اردو ایکشن کمیٹی بہار کی اردو بیداری ہفتہ کا قومی اساتذہ تنظیم بہار نے حمایت کا کیا اعلان
اردو ایکشن کمیٹی بہار کی اردو بیداری ہفتہ کا قومی اساتذہ تنظیم بہار نے حمایت کا کیا اعلان
اردو کے تحفظ، اس کی ترویج و اشاعت کو پوری اردو آبادی اپنا مشن بنالیں، اردو اخبار لیں اور نیم پلیٹ اردو میں ضرور لکھوائیں : محمد رفیعپٹنہ، 21/ نومبر، 22 نومبر 2023 سے 28 نومبر تک اردو بیداری ہفتہ کا اعلان اردو ایکشن کمیٹی بہار کا مستحسن قدم ہے اس کی ہر سطح پر پزیرائی اور حمایت ہونی چاہئے۔ یہ باتیں قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر و آزاد صحافی محمد رفیع نے کہی ہے۔
انہوں نے اردو ایکشن کمیٹی بہار کے عہدیداروں جناب اشرف فرید، ڈاکٹر ریحان غنی، ڈاکٹر غیاث الدین راعی، ڈاکٹر اشرف النبی قیصر، ڈاکٹر انوار الھدیٰ، اسحاق اثر اور فرحت صدیقی کے فیصلہ اور حوصلہ کو سلام کرتے ہوئے قومی اساتذہ تنظیم بہار کی جانب سے اردو بیداری ہفتہ مہم کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قومی اساتذہ تنظیم کی مجلس عاملہ کی ایک اہم نشست میں اس تحریک کی حمایت کا اعلان کیا گیا جس میں تنظیم کے صوبائی صدر جناب تاج العارفین، سکریٹری محمد تاج الدین، مجلس عاملہ کے رکن جناب نسیم اختر، محمد امان اللہ، رضی احمد، وقار عالم، تنظیم کے خازن محمد حماد اور تنظیم کے فعال کارکن صبغت اللہ رحمانی وغیرہ موجود تھے۔
جناب رفیع نے بہار کے تمام اردو اساتذہ، محبان اردو اور پوری اردو آبادی سے اپیل کی ہے کہ وہ جناب اشرف فرید کی رہنمائی میں جو اردو بیداری ہفتہ منایا جا رہا ہے اس کی ہر سطح پر حمایت کریں اور یہ کوشش کریں کہ اس ہفتہ میں ہر گھر میں کم از کم اردو کا ایک اخبار لازمی طور پر لیں اور سبھی گھروں، آفس اور دکانوں میں نیم پلیٹ اردو میں ضرور سے ضرور لکھوائیں تبھی اردو ایکشن کمیٹی بہار کے مقصد کو حاصل کیا جا سکے گا۔
جناب رفیع نے اردو ایکشن کمیٹی بہار کے عزم کو قومی اساتذہ تنظیم بہار کے عزم کی شکل میں قبول کیا ہے اور ہر سطح پر اردو کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جناب رفیع نے یہ بھی کہا کہ یاد رکھیں اردو ہماری مادری زبان ہے اور بہار کے دوسری سرکاری زبان ہے۔
اس لیے اردو کے ساتھ یہ بڑی ذمہ داری ہے کہ ہم اردو، ہندی جسے دو بہن کہا گیا ہے کا پورا خیال رکھیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پورے ہفتہ ہماری کوئی نہ کوئی مہم اردو کے نام سے چلے گی اور اردو کو ہم عوامی تحریک دینے میں اپنا پورا تعاون پیش کریں گے۔
Pingback: اردو اخبار تقسیم کر قومی اساتذہ تنظیم نے اردو بیداری ہفتہ کی شروعات کی ⋆