شاخہائے دارالعلوم انوارمصطفیٰ کی سالانہ افتتاحی مجلسِ مشاورت بحسن وخوبی اختتام پزیر
شاخہائے دارالعلوم انوارمصطفیٰ کی سالانہ افتتاحی مجلسِ مشاورت بحسن وخوبی اختتام پزیر
حسبِ سابق امسال راجستھان کے علاقۂ تھار اور مغربی راجستھان کی عظیم ومنفرد دینی وعصری دعوتی وتربیتی اور مرکزی دینی درس گاہ “دارالعلوم انوارمصطفیٰ” سہلاؤشریف، باڑمیر کے زیر نگرانی چلنے والے سبھی مدارس ومکاتب کی سالانہ افتتاحی مجلسِ مشاورت 19 شوال المکرم 1445 ھ /29 اپریل 2024 عیسوی بروز:دوشنبہ دارالعلوم کے وسیع وعریض گراؤنڈ میں منعقدہوئی۔
اس مجلس مشاورت میں تقریباً دارالعلوم کی سبھی تعلیمی شاخوں کے مدرسینِ کرام اور ان کے ذمہ داران [صدر وسکریٹری] نیز اکثر فارغینِ انوارمصطفیٰ وقرب وجوار کے کچھ دیگر معزز علماے کرام وساداتِ ذوی الاحترام نے شرکت کر کے اپنے مفید مشوروں اور تجاویز سے نوازا۔
الحمدللّٰہ اس مجلسِ مشاورت میں دارالعلوم وشاخہائے دارالعلوم کی تعمیروترقی اور دین وسنّیت کی بہتر سے بہتر خدمات کی انجام دہی کے حوالے سے بہت سارے امور پر تبادلۂ خیالات کیے گیے۔
میٹنگ کی شروعات تلاوت کلام ربانی سے ہوئی،بعدہ دارالعلوم کے ایک ہونہار وخوش گلو طالب علم نے نعت خوانی کی،پھر صدرِ میٹنگ نورالعلماء حضرت علّامہ الحاج سیّدنوراللّٰہ شاہ بخاری مدّظلہ العالی نے میٹنگ کے اغراض ومقاصد پر مختصر روشنی ڈالی، بعدہ صدرمیٹنگ نے میٹنگ میں شریک شاخہائے ادارہ کے مدرسین اور ان کے ذمہ داران کو اپنی باتیں رکھنے اور مفید تجاویز پیش کرنے کی دعوت دی۔
بعدہ حضرت مولانا قاری محمدجاوید صاحب سکندری انواری اور دارالعلوم کے نائب صدر حضرت مولاناجمال الدین صاحب قادری انواری نے یکے بعد دیگرے بہترین انداز میں نعت ومنقبت کے کچھ اشعار پیش کیے،آخر میں نورالعلماء شیخ طریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللّٰہ شاہ بخاری مدّظلہ العالی نے اپنے ناصحانہ خطاب سے نوازا –
آپ نے اپنے خطاب کے دوران سبھی شرکائے میٹنگ کاشکریہ اداکرنے کے ساتھ دارالعلوم کے سبھی فارغین کی خوب خوب حوصلہ افزائی کی اور ساتھ ہی ساتھ سبھی علمائے کرام کو اپنی جگہوں پر خلوص وللّٰہیت کے ساتھ دین وسنّیت کی خدمات انجام دینے کی تلقین کی،اور تعلیم وتدریس کے فرائض کو بہتر سے بہتر انجام دینے کے بابت کچھ مفید آراوہدایات بھی دی-اور ساتھ ہی ساتھ شاخہائے ادارہ کے ذمہ داران کو اپنے متعلقہ مدارس ومکاتب اور مساجد کے مدرسین وائمہ کی عزت وتوقیر اور ان کا ہرطرح سے خیال رکھنے پر زوردیا-
–
واضح ہو کہ اس مجلس مشاورت میں شاخہائے دارالعلوم انوارمصطفیٰ کی گذشتہ کارگزاریاں بھی پیش کی گئیں اور جن تعلیمی شاخوں کے مدرسین کی کارکردگی بہتر وعمدہ رہی ان کی تعریف وتحسین کے ساتھ دیگر مدرسین کرام کو شاخہائے ادارہ کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے نصیحت کرنے کے ساتھ کچھ عمدہ ومفید ہدایات جاری کی گئیں اور ساتھ ہی ساتھ اس مجلس میں شاخوں کے مدرسین کی جائز شکایات ومطالبات کو سننے کے بعد ان کا ازالہ بھی کیا گیا
اور جن تعلیمی شاخوں کے مدرسین نے اپنی سابقہ جگہوں سے مستعفی ہوکر نئی جگہوں کے خواہاں ہوئے تو ان کا مناسب جگہوں پر تبادلہ بھی کیا گیا ،اور از سرنو کچھ مدرسین وائمہ کی تقرری بھی اسی مجلس مشاورت میں عمل میں آئی،اور جن نئی آبادیوں،قصبوں یا گاؤں کے ذمہ داران نے نئی تعلیمی شاخ کی ارکان ادارہ کو درخواست پیش کی تو باہمی مشاورت اور درخواست دہندہ آبادی کا جائزہ لینے کے بعد نئی تعلیمی شاخ بھی قائم کرنے اور اس کی مکمل دیکھ ریکھ کی ذمہ داری ارکان ادارہ نے اپنے سرلی۔
فی الحال دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤشریف کے ماتحت 85 مدارس ومکاتب چل رہے ہیں- دارالعلوم انوارمصطفیٰ کے ماتحت اس قدر کثیر تعداد میں مدارس ومکاتب کا بحسن وخوبی نونہالان اسلام کی تعلیم وتربیت کرنا یقیناً یہ بہت بڑی خدمت ہے
اتنے بڑے پیمانہ پر تعلیم وتعلم کے فروغ اور دین وسنیت کی خدمات جہاں امت مسلمہ کے اہل خیر حضرات کے تعاون کا نتیجہ ہے وہیں ادارہ کے موجودہ مہتمم وشیخ الحدیث نورالعلماء شیخ طریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللّٰہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کی حکمت عملی ،جد وجہد اور کوشش وکاوش کاثمرہ ہے
اللّٰہ تعالیٰ قبلہ سید صاحب کے علم وعمل اور عمر واقبال میں خوب خوب برکتیں عطافرمائے اور آپ کی دینی وملّی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے-آمین!
صلوٰة وسلام اور قبلہ سید صاحب کی دعا پر یہ مجلس اختتام پزیر ہوئی !
رپورٹ:محمدشمیم احمدنوری مصباحی !
خادم:دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤشریف،باڑمیر(راجستھان)