئی ایسے کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں جو تاریخ کا ایک حصہ بن چکے ہیں – مولانا موصوف فی الوقت آل انڈیا ملی کونسل کے نائب صدر کے فرائض انجام دے رہے ہیں جس کے بانی ملت کے بطل جلیل، فقید المثال عالم دین اور فقیہ وقت حضرت مولانا مجاہد الااسلام قاسمی قاضی القضاۃ امارت شرعیہ بہار اڑیسہ و جھارکھنڈ تھے – بہترین انتظامی صلاحیت کے مالک مولانا انیس الرحمن قاسمی کی وابستگی تصنیف و تالیف سے بھی رہی ہے

اسلامیات کے تعلق سے مولانا موصوف کی ایک درجن کتابیں شائع ہو کر مقبول خاص و عام ہو چکی ہیں جبکہ ان کی نصف درجن کتابیں ابھی اشاعت کی منتظر ہیں

زیر تذکرہ کتاب خطبات جمعہ مولانا موصوف نے خصوصی طور پر ائمہ حضرات کی رہنمائی کے لیے تالیف دی ہے – یہ کتاب تین ابواب پر مشتمل ہے باب اول کا عنوان “خطبات نبوی” ہے

جس کے تحت خطبات نبوی، رسول اکرم کا آخری خطبہ حج، جمعہ کا خطبہ، عیدین کا خطبہ اور نکاح کا خطبہ شامل کتاب کیا گیا ہے – ان خطبات کی حیثیت تاریخی ہے

حضور اکرم کے ان خطبات کا علم ہر مسلمان کو ضرور ہونا چاہیے – نہ صرف ان کا علم ہونا چاہیے بلکہ حضور پاک نے اپنے ان خطبات کے ذریعہ امت مسلمہ کو جو پیغام دیا ہے اس پر ہمارا صد فیصد عمل بھی ہونا چاہیے

کتاب کا دوسرا باب “عقائد اسلام” کے عنوان سے ہے – عقائد کا تعلق ایمان و یقین سے ہے – اگر ہم مذہب اسلام کے ماننے والے ہیں تو چھے  باتوں پر ہمارا عقیدہ پختہ ہونا چاہیے  یعنی اللہ رب العزت کو ایک قادر مطلق ماننا، اس کے فرشتوں کو ماننا، وحی کے ذریعہ اتاری ہوئی کتابوں کو ماننا، اس کے مقرر کردہ رسولوں اور نبیوں کو ماننا، اس کی طے کردہ تقدیر کو خواہ وہ فائدے کی ہو یا نقصان کی اسے ماننا اور یہ ماننا کہ اس دنیوی زندگی کے بعد آخرت کی زندگی ہوگی جس میں اس دنیوی زندگی میں کیے گئے اعمال کا حساب ہوگا اور جزا و سزا کا فیصلہ ہوگا جس کے نتیجے میں جنت یا جہنم میں جانا ہوگا

چناں چہ انہی عقیدوں کے تعلق سے مولانا موصوف نے کتاب کا باب دوم “عقائد اسلام” کے عنوان سے مختص کیا ہے جس کے ذیلی عنوانات حسب ذیل ہیں :” اسلام، اسلامی عقیدہ، ایمان بااللہ، اللہ پر یقین، اللہ کی ربوبیت، اسماء و صفات الہی، تجلی الہی، ایمان باالرسول، ختم نبوت، فرشتے، آسمانی کتابیں، قضا و قدر، دنیا کی زندگی، روح، موت، موت کی حقیقت، قبر کے احوال، آخرت، نزول عیسی علیہ السلام و مہدی رضی اللہ عنہ، قیامت، قیامت کے سخت مناظر، قیامت میں لوگوں کی حالتیں، شفاعت، جنت، جنت کی نعمتیں، حوض کوثر، دوزخ، اللہ کی محبت اپنے بندوں سے، موجودہ دور میں الحاد و دہریت کا فتنہ اور کفر و شرک

ان تمام عنوانات کے تحت آیات قرآنی اور احادیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے گفتگو کی گئی ہے جسے بے چوں چراں تسلیم کرنا ہی عین ایمان ہے – اگر کہیں پر بھی ان عقائد سے انکار کیا گیا یا کوئی قیل و قال کی گئی تو ایمان سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے- کتاب کا باب  سوم “عبادات” کے عنوان سے ہے

عبادت کو مذہب اسلام میں بہت اہمیت حاصل ہے – عبادت کے بنیادی ارکان ہیں ایمان، نماز، زکوۃ، روزہ اور حج یہ پانچوں ارکان اسلامی معاشرے کی روح ہیں – “عبادات” کے عنوان سے جن اہم اعمال کو اس باب میں شامل کیا گیا ہے اس کے ذیلی عنوانات حسب ذیل ہیں :.

ارکان اسلام، فرائض و واجبات کی اہمیت، افضل اعمال، نیک کام کو اختیار کریں، اللہ کی بندگی، اسلام کا نظام حیات، عبادت میں خشوع و خضوع، اذان کی اہمیت، وضو کی اہمیت، نماز، نمازباجماعت، سنن و نوافل، قبلہ و کعبہ، نماز جمعہ، عید الفطر، عید الاضحی( قربانی)، روزہ، اعتکاف، زکوۃ، اللہ کے لیے خرچ کرنا، صدقات کی قسمیں، فقر و فاقہ کا رنج، ذکر الہی، دعا کی اہمیت، درود و سلام، خوف و رجا، توبہ کی اہمیت، معافی، صبر کی اہمیت، شکر کیسے کریں، قناعت و توکل، استقامت، کامیابی کی کنجی، نیکی اور بدی کیا ہے، مشتبہات سے پرہیز کریں، بدعات و خرافات سے بچیں اور شیطانی وساوس کو دور کریں

مذکورہ تمام عنوان کا تعلق قرآن و احادیث کی ہدایت اور فرمان کے مطابق ہے – ان امور کو سمجھانے کے لیے جگہ بہ جگہ اور حسب ضرورت آیات قرانی اور احادیث مبارکہ سے مدد لی گئی ہے – اس طرح کتاب کا یہ باب بڑی اہمیت کا حامل ہے

  مؤلف کتاب مولانا انیس الرحمن قاسمی نے جمعہ کی تقریر کے تعلق سے ائمہ حضرات کو چند مشورے دیے ہیں جو نہایت مفید اور قابل عمل ہیں – حضرت مولانا کے مشورے ملاحظہ ہوں :” جمعہ کی تقریر اور عربی خطبہ مختصر ہونے چاہیے- یہی وجہ ہے کہ اس کتاب میں اہم موضوعات پر مختصراً کتاب اللہ و سنت رسول اللہ سے اقتباسات دیے گئے ہیں – ائمہ کرام کو چاہیے کہ اس کو غور سے پڑھیں اور آیات و احادیث یاد کر کے عربی خطبہ سے پہلے تقریر کریں

حسب ضرورت دو تین موضوع و عنوان پر ایک جمعہ میں تقریر کر سکتے ہیں – ائمہ کرام کو چاہیے کہ وہ جمعہ کی تقریر کی تیاری دو تین دن پہلے سے کریں اور خوب غور کر کے مخاطب کی رعایت کر کے آسان جملوں کا استعمال کریں – عربی و فارسی آمیز زبان میں گفتگو نہ کریں – ہندوستان کے ہر صوبہ کی مقامی زبان میں تقریر کی جائے تاکہ لوگ سمجھ سکیں “(” خطبات جمعہ”مقدمہ:اشاعت اول – ص – 11)ائمہ حضرات کے ساتھ ساتھ مقتدیان حضرات کو بھی مولانا موصوف نے نماز جمعہ کی اہمیت و فضیلت بتائی ہے

اس ضمن میں ان کی تحریر سے یہ اقتباس ملاحظہ ہو :” جمعہ کا دن خصوصی اہمیت کا حامل ہے – رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ کا خصوصی اہتمام فرماتے اور امت کو بھی اس کے اہتمام کی تاکید فرماتے تھے – اس لیے مسلمانوں کو چاہیے کہ جمعہ کے دن نماز کے لیے اذان اول ہوتے ہی مسجد میں پہنچیں اور سنت کی ادائیگی کے بعد ذکر و دعا میں مشغول رہیں اور جب امام تقریر کرے یا عربی خطبہ دے تو اس کو بغور سنیں اور دل میں اتاریں

جمعہ کے خطبہ کی وجہ سے جمعہ کی خاص اہمیت ہے – “(” خطبات جمعہ ” مقدمہ اشاعت دوم صفحہ 12) مختصر یہ کہ حضرت مولانا انیس  الرحمن قاسمی کی یہ کتاب” خطبات جمعہ “دینی اور مذہبی معلومات کا ایک بہت عمدہ انتخاب ہے

چناں چہ اس کتاب کی مدد سے امام و خطیب حضرات جمعہ کی نماز کے موقع سے بہت اہم موضوعات پر تقریر کر سکتے ہیں اور جو ائمہ حضرات تقریر کی مہارت نہیں رکھتے ہیں وہ اس کتاب میں شامل کسی بھی مضمون کو مصلیان کو پڑھ کر سنا سکتے ہیں

چناں چہ یہ بہتر ہوگا کہ ہر مسجد میں یہ کتاب رکھی جائے تاکہ ائمہ کرام اس سے استفادہ کر سکیں اس کتاب سے عام لوگ بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں

ان شاءاللہ اس سے دینی معلومات میں اضافہ ہوگا – مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب کا یہ عمل قابل تعریف ہے کہ وہ یہ قیمتی کتاب دین و اسلام کی اشاعت کی خاطر ائمہ حضرات کو بلا قیمت دے رہے ہیں

مولانا موصوف کے اس دینی جذبہ کو سلام کیا جانا چاہیے اور ان کی اس تحریک میں انہیں اپنا بھرپور  عملی تعاون دینا چاہیے – اس کتاب کو اگر گھروں میں بھی پڑھنے کا اہتمام کیا جائے تو اس سے یقیناً ہماری دینی معلومات میں اضافہ ہوگا

ابوالکلام ریسرچ فاؤنڈیشن سے شائع یہ کتاب 528 صفحات پر مشتمل ہے جس کی قیمت صرف 350 روپے ہے، جسے  ابوالکلام ریسرچ فاؤنڈیشن، پٹنہ (9304796956), مکتبہ القاضی، پھلواری شریف، پٹنہ ( 9431477268) اور معہد الولی الاسلامی، ہر سنگھ پور، دربھنگا، بہار (7549782865)سے حاصل کیا جا سکتا ہے

  “خطبات جمعہ” جیسی اہم دینی معلومات کی کتاب کی تالیف پر میں حضرت مولانا انیس الرحمن  قاسمی مدظلہ العالی کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور ان کی تندرستی و درازی عمر کے لیے بھی دعا گو ہوں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *